[pullquote]افغانستان مذاکرات میں امریکی عدم شمولیت افسوسناک ہے، روس[/pullquote]
روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاؤروف نے افغانستان کے حوالے سے ماسکو مذاکرات میں امریکا کی عدم شمولیت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناء روسی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ روس افغانستان کے استحکام کے لیے طالبان کی کوششوں کا اعتراف کرتا ہے۔ ماسکو میں بدھ کے روز ہونے والی افغان کانفرنس میں طالبان کے ساتھ ساتھ چین اور پاکستان کے نمائندے بھی شریک ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق وہ تکنیکی وجوہات کی بنا پر مذاکرات کے اس دور میں شامل نہیں ہو سکتے۔ تاہم امریکی حکام نے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں ہونے والے ایسے اجلاسوں میں شرکت کرنے کے متمنی ہیں۔
[pullquote]ترکی میں جرمن اور دیگر نو ممالک کے سفیروں کی طلبی[/pullquote]
ترک حکومت نے احتجاج کرتے ہوئے جرمنی اور دیگر نو ممالک کے سفیروں کو طلب کیا ہے۔ ان سفارت خانوں نے پیر کے روز مشترکہ طور پر ثقافتی سپانسر عثمان کاوالا کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ ان دس ممالک کی طرف سے ’اس معاملے کا فوری اور منصفانہ حل‘ نکالنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ عثمان کاوالا سن دو ہزار سترہ سے ایک ترک جیل میں ہیں۔ ان پر جاسوسی کے علاوہ سن دو ہزار تیرہ کے حکومت مخالف مظاہروں کو ہوا دینے جیسے الزامات عائد ہیں۔ یورپی عدالت برائے انسانی حقوق نے کاوالا کو سن دو ہزار انیس میں رہا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
[pullquote]روس مشرقی یوکرائن کے امن کی راہ میں رکاوٹ ہے، امریکی وزیر دفاع[/pullquote]
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ روس مشرقی یوکرائن میں امن کی راہ میں حائل ہے۔ آسٹن دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں ان دنوں یوکرائن کے دورے پر ہیں۔ آسٹن نے کہا کہ ماسکو یوکرائن کی مغربی دفاعی اتحاد نیٹو میں شمولیت کی خواہش کو کسی بھی صورت میں ویٹو نہیں کر سکتا۔ گزشتہ دو ماہ سے بھی کم عرصے کے اندر آسٹن کا یوکرائن کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ وہ خطے میں دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔ امریکا رومانیہ اور جارجیا سمیت بحر اسود کے دیگر ملکوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو مستحکم کرنا چاہتا ہے تاکہ خطے میں روس کے اثرو رسوخ کا مقابلہ کیا جا سکے۔
[pullquote]مشرق وسطیٰ امور کے امریکی ماہر اب پاکستان میں سفیر ہوں گے[/pullquote]
امریکی صدر جو بائیڈن عنقریب ڈونلڈ ارمین بلوم کو پاکستان میں نیا امریکی سفیر نامزد کرنے والے ہیں۔ نئے سفیر کی تعیناتی کے حوالے سے اعلان وائٹ ہاؤس کی جانب سے منگل انیس اکتوبر کو کیا گیا۔ ڈونلڈ بلوم اس وقت شمالی افریقی ملک تیونس میں امریکی سفیر کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ وہ امریکی وزارتِ خارجہ کے سینیئر افسران میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کا ملکی وزارت خارجہ میں منصب منسٹر قونصلر کا ہے۔ نئے امریکی سفیر کی تعیناتی ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے، جب افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد واشنگٹن اور اسلام آباد حکومت میں تلخیاں موجود ہیں۔
[pullquote]یمن کی خانہ جنگی میں ہزاروں بچے ہلاک ہو چکے ہیں[/pullquote]
بچوں کی بہبود کے عالمی ادارے یونیسف کے مطابق یمنی خانہ جنگی کے سات برسوں میں کم از کم دس ہزار بچے ہلاک یا پھر زخمی ہو چکے ہیں۔ یونیسیف نے اس پیش رفت کو دنیا کے ’’اس بدترین انسانی بحران‘‘ میں ’’ایک اور شرمناک سنگ میل‘‘ قرار دیا ہے۔ لڑائی کی وجہ سے یمن میں روزانہ تقریبا چار بچے ہلاک یا زخمی ہو جاتے ہیں۔ یونسیف کے مطابق دس ہزار واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں لیکن ہلاک اور زخمی ہونے والے بچوں کی اصل تعداد اس سے بھی کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغی اور سعودی عسکری اتحاد کے ساتھ ساتھ مقامی ملیشیا گروپ ایک دوسرے کے خلاف برسرپیکار ہیں۔
[pullquote]دمشق میں بم دھماکے، کم از کم تیرہ افراد ہلاک[/pullquote][pullquote]
شام کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق دارالحکومت دمشق میں ہونے والے دو بم دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم تیرہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان بموں کا نشانہ ایک فوجی گاڑی تھی۔ سڑک کنارے نصب ان بموں کے پھٹنے سے تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ایک تیسرے بم کو پھٹنے سے پہلے ہی ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ یہ دھماکے اس وقت ہوئے، جب لوگ ملازمتوں اور بچے اسکولوں کی طرف جا رہے تھے۔ ابھی تک کسی بھی گروہ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ شام تنازعے کا آغاز سن دو ہزار گیارہ میں ہوا تھا اور تب سے وہاں ساڑھے تین لاکھ سے زائد افراد ہلاک اور ملک کی نصف آبادی بے گھر ہو چکی ہے۔
[pullquote]شمالی کوریا کے میزائل تجربے کے بعد سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس[/pullquote]
شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے بیلسٹک میزائل کے تجربے کی تصدیق کی ہے۔ ایک نئی قسم کے میزائل کو ایک آبدوز سے فائر کیا گیا تھا۔ منگل کے روز جنوبی کوریا نے سب سے پہلے اپنے اس پڑوسی ملک میں ایک نئے میزائل تجربے کی اطلاع دی تھی۔ سفارت کاروں کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بدھ کو ایک ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اگر شمالی کوریا نے واقعی ایک آبدوز سے بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے تو اسلحہ سازی کے حوالے سے یہ شمالی کوریا کے لیے ایک بڑی پیش رفت جبکہ ’بین الاقوامی طاقتوں کی ناکامی‘ ہے۔
[pullquote]یورپی کمیشن کی ترکی پر شدید تنقید[/pullquote]
یورپی کمیشن نے اپنی سالانہ رپورٹ میں ترکی کی تازہ ترین صورتحال پر شدید تنقید کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسلام پسند صدر رجب طیب ایردوان کے اقتدار میں جمہوریت کو مزید دھچکا لگا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انقرہ حکومت نے قانون کی حکمرانی، بنیادی حقوق اور عدلیہ کی آزادی کے حوالے سے یورپی یونین کے خدشات کو بھی نظر انداز کیا ہے۔ سرکاری طور پر ترکی یورپی یونین کی رکنیت کا بھی امیدوار ہے لیکن کئی سالہ مذاکرات کے باوجود آج تک اس حوالے سے کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہو سکی۔
[pullquote]سوڈان میں حکومت مخالف مظاہرے، اعلیٰ قیادت کا ہنگامی اجلاس طلب[/pullquote]
افریقی ملک سوڈان میں کئی روزہ احتجاجی مظاہروں کے بعد وزیراعطم عبداللہ ہمدوک نے اعلیٰ قیادت کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے تاکہ اس بحران کا حل نکالا جا سکے۔ سن دو ہزار انیس میں عمر البشیر حکومت کے خاتمے کے بعد سے یہ ملک شدید سیاسی بحران کا شکار چلا آ رہا ہے۔ وزیراعظم نے دارالحکومت خرطوم میں صدارتی محل کے سامنے دھرنا دینے والے ہزاروں مظاہرین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ مظاہرین عبداللہ ہمدوک کی عبوری حکومت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔
[pullquote]اقوام متحدہ کی ماحولیاتی رپورٹ، براعظم افریقہ میں صورتحال تشویش ناک[/pullquote]
عالمی حدت یا گلوبل وارمنگ براعظم افریقہ کے ایک سو ملین سے زائد غریب لوگوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔ اقوام متحدہ کی ایک ماحولیاتی رپورٹ کے مطابق اگر مناسب کارروائی نہ کی گئی تو 2030ء تک افریقہ میں 118 ملین انتہائی غریب لوگ خشک سالی، سیلاب اور شدید گرمی سے متاثر ہوں گے۔ گلاسگو میں عالمی ماحولیاتی سربراہی اجلاس سے دو ہفتے قبل اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیاں پہلے ہی براعظم افریقہ میں غذائی عدم تحفظ، غربت اور نقل مکانی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]