پیر : 18 اکتوبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان میں پہلی ملک گیر انسداد پولیو مہم کا اعلان[/pullquote]

افغانستان میں پہلی ملک گیر انسداد پولیو مہم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق کئی ملین افغان بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کا آغاز آئندہ مہینے سے گیا جائے گا۔ عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف نے طالبان حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے سراہا ہے۔ اس مہم کے دوران تقریبا ایسے دس ملین بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے، جن کی عمریں پانچ سال سے کم ہیں۔ طالبان نے انسداد پولیو ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]اسرائیل کے ساتھ تعاون کا الزام، حماس نے دو افراد کو سزائے موت سنا دی[/pullquote]

غزہ میں حماس کی ایک فوجی عدالت نے اسرائیل کے ساتھ تعاون کرنے کے الزام میں دو افراد کو سزائے موت سنا دی ہے۔ ملزموں کی عمریں تینتالیس اور تیس برس بتائی گئی ہیں۔ ان دونوں پر الزام تھا کہ انہوں نے انتہائی حساس اور درست معلومات اسرائیل کو فراہم کیں، جن کے نتیجے میں حماس کے جنگجو ہلاک ہوئے تھے۔ حماس کی جانب سے آخری مرتبہ سن دو ہزار سولہ میں ایک ملزم کو سزائے موت دی گئی تھی۔ دوسری جانب فلسطینی سینٹر فار ہیومن رائٹس نے اس فیصلے کی مذمت کی ہے۔

[pullquote]فیس بک کا نیا منصوبہ، یورپی یونین میں دس ہزار ملازمتوں کا اعلان[/pullquote]

سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک نے یورپی یونین میں آئندہ پانچ برسوں کے دوران دس ہزار ملازمتیں فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ ملازمتیں ایک نئے منصوبے ’’میٹاورس‘‘ کے لیے ہوں گی اور اس منصوبے کے لیے فیس بک کو اعلی تعلیم یافتہ افراد درکار ہوں گے۔ ’’میٹاورس‘‘ کے ساتھ یہ امریکی کمپنی ایک ورچوئل آن لائن دنیا بنانا چاہتی ہے، جس میں صارفین مل سکیں گے، پیسے خرچ کر سکیں گے، میڈیا استعمال کر سکیں اور ممکنہ طور پر ملازمت بھی حاصل کر سکیں گے۔ اس منصوبے کو حقیقی اور ڈیجیٹل دنیا کے درمیان فرق کو کم کرنے کی ایک کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]تائیوان میں امریکی بحری آپریشن امن کے لیے خطرہ، چین[/pullquote]

تائیوان کے تنازعے میں چین نے خطے میں امریکی جنگی جہازوں کی موجودگی پر شدید تنقید کی ہے۔ چینی فوج کے مطابق آبنائے تائیوان میں دو امریکی بحری جہازوں کا سفر خطے میں امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ چینی فوج نے کہا ہے کہ انہوں نے ان جہازوں پر مسلسل نظر رکھی ہوئی ہے۔ چین اور تائیوان سن 1940ء کی دہائی میں خانہ جنگی کے دوران منقسم ہو گئے تھے تاہم بیجنگ حکومت کا اصرار ہے کہ یہ جزیرہ اس کا اپنا حصہ ہے اور وہ اس ملک کا دوبارہ اتحاد چاہتی ہے۔ تائیوان کا اپنا آئین ہے اور وہاں جمہوری طور پر رہنماؤں کا انتخاب ہوتا ہے۔ تاہم صرف چند ممالک ہی تائیوان کو تسلیم کرتے ہیں۔

[pullquote]برطانیہ ایٹمی توانائی پر انحصار کرے گا، رپورٹ[/pullquote]

برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کی ایک رپورٹ کے مطابق برطانوی حکومت تحفظ ماحول کے اہداف پورا کرنے کے لیے ایٹمی توانائی استعمال کرے گی۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سن دو ہزار چوبیس کے انتخابات سے پہلے ایک نئے ایٹمی بجلی گھر کی تعمیر کے لیے رقوم جاری کر دی جائیں گی۔ ایک حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ توانائی کے نظام کو مستحکم بنانے اور ہزاروں ملازمتیں پیدا کرنے کے لیے آئندہ چند برسوں میں کم از کم ایک اور بڑے ایٹمی منصوبے کی منظوری کی کوشش کی جائے گی۔

[pullquote]میانمار میں پانچ ہزار سے زائد قیدیوں کی رہائی کا اعلان[/pullquote]

میانمار کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق پانچ ہزار چھ سو قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ وہ افراد ہیں، جنہیں برسراقتدار فوج کے خلاف مظاہروں میں شرکت کرنے کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ میانمار کی فوجی حکومت کے مطابق ان قیدیوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کیا جا رہا ہے۔ میانمار میں چند ماہ پہلے فوج نے اقتدار پر قبضہ کرتے ہوئے سیاسی رہنما آنگ سان سوچی کی حکومت ختم کر دی تھی۔ فوجی حکومت نے زیادہ تر مخالف سیاسی جماعتوں کو کالعدم قرار دے رکھا ہے جبکہ ان جماعتوں پر ملک میں بدامنی پھیلانے کا الزام بھی عائد کیا جاتا ہے۔

[pullquote]بھارت میں شدید بارشیں اور سیلاب، بیس سے زائد افراد ہلاک[/pullquote]

بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ میں شدید بارشوں، سیلابی ریلوں اور مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے کم از کم بائیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے فوج اور نیوی کے اہلکاروں کو امدادی کارروائیوں کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد شامل ہیں۔ کیرالہ کو سن دو ہزار اٹھارہ میں بھی بدترین سیلابی ریلوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تب تقریبا چار سو افراد ہلاک اور تقریبا دو لاکھ بے گھر ہو گئے تھے۔ ایک اعشاریہ تین ارب آبادی والے ملک بھارت میں سالانہ سینکڑوں افراد شدید بارشوں اور سیلابوں کی وجہ سے ہلاک ہو جاتے ہیں۔

[pullquote]بحیرہ روم میں 120 مہاجرین کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا[/pullquote]

جرمنی کی امدادی تنظیم سی واچ کے مطابق بحیرہ روم میں ایک سو بیس مہاجرین کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا ہے۔ جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس تنظیم کے جہاز سی واچ تھری نے پہلی امدادی کارروائی لیبیائی ساحل کے قریب کی، جہاں چھیاسٹھ افراد کو بچایا گیا اور ان میں متعدد بچے بھی شامل تھے۔ اس کے تین گھنٹے بعد ہی ایک دوسری کارروائی کی گئی، جہاں چون افراد کو بچایا گیا۔ یہ افراد ربڑ کی ایک کشتی پر سوار تھے۔ مہاجرین یورپ پہنچنے کے لیے سمندر کا خطرناک راستہ اختیار کرتے ہیں۔ اس سفر میں سالانہ سینکڑوں مہاجرین ڈوب کر ہلاک ہو جاتے ہیں۔

[pullquote]ہیٹی میں سولہ امریکی شہریوں کے بازیابی کی کوششیں جاری[/pullquote]

کریبین ملک ہیٹی میں سولہ امریکی مسیحی مشنریوں اور ایک کینیڈین شہری کی بازیابی کی کوششیں جاری ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مغویوں میں مسیحی مشنری اور ان کے بچے شامل ہیں۔ ہیٹی کے سکیورٹی حکام کے مطابق ’’400 ماؤزو‘‘ نامی گینگ نے سترہ افراد کے اس گروپ کو ہفتے کے روز پورٹ او پرنس کے قریب اغوا کیا۔ ہیٹی گزشتہ کئی برسوں سے سیاسی انتشار اور مجرمانہ تشدد سے دوچار ہے۔ باشندوں کی تعداد کے حوالے سے اس ملک میں اغوا کی کارروائیوں کی شرح دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔

[pullquote]کویت کی ایک آئل ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی[/pullquote]

خلیجی ملک کویت کی ایک بڑی آئل ریفائنری میں پیر کے روز آگ لگنے کی اطلاعات ہیں۔ مینا الحمدی کویت کی مرکزی آئل ریفائنری ہے اور سعودی سرحد کے قریب واقع ہے۔ حکام نے اس واقعے میں متعدد ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ ابھی تک آگ لگنے کی وجوہات کا پتا نہیں چلایا جا سکا جبکہ امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اس آئیل ریفائنری میں یومیہ تقریبا پچیس ہزار بیرل تیل پیدا کیا جاتا ہے، جو کہ مقامی مارکیٹ میں سپلائی ہوتا ہے۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے