[pullquote]یورپی یونین کے مذاکراتی رابطہ کار مورا کی ایرانی نائب وزیر خارجہ سے ملاقات[/pullquote]
ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے یورپی یونین کے رابطہ کار اینریک مورا نے آج جمعرات کے روز تہران میں ملکی نائب وزیر خارجہ علی باقری سے ملاقات کی۔ یہ بات ایرانی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں بتائی گئی، جس میں ملاقات میں ہونے والی گفتگو کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔ یہ ملاقات امریکی وزیر خارجہ بلنکن کے ایران کے حوالے سے دیے گئے ایک تنبیہی بیان کے صرف ایک روز بعد ہوئی۔ اینٹونی بلنکن نے کہا تھا کہ اگر ایران جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے مذاکرات کی میز پر واپس نہیں آتا، تو مغربی دنیا کے پاس دیگر راستے بھی ہیں۔
[pullquote]لبنانی مظاہرین پر فائرنگ میں کم از کم چار ہلاکتیں، شیعہ سیاسی جماعتوں کی طرف سے تنبیہ[/pullquote]
لبنان کی حزب اللہ اور امل نامی شیعہ سیاسی جماعتوں نے کہا ہے کہ دارالحکومت بیروت میں مسلح گروپوں نے کئی مظاہرین پر فائرنگ کی۔ آج جمعرات کے روز ہونے والے مظاہروں کے دوران یہ فائرنگ بظاہر مختلف عمارات کی چھتوں سے کی گئی۔ حزب اللہ اور امل تحریک نے کہا ہے کہ مظاہرین کو براہ راست نشانہ بنا کر کی گئی اس فائرنگ کا مقصد ملک میں بدامنی کو ہوا دینا ہے۔ ان سیاسی جماعتوں نے ایک بیان میں ملکی فوج سے مطالبہ کیا کہ وہ مداخلت کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کرے۔ لبنانی فوج کے ذرائع کے مطابق اس فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔
[pullquote]جاپانی وزیر اعظم نے پارلیمان تحلیل کر دی، نئے انتخابات اکتیس اکتوبر کو[/pullquote]
جاپان کے نئے وزیر اعظم فُومیو کیشیدا نے آج جمعرات کے روز ملکی پارلیمان کا ایوان زیریں تحلیل کر دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے اکتیس اکتوبر کو نئے عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان بھی کر دیا۔ کیشیدا کو جاپانی پارلیمان نے صرف دس روز پہلے ہی نیا وزیر اعظم منتخب کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نئے الیکشن کرانے کا مقصد یہ ہے کہ پارلیمان انہیں ان کی سیاسی پالیسیوں کے لیے نیا مینڈیٹ دے۔ یہ الیکشن جاپان میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران ہونے والے پہلے عام انتخابات ہوں گے۔
[pullquote]تائیوان میں کئی منزلہ عمارت میں آتش زدگی، کم از کم چھیالیس ہلاکتیں[/pullquote]
تائیوان میں ایک تیرہ منزلہ عمارت میں آتش زدگی کے نتیجے میں کم از کم چھیالیس افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ آگ جنوبی تائیوان کے شہر کاؤسِیُنگ کی ایک عمارت میں لگی، جس پر کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد قابو پایا جا سکا۔ مقامی حکام کے مطابق جل کر ہلاک ہو جانے والے چالیس سے زائد افراد کی لاشیں ہسپتال پہنچا دی گئی ہیں۔ درجنوں زخمیوں میں سے بھی پانچ ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ اس واقعے میں زخمی ہونے والے پچاس سے زائد افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
[pullquote]فرانسیسی حکومت تحفظ ماحول سے متعلق اپنی ذمہ داریاں اور وعدے پورا کرے، عدالتی حکم[/pullquote]
فرانس کی ایک عدالت نے پیرس حکومت سے کہا ہے کہ وہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات میں کمی اور تحفظ ماحول سے متعلق اپنی ذمہ داریاں اور وعدے پورا کرے۔ بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیم آکسفیم کی فرانسیسی شاخ کے مالیاتی امور کے سربراہ سِیسل ڈُفلو نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ عدالت نے حکم دیا ہے کہ فرانسیسی ریاست تحفظ ماحول کے لیے ضروری اقدامات میں اب تک ہونے والی تاخیر کا ازالہ کرے۔ پیرس حکومت کے خلاف یہ مقدمہ جن چار تنظیموں نے دائر کیا تھا، ان میں آکسفیم کے علاوہ تحفظ ماحول کے لیے سرگرم بین لاقوامی تنظیم گرین پیس بھی شامل تھی۔
[pullquote]اقوام متحدہ کی انواع کے تحفظ کی کانفرنس، اعلامیے پر دستخط کر دیے گئے[/pullquote]
چین کے شہر کُن مِنگ میں ہونے والی اقوام متحدہ کی حیاتیاتی انواع کے تحفظ کی عالمی کانفرنس اپنے اختتام کو پہنچ گئی ہے۔ اس میں تقریباﹰ دو سو ممالک نے حصہ لیا۔ کانفرنس کے اختتام پر اس میں شریک ممالک نے زیادہ حیاتیاتی تنوع سے متعلق ’کُن مِنگ ڈیکلیریشن‘ پر دستخط کر دیے۔ اس دستاویز میں تمام حکومتوں کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ اپنے جملہ فیصلوں میں انواع کے تنوع اور اس کی حفاظت کو پیش نظر رکھیں۔ اس کانفرنس میں عالمی سطح پر انواع کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات پر اتفاق رائے نہ ہو سکا۔ یہ اتفاق رائے اگلے سال کے اوائل میں اسی چینی شہر میں ہونے والے ایسی اگلی عالمی کانفرنس میں ممکن ہے۔ ایک ابتدائی تجویز کے مطابق اگلے دس برسوں میں عالمی سطح پر تحفط انواع کے لیے ایک سو تہتر بلین یورو خرچ کیے جائیں گے۔
[pullquote]ناروے میں تیر کمان سے مسلح شخص کے حملے میں پانچ افراد ہلاک، دو زخمی[/pullquote]
شمالی یورپی ملک ناروے کے شہر کونگزبرگ میں تیر کمان سے مسلح ایک شخص کی طرف سے کیے جانے والے حملے میں پانچ افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق تقریباﹰ اٹھائیس ہزار کی آبادی والے اس شہر میں ملزم نے یہ حملہ بدھ کی شام کیا۔ اس جرم کے ارتکاب کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی۔ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے مگر اس سے پوچھ گچھ شروع نہیں کی جا سکی۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم ابھی تک کوئی بیان دینے کی حالت میں نہیں۔ اس حملے کے دہشت گردانہ پس منظر کو خارج از امکان قرار نہیں دیا گیا۔
[pullquote]شامی علاقے حمص میں اسرائیلی جنگی طیاروں کے نئے حملے[/pullquote]
شامی علاقے حمص میں اسرائیلی جنگی طیاروں کے نئے حملوں میں ملکی فوج کا ایک اہلکار ہلاک اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ بات دمشق میں شامی وزارت دفاع کی طرف سے بتائی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اس اسرائیلی فضائی بمباری میں پالمیرا شہر کے نواح میں ٹیلی مواصلات کے لیے استعمال ہونے والے ایک ٹاور تباہ ہو گیا۔ اسرائیل ماضی میں بھی شام پر کئی مرتبہ فضائی حملے کر چکا ہے۔ اسرائیل نہیں چاہتا کہ شام میں ایران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے نتیجے میں تہران مشرق وسطیٰ کی خانہ جنگی کی شکار اس ریاست میں اپنے کوئی مستقل فوجی اڈے قائم کرے۔
[pullquote]کورونا ویکسین کی مزید چوبیس لاکھ خوراکوں کی امریکا سے پاکستان کو ترسیل[/pullquote]
امریکی حکومت کورونا ویکسین کی دو اعشاریہ چار ملین خوراکیں آج جمعرات کو پاکستان بھجوا دے گی۔ اس طرح امریکا کی طرف سے اس جنوبی ایشیائی ملک کو مہیا کردہ کورونا ویکسین کی خوراکوں کی مجموعی تعداد تقریباﹰ اٹھارہ اعشاریہ تین ملین ہو جائے گی۔ وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ امریکا کی طرف سے کسی بھی ملک کو مہیا کردہ کورونا ویکسین کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ وائٹ ہاؤس کے اس اہلکار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جرمن کمپنی بائیو این ٹیک اور امریکی دوا ساز ادارے فائزر کی مشترکہ طور پر تیار کردہ یہ ویکسین پرسوں ہفتے کے روز پاکستان پہنچ جائے گی۔ پاکستان کو یہ ویکسین اقوام متحدہ کے کوویکس پروگرام کے تحت مہیا کی جا رہی ہے۔
[pullquote]دنیا بھر میں تقریباﹰ ایک ارب انسانوں کو بھوک کے مسئلے کا سامنا[/pullquote]
دنیا بھر میں اس وقت تقریباﹰ ایک ارب انسانوں کو بھوک کے مسئلے کا سامنا ہے۔ عالمی سطح پر بھوک کے خاتمے کے لیے کوشاں جرمن تنظیم ’وَیلٹ ہُنگر ہِلفے‘ کے رواں سال کے لیے جاری کردہ انڈکس کے مطابق بین الاقوامی سطح پر آٹھ سو ملین سے زائد انسانوں کو بھوک کا مسئلہ درپیش ہے، جن میں سے اکتالیس ملین کے لیے یہ عنقریب بحرانی صورت اختیار کر سکتا ہے۔ ورلڈ ہَنگر ہیلپ کے سیکرٹری جنرل ماتھیاس مَوگے نے بتایا کہ گزشتہ برسوں میں دنیا میں بھوک کے مسئلے میں کمی آئی تھی مگر اب اس میں دوبارہ شدت آتی جا رہی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری خاص طور پر سیاست دانوں سے مطالبہ کیا کہ مختلف بحرانوں کے باعث پیدا ہونے والی اشیائے خوراک کی قلت پر قابو پایا جائے۔ سب سے زیادہ بھوک افریقہ میں زیریں صحارا کے خطے کی اور جنوبی ایشیائی ریاستوں میں پائی جاتی ہے۔
[pullquote]عراق اور شام سے عسکریت پسند افغانستان جا رہے ہیں، روسی صدر پوٹن[/pullquote]
روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی ریاستوں عراق اور شام سے تجربہ کار عسکریت پسند اور جنگجو اب افغانستان پہنچنے لگے ہیں۔ صدر پوٹن نے سابق سوویت یونین کی ریاستوں کے سکیورٹی اداروں کے سربراہان کی ایک ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی صورت حال آسان نہیں ہے اور عراق اور شام سے عسکری کارروائیوں کا تجربہ رکھنے والے جنگجو اب افغانستان میں داخل ہو رہے ہیں۔ روسی صدر کے مطابق یہ ممکن ہے کہ دہشت گرد افغانستان کی ہمسایہ ریاستوں کو غیر مستحکم بنانے کی کوشش کریں۔
[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس کی وبا کی صورت حال مقابلتاﹰ مستحکم[/pullquote]
جرمنی میں کورونا وائرس کی وبا کی صورت حال مقابلتاﹰ مستحکم ہے۔ یہ بات جمعرات کی صبح برلن میں وبائی امراض کی روک تھام کے ملکی ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کی طرف سے گزشتہ سات روز کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتائی گئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس انفیکشنز کے تقریباﹰ بارہ ہزار چار سو نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ جرمنی میں اب تک یہ وائرس مجموعی طور پر تقریباﹰ چار اعشاریہ تین ملین افراد کو متاثر کر چکا ہے۔ اس کے علاوہ کووڈ انیس کے وبائی مرض کے باعث چورانوے ہزار چار سو ساٹھ سے زائد افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو