ہفتہ : 16 اکتوبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بنگلہ ديش ميں تازہ مذہبی تشدد میں مزید دو ہندوؤں کا قتل[/pullquote]

بنگلہ ديش ميں مذہبی تشدد بڑھتا جا رہا ہے۔ ہفتے کے روز پوليس نے مزید دو ہندوؤں کے قتل کی تصديق کر دی۔ بدھ سے جاری بد امنی ميں اب تک وہاں چھ ہندوؤں کو قتل کيا جا چکا ہے۔ ہفتے کے دن بيگم گنج کے علاقے ميں ايک مندر کے باہر ایک ندی سے ايک شخص کی لاش برآمد ہوئی جبکہ ہلاک ہونے والا دوسرا شخص اس مندر کا محافظ تھا۔ يہ پرتشدد واقعات گزشتہ بدھ کے روز درگا پوجا کے دوران ايک ایسی ويڈيو وائرل ہو جانے کے بعد شروع ہوئے، جس ميں بظاہر مسلمانوں کی مقدس کتاب کو ہندوؤں کے ايک دیوتا کی مورتی کے گھٹنے پر رکھا ديکھا جا سکتا تھا۔ اس واقعے کے بعد سے ملک کے بارہ اضلاع ميں ہندو مخالف فسادات دیکھنے میں آ چکے ہیں۔ پوليس تاحال نوے افراد کو گرفتار کر چکی ہے۔ بنگلہ ديش کی دس فيصد آبادی ہندوؤں پر مشتمل ہے۔

[pullquote]ايران میں پچيس سالہ ملزم کو سنائی گئی سزائے موت پر عمل درآمد ملتوی[/pullquote]

بين الاقوامی سطح پر مختلف ممالک میں کیے جانے والے مطالبات کے بعد ايران میں ايک پچيس سالہ ملزم کو سنائی گئی سزائے موت پر عمل درآمد ملتوی کر دیا گیا ہے۔ ارمان عبدالعلی کو آج ہفتے کی صبح سزائے موت دی جانا تھی ليکن اسے واپس جیل بھيج ديا گيا۔ گزشتہ ايک ہفتے کے دوران اس کی سزائے موت پر عمل درآمد دو مرتبہ ملتوی کیا جا چکا ہے۔ ارمان عبدالعلی کو اپنی گرل فرينڈ کو قتل کرنے کے شبے میں سن 2014 ميں گرفتار کيا گيا تھا،۔ اس وقت اس کی عمر سترہ برس تھی۔ اعتراف جرم کے بعد اسے موت کی سزا سنا دی گئی تھی۔ ايمنسٹی انٹرنيشنل نے تہران حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس ایرانی شہری کی سزا پر ممکنہ عمل درآمد منسوخ کیا جائے۔ ايران ميں پچھلے سال دو سو چھیالیس مجرموں کو سزائے موت دے دی گئی تھی۔ سزائے موت پر عمل درآمد کے لحاظ سے دنیا بھر میں چين کے بعد ايران دوسرے نمبر پر ہے۔

[pullquote]روس ميں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کا نيا ريکارڈ[/pullquote]

روس ميں گزشتہ چوبيس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے ايک ہزار سے زائد ہلاکتیں ريکارڈ کی گئيں۔ اس دوران ايک دن ميں نئی انفيکشنز کی تعداد بھی تینتیس ہزار دو سو سے زائد رہی۔ کووڈ انیس کے باعث ہلاک شدگان اور نئے مریضوں کی روزانہ تعداد دونوں حوالوں سے روس میں تازہ ترین اعداد و شمار نئے قومی ریکارڈ ہیں۔ روس ميں کورونا وائرس کے پیش نظر پابندياں نہ ہونے کے برابر ہيں اور ناقدين اسی بات کو اس وبا کے قابو سے باہر ہوتے جانے کی اصل وجہ قرار دے رہے ہيں۔ صحت سے متعلق اداروں کے مطابق روس میں کووڈ انیس کی وجہ سے یا اس وبائی مرض سے جڑے اسباب کے نتیجے میں اب تک چار لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]بالی کے جزیرے پر زلزلے کے جھٹکے، تين افراد ہلاک[/pullquote]

انڈونيشی جزيرے بالی پر آنے والے زلزلے کے نتيجے ميں اب تک کم از کم تين افراد کی ہلاکت کی تصديق ہو چکی ہے۔ زلزلے کا مرکز بنجار واناساری کے مقام پر زمین میں دس کلوميٹر کی گہرائی میں تھا جبکہ ريکٹر اسکيل پر اس زلزلے کی شدت 4.8 ریکارڈ کی گئی۔ دو افراد لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ہلاک ہوئے جبکہ تيسرے شخص کی ہلاکت کی وجہ تاحال غیر واضح ہے۔ انڈونيشيا جغرافيائی لحاظ سے بحرالکاہل کے علاقے میں ایک خطے ميں واقع ہے، جہاں اکثر زلزلے آتے رہتے ہيں۔

[pullquote]استنبول ميں ميرکل کی ايردوآن سے ملاقات، اہم امور زير بحث[/pullquote]

عنقريب اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والی جرمن چانسلر انگيلا ميرکل آج ہفتے کے روز استنبول ميں ترک صدر رجب طيب ايردوآن سے ملاقات کر رہی ہیں۔ ترک وزارت خارجہ کے ایک بيان کے مطابق دونوں رہنما اہم عالمی اور علاقائی امور کے علاوہ باہمی تعلقات اور ترکی کی يورپی يونين میں ممکنہ رکنيت کے معاملے پر بھی تبادلہ خيال کريں گے۔ اس کے علاوہ مہاجرين کے بحران، ترکی ميں انسانی حقوق کی صورت حال اور مغربی دفاعی اتحاد نيٹو کے بارے میں بھی بات چيت متوقع ہے۔ سن 2017 ميں جرمن شہريوں کی گرفتاری کے تناظر ميں برلن اور انقرہ کے تعلقات کافی بگڑ گئے تھے تاہم تب سے آہستہ آہستہ ان ميں بہتری آتی جا رہی ہے۔ جرمن چانسلر کے طور پر ميرکل کا يہ ترکی کا آخری دورہ ہے۔

[pullquote]قندھار ميں شيعوں کی مسجد پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی[/pullquote]

دہشت گرد تنظيم ’اسلامک اسٹيٹ‘ نے جنوبی افغان شہر قندھار ميں گزشتہ روز شيعوں کی ایک مسجد پر کیے گئے خود کش بم حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ یہ اعتراف اس تنظيم کی جانب سے ہفتے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹيلی گرام پر ایک پيغام میں کيا گيا۔ نماز جمعہ کے دوران کیے گئے اس حملے ميں اکتاليس افراد ہلاک اور درجنوں ديگر زخمی ہو گئے تھے۔ داعش نے ايک ہفتہ قبل قندوز ميں بھی شیعوں کی ايک مسجد کو نشانہ بنايا تھا، جس ميں ساٹھ سے زائد افرد مارے گئے تھے۔ افغانستان کی دس فيصد آبادی شيعہ مسلمانوں پر مشتمل ہے اور ان کی اکثريت کا تعلق ہزارہ برادری سے ہے۔

[pullquote]الجزائر میں مظاہرين کا قتل عام، فرانسیسی صدر ماکروں يادگاری تقریب ميں شرکت کريں گے[/pullquote]

ايمانوئل ماکروں ايسے پہلے فرانسيسی صدر بننے والے ہيں، جو ساٹھ برس قبل فرانسيسی نوآبادی الجزائر میں مقامی باشندوں کے فرانسيسی پوليس کے ہاتھوں قتل عام کی ياد ميں ہونے والی ایک تقريب ميں شرکت کريں گے۔ یہ يادگاری تقريب پيرس کے نواح ميں آج ہفتے کی شام منعقد ہو رہی ہے۔ اب تک يہ واضح نہيں کہ آيا صدر ماکروں اس تاريخی واقعے پر فرانس کی طرف سے باقاعدہ معافی مانگيں گے۔ سترہ اکتوبر سن 1961 کو الجزائر پر فرانسيسی حکمرانی کے خلاف نکالی گئی ايک ريلی کے شرکاء کے خلاف پيرس پوليس کی کارروائی ميں الجزائر کے درجنوں شہری ہلاک ہو گئے تھے۔ اس واقعے اور اس کے اسباب پر بعد ازاں پردہ ڈالنے کی کئی کوششيں کی گئيں۔ آج تک اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی حقيقی تعداد واضح نہيں۔

[pullquote]ڈرون حملہ، امريکا متاثرہ افغان خاندانوں کو زر تلافی ادا کرے گا[/pullquote]

امريکی محکمہ دفاع نے يقين دہانی کرائی ہے کہ اس سال اگست ميں غلطی سے کيے گئے ایک ڈرون حملے ميں ہلاک ہونے والے افغان شہريوں کے خاندانوں کو زر تلافی ادا کيا جائے گا۔ پينٹاگون کے ترجمان جان کربی نے بتايا کہ یہ محکمہ امریکی وزارت خارجہ کے ساتھ مل کر متاثرہ خاندانوں کی امريکا منتقلی کی کوششيں بھی کر رہا ہے۔ انتيس اگست کو کابل ميں ايک امريکی ڈرون حملے میں ايک گاڑی کو نشانہ بنايا گيا تھا، جس ميں دس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ان ميں سات بچے بھی شامل تھے۔

[pullquote]برطانيہ ميں رکن پارلیمان کا قتل، سکيورٹی پر سواليہ نشان[/pullquote]

برطانوی رکن پارلیمان سر ڈيوڈ ايمس کے قتل کے بعد ملک میں سلامتی کی صورت حال پر سوالات اٹھائے جا رہے ہيں۔ ايمس گزشتہ شام لندن کے ايک نواحی قصبے ميں ايک گرجا گھر ميں مقامی ووٹروں سے بات چيت کر رہے تھے کہ انہيں چاقو کے مسلسل وار کر کے قتل کر ديا گيا تھا۔ پوليس نے ايک پچيس سالہ مشتبہ شخص کو حراست ميں لے ليا ہے اور بتايا ہے کہ اس قتل کی دہشت گردانہ واقعے کے طور پر تفتیش جاری ہے۔ چند اطلاعات کے مطابق مشتبہ ملزم ایک صومالی نژاد برطانوی شہری ہے۔ برطانيہ ميں جون سن 2016 ميں بھی ايک خاتون رکن پارليمان کو قتل کر ديا گيا تھا۔

[pullquote]پيغمبر اسلام کے خاکے دکھانے والے ٹيچر کے قتل کو ايک سال ہو گيا[/pullquote]

فرانس ميں آج بروز ہفتہ اس اسکول ٹيچر کو باقاعدہ طور پر خراج عقيدت پيش کيا جائے گا، جسے اپنی کلاس ميں پيغمبر اسلام کے خاکے دکھانے پر ايک سال قبل قتل کر ديا گيا تھا۔ سيموئل پيٹی کی ياد ميں آج کئی تقاريب کا انعقاد کيا جا رہا ہے۔ پیٹی کے اہل خانہ پیرس کے صدارتی محل ميں صدر ايمانوئل ماکروں سے بھی ملاقات کريں گے۔ جمعے کو ملک بھر کے اسکولوں ميں پيٹی کی ياد ميں ايک منٹ کی خاموشی اختيار کی گئی تھی۔ سیموئل پیٹی کو ايک مشتعل چيچن نژاد تارک وطن نے گزشتہ برس قتل کر ديا تھا۔ اس قتل کے بعد فرانس بھر ميں آزادی اظہار رائے کے حق ميں ريليوں کا سلسلہ شروع ہو گيا تھا۔

[pullquote]چينی خلائی جہاز ’شين ژُو تيرہ‘ اپنے خلائی اسٹيشن تک پہنچ گيا[/pullquote]

چينی خلائی جہاز ’شين ژُو تيرہ‘ چینی خلائی اسٹيشن تک پہنچ گیا ہے۔ اسے ایک راکٹ کی مدد سے ہفتے کی صبح ہی روانہ کيا گيا تھا۔ اس میں تين خلاباز سوار ہيں، جو آئندہ چھ ماہ تک چينی خلائی اسٹيشن میں رہیں گے۔ چين خلا ميں اپنا ايک اسٹيشن مکمل کر رہا ہے اور يہ خلا باز اسی کی تياری کے مختلف مراحل مکمل کریں گے۔ چينی خلائی اسٹيشن کے ابھی دو مزيد موڈيولز جوڑے جانا باقی ہيں، جس کے بعد يہ اسٹیشن مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔ يہ کام آئندہ برس تک مکمل کيا جا سکے گا۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے