[pullquote]دبئی اور شارجہ میں زلزلے کے جھٹکے، متعدد عمارتیں لرز اُٹھیں[/pullquote]
متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی، شارجہ اور عجمان میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق زلزلے سے متعدد عمارتیں لرز اُٹھیں، جبکہ بلند عمارتوں سے لوگ سیڑھیوں سے نیچے اُتر آئے۔زلزلے کا مرکز ایران کی بندرگاہ “بندر عباس” سے 60 کلومیٹر دور تھا جبکہ زلزلہ شام 4 بج کر 16 منٹ تک آیا۔یورپین میڈیٹیرین سیسمولوجیکل سینٹر کے مطابق زلزلے کی شدت 6.3ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ زلزلہ بندرعباس سے47کلومیٹر دور10 کلومیٹرگہرائی میں آیا۔
[pullquote]زلزلے سے ایرانی صوبہ ہرمزگان لرز اٹھا[/pullquote]
ایرانی صوبے ہرمزگان میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق بندر عباس کی بندرگاہ کے قریب 6.3 اور 6.4 شدت کے 2 زلزلے ریکارڈ کیےگئے۔یورپی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.3 اور 6.4 شدت ریکارڈ کی گئی ، زلزلے کا مرکز ساحلی شہر بندر عباس سے47 کلومیٹر دور کا علاقہ تھا اور زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔زلزلےکے جھٹکے متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی، شارجہ اور عجمان میں بھی محسوس کیےگئے ہیں۔
[pullquote]دنیا کے 200 ممالک کا گلوبل وارمنگ 1.5سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کا عزم[/pullquote]
عالمی ماحولیاتی کانفرنس، کوپ 26 میں معاہدہ طے پا گیا ہے اور مندوبین نے گلوبل وارمنگ 1.5سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔کوپ 26 معاہدے میں 200 ممالک نے حصہ لیا، کوئلے کا استعمال ختم یا مرحلہ وار کم کرنے کے الفاظ پر جاری تنازع بلآخر حل ہو گیا اور چین اور بھارت کے اعتراض پر کوئلے کے استعمال پر سخت زبان بدل دی گئی۔امریکی مندوب جان کیری نے کہا کہ 20 برس میں چین کو کوئلے کا استعمال مرحلہ وار ختم کرنا ہو گا جبکہ چینی مندوب نے کہا کہ ڈیل تو ہو گئی مگر ترقی پزیر ممالک کی آواز زیادہ سنی نہیں گئی۔معاہدے کااعلان کرتے ہوئے کانفرنس کے سربراہ الوک شرما آبدیدہ ہو گئے اور شرکاء سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ کانفرنس کا اختتام اس انداز میں ہو۔
[pullquote]ہم اب بھی موسمیاتی تباہی کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں: یو این سیکرٹری جنرل[/pullquote]
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کوپ 26 معاہدے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اب بھی موسمیاتی تباہی کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔ماحولیات کے لیے کام کرنے والی نوجوان سماجی کارکن گریٹا تھنبرگ نے بھی کوپ 26 معاہدے کو مسترد کر دیا اور کہا کہ اصل جدوجہد ان ایوانوں سے باہرہو گی اور ہم کبھی ہمت نہیں ہاریں گے۔دوسری جانب برطانیہ اور یورپی یونین نے کوپ 26 معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کے حوالے سے اچھی پیشرفت قرار دیا ہے۔عالمی ماحولیاتی کانفرنس، کوپ 26 میں دنیا کے 200 ممالک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے اور مندوبین نے گلوبل وارمنگ 1.5سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
[pullquote]سعودی عرب میں پہلی ویمن فٹبال لیگ کا اعلان[/pullquote]
سعودی عرب نے مملکت کی پہلی ویمن فٹبال لیگ کے انعقاد کا اعلان کردیا۔ترک خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی فٹبال ایسوسی ایشن نےکہا ہےکہ مملکت کی تاریخ میں پہلی بار ویمن فٹبال لیگ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔سعودی فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق لیگ کا انعقاد رواں ماہ کی 22 تاریخ سے ہورہا ہے، لیگ 2 مرحلوں میں کھیلی جائے گی، ملک بھر سے 16 ٹیمیں پہلے مرحلے میں ریاض، جدہ اور دمام میں میچز کھیلیں گی جب کہ دوسرا مرحلہ آئندہ سال کے آغاز میں جدہ میں کھیلا جائےگا۔
[pullquote]’سمجھوتوں پر مبنی اور ناکافی‘ معاہدہ منظور، رضاکار و مبصرين ناخوش[/pullquote]
اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل انٹونيو گوٹيرش نے کسی موسمياتی سانحے سے خبردار کيا ہے۔ ہفتے کو COP26 ميں معاہدے کے اعلان کے بعد انہوں نے اپنا ايک بيان جاری کيا اور ان سمجھوتوں پر روشنی ڈالی، جو معاہدے تک پہنچنے کے ليے کيے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ‘ڈيل ايک اہم قدم تو ہے مگر يہ کافی نہيں‘۔ تحفظ ماحول کے ليے سرگرم معروف سويڈش رضاکار گريٹا تھونبرگ نے اسے بيکار قرار ديا اور کہا کہ اصل کام کانفرنس کے حال سے باہر ہو رہا ہے۔ برطانوی وزير اعظم بورس جانسن نے کہا کہ مستقبل قريب ميں بہت کچھ کيا جانا باقی ہے۔ يورپی کميشن نے سمجھوتے کو ايک موقع سے تعبير کيا۔ کميشن کی صدر اروزلا فان ڈيئر لائن کے بقول بڑے اہداف حاصل نہ ہو سکے مگر شرکاء نے ان تک پہنچنے کے ليے يقين دہانياں کرائی ہيں۔
[pullquote]عالمی ماحولياتی کانفرنس: تحفظ ماحول کے ليے دو اقوام نے معاہدے پر اتفاق کر ليا[/pullquote]
ہفتہ تیرہ نومبر کی رات کو اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس ایک مفاہمت پر ختم ہو گئی۔ یہ ڈیل دو سو اقوام کے درمیان طے پائی۔ اس میں طے کیا گیا ہے کہ کوئلے کے استعمال میں کمی لائی جائے گی۔ اس ڈیل میں سبز مکانی گیسوں میں کمی لانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس ڈیل میں درجہ حرارت ميں اضافے کو ڈیڑھ ڈگری سے زائد دو ڈگری تک محدود رکھنے پر اتفاق رائے نہیں پیدا ہو سکا۔ شریک اقوام کا کہنا تھا کہ گلاسگو میں کچھ حاصل ضرورکيا گيا جو نا ہونے سے بہتر ہے۔ یہ بھی طے ہوا ہے کہ اگلی کانفرنس میں ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے کاربن گیسوں کے اخراج والی اقوام اپنا لائحہ عمل پیش کریں گی۔
[pullquote]لیبیا کے صدارتی الیکشن، قذافی کے بیٹے سیف الاسلام بھی امیدوار[/pullquote]
رواں برس چوبیس دسمبر کو لیبیا میں صدارتی الیکشن کے لیے ووٹنگ ہو گی۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ ان انتخابات میں سابق مقتول آمر معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی بھی ایک امیدوار کے طور پر حصہ لے رہے ہیں۔ صدارتی امیدوار کے طور پر انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی اتوار چودہ نومبر کو نیشنل الیکٹورل کمیشن میں جمع کرائے۔ چوبیس دسمبر کو سبھی امیدوار انتخابی عمل میں شریک ہوں گے۔ کسی اميدوار کو واضح اکثريت نہ ملنے کی ممکنہ صورت ميں چوبیس جنوری کو دوسرے مرحلے میں صرف ان دو امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا، جنہوں نے پہلے مرحلے میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہوں گے۔
[pullquote]جرمنی ميں کورونا متاثرين پانچ ملين سے متجاوز[/pullquote]
جرمنی ميں کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد پچاس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ رابرٹ کوخ انسٹيٹيوٹ کے مطابق اتوار کو 33,498 نئے کيسز کا اندراج ہوا۔ گزشتہ سات دنوں ميں ہر ايک لاکھ نفوس پر سامنے آنے والے کيسز کا تناسب يا ’انسيڈينس ريٹ‘ 289 رہا، جو جرمنی ميں ايک نيا ريکارڈ ہے۔ سياست دانوں اور طبی حکام نے خبردار کيا ہے کہ بڑھتے ہوئے کيسز کے تناظر ميں آئندہ چند ماہ مشکل ثابت ہو سکتے ہيں۔ ملکی سياسی قيادت آئندہ ہفتے جمعرات کو اس بارے ميں غور کرے گی کہ وبا کی چوتھی لہر سے کيسے نمٹا جائے۔ دريں اثناء کئی يورپی ملکوں ميں پابندیوں کے دوبارہ نفاذ کا امکان بڑھ گیا ہے۔ جرمنی کے ہمسایہ ملک نیدرلینڈز میں ہفتہ تیرہ نومبر سے جزوی لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
[pullquote]سوڈان: پانچ مظاہرین ہلاک اور الجزیرہ کا بیورو چیف گرفتار[/pullquote]
افریقی ملک سوڈان کی فوجی حکومت نے قطر میں قائم عربی زبان کے ٹیلی وژن چینل الجزیرہ کے مقامی بیورو چیف المسیلمی الکبلاشی کو حراست میں لے لیا ہے۔ اس ٹی وی چینل نے یہ بھی بتایا کہ سکیورٹی اہلکاروں نے خرطوم میں بیورو چیف کے گھر پر چھاپہ بھی مارا۔ یہ پیش رفت ایسے وقت پر سامنے آئی جب فوجی حکومت نے ہفتہ تیرہ نومبر کو سویلین مظاہرین پر گولیاں چلا کر کم از کم پانچ افراد کو ہلاک اور کئی دوسروں کو زخمی کر دیا تھا۔ گولياں ان جمہوریت نواز عام شہریوں پر چلائی گئیں جو اکتوبر میں سویلین حکومت ختم کرنے والی فوجی بغاوت کے خلاف مظاہرے میں شریک تھے۔ یہ ہلاکتیں خرطوم کے جڑواں شہر ام درمان میں ہوئیں۔ اِن میں چار کو گولیاں لگی تھیں اور ایک کو آنسو گیس کا شیل لگا تھا۔
[pullquote]پولينڈ اور بيلاروس کی سرحد پر صورت حال بدستور خراب[/pullquote]
پولينڈ اور بيلاروس کی سرحد پر مہاجرین کے بحران کی وجہ سے صورت حال بدستور خراب ہے۔ پوليس نے بتايا کہ پچاس مہاجرين کا ايک گروپ باڑ توڑ کر پولينڈ کے علاقے ميں داخل بھی ہو گيا۔ يہ واقعہ سٹاژنا نامی گاؤں کے قريب پيش آيا۔ بعد ازاں پولش پوليس نے بائيس عراقی مہاجرين کو حراست ميں لے ليا۔ حکام کے بقول گزشتہ روز پولينڈ ميں غير قانونی داخلے کی دو سو تیئیس کوششیں کی گئی۔ پولينڈ اور بيلاروس کی سرحد پر ہزاروں مہاجرين جمع ہيں، جو یورپی یونین ميں داخل ہونے کی کوششوں ميں ہيں۔ اس کے ردعمل ميں دونوں ملکوں نے فوج بھی تعينات کر رکھی ہے۔ يورپی يونين کا الزام ہے کہ بيلاروس دانستہ مہاجرين کو مغربی يورپ کی جانب بھيج رہا ہے اور نتيجتاً اس وقت پولينڈ، لتھوينيا اور ليٹويا کی سرحدوں پر ہزاروں مہاجرين جمع ہيں۔
[pullquote]امریکی و چینی صدور کی ورچوئل میٹنگ پیر کو ہو گی[/pullquote]
کل پیر پندرہ نومبر کو امریکی صدر جو بائیڈن اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کریں گے۔ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ انٹونی بلنکن اور وانگ یی نے صدور کی میٹنگ کے ایجنڈے کو حتمی شکل دینے پر گفتگو کی ہے۔ اسی گفتگو میں دونوں وزرائے خارجہ نے ایک دوسرے کو خاص طور پر تائیوان کے معاملے پر اپنے خدشات سے آگاہ کیا۔ امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے چین کے تائیوان پر بڑھتے عسکری و سفارتی دباؤ کے حوالے سے بیجنگ حکومت کو خبردار کیا۔ امریکا نے سن 1979 میں سفارتی تعلقات کے ليے تائے پے کی جگہ بيجنگ کو تسليم کر ليا تھا تاہم کانگريس ميں منظور کردہ ايک قانون کے تحت امريکا تائيوان کو اب بھی اسلحہ فراہم کرتا ہے۔
[pullquote]يمن ميں ڈرون حملہ، القاعدہ کے دو جہادی ہلاک[/pullquote]
يمن ميں مبينہ طور پر ايک امريکی ڈرون حملے ميں تين افراد ہلاک ہو گئے ہيں۔ مقامی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں ميں دہشت گرد نيٹ ورک القاعدہ کے دو جہادی بھی شامل ہيں۔ يہ ڈرون حملہ یمنی صوبوں شبوا اور البيضا کے درميانی علاقے ميں سے گزرتی ایک کار پر اتوار چودہ نومبر کو کيا گيا۔ فی الحال ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہيں کی گئی ہے البتہ حکام کو شبہ ہے کہ مرنے والوں میں دونوں القاعدہ کے رکن تھے۔ يمن ميں چھ سال سے جنگ جاری ہے۔ مقامی حوثی باغیوں کو سعودی قيادت ميں قائم عسکری اتحاد کا سامنا ہے۔
[pullquote]افغانستان: منی بس زمین میں چھپائے گئے بم سے ٹکرا گئی، صحافی ہلاک[/pullquote]
افغان دارالحکومت کابل میں مبینہ بم دھماکے میں ایک صحافی حمید سیغانی کی ہلاکت ہوئی ہے۔ وہ ایک منی بس میں سوار تھے اور جب بس ہزارہ شیعہ کمیونٹی کے علاقے دشتِ بارچی کے قریب پہنچی، تو زیر زمین چھپائے گئے بم سے ٹکرا گئی۔ صحافی کے علاوہ چار دیگر افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ حمید سیغانی آریانہ ٹیلی وژن کے ساتھ وابستہ تھے۔ کابل میں قائم صحافیوں کی تنظیم افغان جرنلسٹس سینٹر نے بھی سیغانی کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ کسی گروپ نے اس بم دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ دوسری جانب پندرہ اگست سے طالبان نے کابل پر کنٹرول سنبھالا ہے تب سے ننگر ہار کے صوبے میں درجنوں بم دھماکے ہو چکے ہیں۔ اسی صوبے میں جہادی گروپ اسلامک اسٹیٹ سرگرم ہے۔
[pullquote]بھارتی سکیورٹی فرسز کے ساتھ جھڑپ، 26 ماؤ نواز باغیوں کی ہلاکت[/pullquote]
بھارتی میڈیا نے مغربی ریاست مہاراشٹر میں ماؤ نواز باغیوں کے ساتھ سکیورٹی فرسز کی جھڑپوں میں چھبیس جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا بتایا ہے۔ یہ جھڑپ گاڑچھرولی کے ضلع میں ہوئی۔ اس ضلع کے سینیئر پولیس افیسر انکیٹ گوئل نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ اب تک چھبیس جنگجوؤں کی نعشيں جمع کی جا چکی ہیں۔ پولیس کے اعلیٰ اہلکار نے سکیورٹی فورسز کے زخمی یا ہلاک ہونے والوں کی تعداد بتانے سے گریز کیا۔ مرنے والے ماؤ نواز باغیوں کی شناخت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ چار سکیورٹی اہکاروں کو شدید زخمی ہونے کے بعد ہیلی کاپٹر سے ناگ پور کے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔
[pullquote]بلغاریہ میں نئی پارلیمان اور نئے صدر کا انتخاب[/pullquote]
مشرقی یورپی ملک بلغاریہ میں نئی پارلیمنٹ اور صدر کے انتخاب کے ليے ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ اس ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد قریب سڑسٹھ ملین ہے۔ پارلیمان کی نشستوں کی تعداد دو سو چالیس ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ایک مرتبہ پھر بلغاریہ کے انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ کم ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب اس ملک میں کورونا وبا کی لہر میں بھی شدت پیدا ہو گئی ہے۔ بلقان خطے کے اس ملک میں بہت کم ویکسینیشن مکمل کی گئی ہے۔ ایک تہائی سے بھی کم بالغ افراد کو ویکسین کی دونوں خوراکیں دی جا سکی ہیں۔ بلغاریہ یورپی یونین کا غریب ترین ملک ہے۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]