منگل : 09 نومبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اسرائیلی میزائل حملے میں دو فوجی زخمی[/pullquote]

شامی عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک اسرائیلی میزائل حملے میں دو شامی فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔ شامی خبر رساں ادارے سانا کے مطابق ملک کے وسطی اور ساحلی حصوں میں اسرائیل کی جانب سے فضائی حملے کیے گئے۔ شامی بیان کے مطابق اسرائیل کی جانب سے فائر کیے گئے زیادہ تر میزائل تو ملکی فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیے تاہم دو فوجی زخمی ہوئے اور کچھ مقامات پر املاک کو نقصان پہنچا۔ اسرائیل کی جانب سے ان خبروں پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔ تاہم شام میں سن 2011 سے جاری خانہ جنگی کے دوران اسرائیل متعدد مرتبہ شام میں فضائی حملے کر چکا ہے۔

[pullquote]بنگلادیش کے سابق چیف جسٹس کو 11 سال قیدکی سزا سنادی گئی[/pullquote]

بنگلادیش کے سابق چیف جسٹس کو منی لانڈرنگ اور اعتماد توڑنےکےکیس میں 11 سال قیدکی سزا سنادی گئی۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بنگلادیشی عدالت نے سابق چیف جسٹس سریندرکمار سنہا کو ان کی غیر موجودگی میں سزاسنائی، سریندرکماران دنوں شمالی امریکا میں مقیم ہیں۔پراسیکیوٹر کے مطابق سنہا کو منی لانڈرنگ پر 7 سال اور اعتماد توڑنے پر 4 سال جیل میں رہنا ہوگا۔

[pullquote]حماس نے تین افراد کو سزائے موت دے دی[/pullquote]

فلسطینی عسکری تنظیم اور غزہ پٹی کی منتظم حماس نے تین افراد کو موت کے سزا سنا دی ۔ ان میں سے دو پر اسرائیل کی معاونت کا الزام تھا جب کہ ایک شخص کو منشیات کے کاروبار کے جرم میں سزائے موت دی گئی۔ اس سے قبل حماس نے اکتوبر کے آخر میں چھ فلسطینیوں کو اسرائیل کے لیے مخبری کے جرم میں سزائے موت سنائی تھی۔ فلسطینی قانون کے تحت موت کی سزا پر عمل درآمد کے لیے فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کی اجازت ضروری ہے، تاہم غزہ پٹی میں حماس متعدد مرتبہ موت کی سزاؤں پر بغیر یہ اجازت لیے عمل درآمد کر چکی ہے۔

[pullquote]بیلاروس اور پولینڈ کی صورت حال پر تشویش ہے، روس[/pullquote]

روسی حکومت نے بیلاروس اور پولینڈ کی سرحدی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس سے قبل پولینڈ نے بتایا تھا کہ بیلاروس سے ہزاروں مہاجرین پولینڈ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پولینڈ نے اس صورت حال کو یورپی بلاک کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔ دوسری جانب بیلاروس نے مہاجرین سے متعلق پولستانی بیان مسترد کرتے ہوئے اسے ’اشتعال انگیزی‘ قرار دیا ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ بیلاروس اور پولینڈ کی سرحد پر مسلح افواج تعینات ہیں۔ حالیہ متنازعہ انتخابات اور جمہوریت پسندوں کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن کے تناظر میں بیلاروس سے یورپی یونین کا رخ کرنے والے غیرقانونی تارکین وطن کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

[pullquote]یمن میں امن کے قیام کی کوششیں مشکلات کی شکار، عالمی مندوب[/pullquote]

اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے یمن ہانس گرنڈبیرگ نے کہا ہے کہ یمن میں قیام امن کی کوششیں مشکلات کی شکار ہیں۔ عالمی مندوب کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب یمن کے شمالی حصے میں سعودی اتحادی طیاروں کے فضائی حملوں میں 115 حوثی باغیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ سویڈش سفارت کار نے عالمی مندوب برائے یمن کا منصب ابھی ستمبر ہی میں سنبھالا ہے۔ ان کی جانب سے یہ تبصرہ یمنی شہر تعز کے دورے کے موقع پر سامنے آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عسکری کارروائیوں کی وجہ سے بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے اور امن کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

[pullquote]غربت کو سپریم لیڈر سے جوڑنے پر ایران میں ایک اخبار پر پابندی[/pullquote]

ایرانی عدالتی حکام نے ایک اخبار کو ایران میں غربت کو سپریم لیڈر سے جوڑنے پر بند کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کلید نامی اخبار کے فرنٹ پیج پر ایک گرافک شائع کیا تھا، جس میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ملک میں غربت کی لکیر کھینچتے دکھایا گیا تھا۔ نیم سرکاری ایرانی خبر رساں ادارے مہر کے مطابق میڈیا کی نگران باڈی نے ہفتے کے روز شائع ہونے والے اس گرافک اور ایران میں غربت سے متعلق مضمون کے بعد اس اخبار پر پابندی عائد کر دی۔ کلید اخبار کی جانب سے اس بابت کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے، تاہم ایرانی میڈیا کے مطابق اس اخبار کی ویب سائٹ اب آف لائن ہے۔

[pullquote]نکاراگووا میں زلزلے کے شدید جھٹکے[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک نکاراگووا کی ساحلی پٹی پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق اس زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ دو تھی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ زلزلہ زمین میں 35 کلومیٹر کی گہرائی میں پیر اور منگل کی درمیانی شب آیا۔ فی الحال اس زلزلے سے ہونے والے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں۔

[pullquote]نئے افغان مہاجرین کے حوالے اسے امریکا میں امیگریشن ضوابط میں ردوبدل[/pullquote]

امریکی حکومت نئے افغان مہاجرین کے لیے امیگریشن ضوابط میں کچھ تبدیلی لا رہی ہے جسکا مقصد افغان مہاجرین کی امریکا آمد کے بعد ان کی امریکا میں آبادکاری کا کام تیز رفتاری سے کرنا ہے۔ امریکی محکمہ برائے ہوم لینڈ سکیورٹی کی جانب سے یہ بات پیر کو کہی گئی تھی۔ افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد قریب ستر ہزار افغان امریکا پہنچے ہیں۔ نئے ضوابط کے تحت تیس جولائی کے بعد امریکا پہنچنے والے افغان شہریوں کو گرین کارڈ کے حصول کے حوالے سے کئی طرح کی مراعات دی جا رہی ہیں۔ ایسے افغان شہریوں کو فائلنگ فیس سے بھی استثنا دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس اگست میں افغانستان سے قریب ایسے ایک لاکھ بیس ہزار افغان شہریوں اور ان کے اہل خانہ کو نکالا گیا تھا، جنہوں نے افغان جنگ میں غیرملکی فورسز یا سفارتکاروں کی معاونت کی۔

[pullquote]بھارت کورونا ویکسین کی برآمد دوبارہ شروع کر دے گا[/pullquote]

بھارت اگلے چند ہفتوں میں کوویکس پروگرام کے لیے ویکسین کی برآمد دوبارہ شروع کر دے گا۔ بھارت میں کورونا وائرس کی تباہ کن لہر کے بعد بھارت نے اس عالمی پروگرام کے لیے ویکسین مہیا کرنے کا عمل معطل کر دیا تھا۔ کوویکس پروگرام عالمی ادارہ برائے صحت کے تحت جاری ہے، جس میں غریب ممالک کو کورونا ویکسین مہیا کی جاتی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بھارت سے کہا گیا تھا کہ وہ اس عالمی پروگرام کے لیے ویکسین مہیا کرنے کا سلسلہ دوبارہ بحال کرے۔ بھارت نے اکتوبر میں اپنے پڑوسی اور دوست ممالک کے لیے ویکسین کی چار ملین خوراکیں مہیا کی تھیں۔

[pullquote]ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن اجلاس میں امریکی و چینی صدور کا آمنا سامنا[/pullquote]

رواں ہفتے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن کے اجلاس میں امریکی صدر جوبائیڈن کا اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے آمنا سامنا ہو گا۔ پیسیفک خطے کے ممالک عالمی وبا کے بعد کی اقتصادی بحالی کے موضوع پر بات چیت کے لیے آن لائن اجلاس میں شریک ہو رہے ہیں۔ ہفتے کو یہ سالانہ اجلاس نیوزی لینڈ کی میزبانی میں منعقد ہو رہا ہے۔ 21 رکنی ایپک ارکان عالمی وبا کے بعد کی اقتصادی بحالی کے لیے تجارت کے شعبے میں مزید تعاون کے امکانات پر غور کریں گے۔ تاہم یہ اجلاس ایک ایسے موقع پر ہو رہا ہے، جب چین اور امریکا کے درمیان تعلقات شدید تلخی کا شکار ہیں۔

[pullquote]بنگلہ دیش کے سابق چیف جسٹس کو مالی خردبرد کے جرم میں سزا[/pullquote]

سابق بنگلہ دیشی چیف جسٹس سریندا کمار سنہا کو منگل کے روز منی لانڈرنگ اور مالی خردبرد کے الزامات کے تحت گیارہ برس قید کی سزا سنا دی گئی۔ ڈھاکہ کی ایک عدالت نے سنہا کو ان کی غیرموجودگی میں سزا سنائی ۔ سابق چیف جسٹس اس وقت کینیڈا میں مقیم ہیں جب کہ ان پر چالیس ملین ٹکا یعنی چار لاکھ ستر ہزار ڈالر کے غیرقانونی بینک لین دین کا الزام تھا۔ سنہا بنگلہ دیش کی تاریخ کے پہلے چیف جسٹس ہیں، جنہیں مالی خردبرد کے الزامات میں جیل کی سزا سنائی گئی ہے۔

[pullquote]شدید افراط زر، ترکی میں بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے پیر کے روز کہا ہے کہ عام صارفین کی مدد کے لیے بجلی کے بلوں میں دو فکس ادائیگیاں ختم کی جا رہی ہیں، جب کہ حکومت پہلے ہی توانائی کے شعبے میں چند اخراجات پر سبسڈی کا اعلان کر چکی ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ ترکی میں افراط زر بیس فیصد تک پہنچ چکی ہے اور ملک میں خوراک اور گیس کی قیمتوں میں شدید اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اسی تناظر میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن کی عوامی مقبولیت میں بھی کمی آئی ہے اور ماہرین اگلے برس کے وسط میں ہونے والے انتخابات کو ایردوآن کے لیے انتہائی مشکل قرار دے رہے ہیں۔ ایردوآن نے مہنگائی کے تناظر میں کم از کم اجرت میں اضافے کا اعلان بھی کیا ہے۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے