جمعرات : 18 نومبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا پیچھے رہ گیا، چین دنیا کا امیر ترین ملک بن گیا[/pullquote]

چین امریکا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کا امیر ترین ملک بن گیا۔امریکی جریدے بلوم برگ کے مطابق عالمی دولت دو دہائیوں میں 156 کھرب سے بڑھ کر 514 کھرب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے جس میں سے چین کی دولت 120 کھرب ڈالرز اور امریکا کی دولت 90 کھرب ڈالرز ہے۔بلوم برگ کے مطابق دنیا بھر کی دولت کا دوتہائی حصہ صرف 10 فیصد اشرافیہ سے تعلق رکھتا ہے جبکہ عالمی دولت کا 68 فیصد حصہ رئیل اسٹیٹ سے منسلک ہے۔

[pullquote]بھارت: فضائی آلودگی بڑھنے سے بچوں میں سانس کی بیماریوں میں 3 گنا اضافہ[/pullquote]

نئی دہلی میں فضائی آلودگی بڑھنے سے بچوں میں سانس کی بیماریوں میں اضافہ ہونے لگا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق فضائی آلودگی کے باعث بچوں میں دمے سمیت سانس کی دائمی بیماریاں بڑھ گئی ہیں۔مقامی ڈاکٹرز کے مطابق 10 دنوں میں سانس کی بیماریوں میں مبتلا بچوں کی تعداد میں 3 گنا اضافہ ہوا ہے۔فضائی آلودگی کی وجہ سے نئی دہلی میں تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ بھارتی سپریم کورٹ نے بھی فضائی آلودگی کا نوٹس لیتے ہوئے حکومت سے جواب طلب کر لیا ہے۔

[pullquote]جرمنی میں ایک دن میں پینسٹھ ہزار کورونا انفیکشنز کا نیا ریکارڈ[/pullquote]

جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید پینسٹھ ہزار افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ ابھی چند روز قبل ہی پچاس ہزار سے زائد انفیکشنز کا نیا یومیہ ریکارڈ بنا تھا، جو اب ٹوٹ گیا ہے۔ متعدی امراض کی روک تھام کے نگران جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے سربراہ لوتھار ویلر کے مطابق نئی یومیہ انفیکشنز کی حقیقی تعداد پینسٹھ ہزار سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔ اس وقت جرمنی میں فی ایک لاکھ آبادی میں نئے کورونا کیسز کی ہفتہ وار اوسط تین سو سے بھی زیادہ ہے۔ لوتھار ویلر کے بقول ممکن ہے کہ ملک میں نئی کورونا انفیکشنز کی اصل تعداد معلوم ڈیٹا سے دو یا تین گنا زیادہ تک ہو۔

[pullquote]بھارتی فضائیہ کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ[/pullquote]

بھارتی فضائیہ کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق فضائیہ کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر ریاست ارونا چل پردیش میں لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہو ا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں 2 پائلٹس اور 3 کریو ممبرز موجود تھے تاہم تمام محفوظ رہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔

[pullquote]ایران کیساتھ نئے نیوکلیئر معاہدے کے حامی ہیں، امریکی وزیر دفاع[/pullquote]

امریکی وزیر دفاع جنرل لائڈ آسٹن کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ نئے نیوکلیئر معاہدے کے حامی ہیں۔امریکی وزیر دفاع جنرل لائڈ آسٹن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی طرف سے خطے میں سکیورٹی کے خطرات درپیش ہیں۔انہوں نے کہا کہ خطے میں ایران کی کارروائیوں اور رویے پر تشویش ہے جبکہ ہم ایرا ن کے امریکی اور اتحادیوں کے مفادات ک خلاف اقدامات کا جواب دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکی مفادات کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں،ایران جن مفادات کو نقصان پہنچاسکتا ہے اس کی تشویش اتحادیوں کو بھی ہے۔امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ صدربائیڈن ایران کے ساتھ نئے نیوکلیئر معاہدے کے حامی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں اگلے ہفتے بحرین اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کروں گا جس میں اتحادیوں سے خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بات ہوگی۔

[pullquote]امریکی کانگریس پر حملے میں ملوث جیکب چانسلی کو ساڑھے 3 برس قید کی سزا[/pullquote]

امریکی کانگریس پر حملے میں ملوث جیکب چانسلی کو ساڑھے 3 برس قید کی سزا سنا دی گئی۔امریکی میڈیا کے مطابق سینگھوں والی ٹوپی پہنے جیکب چانسلی 6 جنوری کو کانگریس پر حملے میں پیش پیش تھا۔
جیکب چانسلی پر کار سرکار میں خلل ڈالنے کا جرم ثابت ہونے پر انہیں 41 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شکست پر ان کے انتہا پسند حامیوں نے کانگریس پر دھاوا بول دیا تھا۔جیکب نے کانگریس پر حملے کو غلطی تسلیم کرتے ہوئے ندامت کا اظہار کیا تھا۔

[pullquote]ٹرمپ فوج کو ذاتی غنڈوں کے اسکواڈ میں بدلنے کا ارادہ رکھتے تھے، امریکی صحافی[/pullquote]

امریکی صحافی نے اپنے مضمون میں انکشاف کیا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فوج کو ذاتی غنڈوں کے اسکواڈ میں بدلنے کا ارادہ رکھتے تھے۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں صحافی میکس بوٹ کا ایک کالم شائع ہوا ہے جس میں انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں کیے گئے چند فیصلوں کو بنیاد بناکر یہ کہا ہے کہ اگر انہیں دوسری بار صدارت مل جاتی تو شاید وہ فوج کو اپنے ذاتی اسکواڈ میں تبدیل کردیتے۔مضمون میں ABC نیوز کے ایک رپورٹر جوناتھن کارل کے حاصل کردہ میمورنڈم کا حوالہ دیا گیا ہے جو ڈونلڈ ٹرمپ کے ڈائریکٹر برائے صدارتی افسران جانی میک اینٹی کی جانب سے ٹرمپ کو بھیجا گیا تھا۔ اس میمو میں میک اینٹی نے ٹرمپ کو 14 وجوہات بتائیں جن کی بنیاد پر انہیں وزیر دفاع مارک ایسپر کو برطرف کردینا چاہیے۔

[pullquote]منسک حکومت اپنی جارحانہ اور استحصالی مہم بند کرے، جی سیون کا مطالبہ[/pullquote]

جی سیون گروپ کے وزرائے خارجہ نے آج جمعرات کے روز مطالبہ کیا کہ بیلاروس پولینڈ کے ساتھ اپنی سرحد پر تارکین وطن کے موجودہ بحران کو جلد از جلد ختم کرے۔ دنیا کے سات صنعتی ترقی یافتہ ممالک نے بیلا روس پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ وہ یورپ کو تارکین وطن کے ایک نئے بحران سے دوچار کرنے کی کوشش میں ہے۔ ان وزارء نے کہا کہ بیلاروس کے صدر انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہوئے ان تارکین وطن کے مسائل حل کرنے کے بجائے اپنی چالیں چل رہے ہیں۔ کینیڈا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور امریکا پر مشتمل جی سیون کے وزراء نے ایک مشترکہ اعلامیے میں کہا کہ منسک حکومت اپنی جارحانہ اور استحصالی مہم فوراﹰ بند کرے۔

[pullquote]ایتھوپیا کی جنگ ملکی دارالحکومت کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے، امریکا[/pullquote]

امریکا نے انتباہ کیا ہے کہ ایتھوپیا میں جاری جنگ ملکی دارالحکومت ادیس ابابا کے قریب تک پہنچ گئی ہے۔ واشنگٹن نے خبردار کیا ہے کہ مصروف ترین افریقی ہوائی اڈوں میں شمار ہونے والے ادیس ابابا ایئر پورٹ سے آنے جانے والی پروازوں کے پائلٹوں کو علم ہونا چاہیے کہ وہ ممکنہ طور پر زمینی ہتھیاروں سے کیے گئے حملوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔ امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایتھوپیا کی سکیورٹی فورسز اور شمالی تیگرائی کے علاقے کے جنگجوؤں کے مابین شدید جھڑپیں ادیس ابابا ایئر پورٹ کو براہ راست یا بالواسطہ طور پر اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہیں۔ امریکا نے اسی ہفتے ایتھوپیا میں اپنے شہریوں کو وہاں سے نکل جانے کی ہدایت کی تھی۔

[pullquote]روسی اور امریکی سکیورٹی حکام کی ٹیلی فون پر گفتگو[/pullquote]

روس اور امریکا کے سکیورٹی حکام نے آپس میں ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔ یہ بات آج جمعرات کے روز کریملن کی طرف سے بتائی گئی۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ روسی سلامتی کونسل کے سیکرٹری نکولائی پاتروشیف اور امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے آپس میں ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔ پیسکوف کے مطابق اس گفتگو میں سائبر سکیورٹی، یوکرائن کی صورت حال اور تارکین وطن کے بحران جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کریملن نے کہا ہے کہ یہ بات چیت روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور امریکی صدر جو بائیڈن کی آئندہ دنوں ہونے والی سربراہی ملاقات کی تیاریوں کا حصہ تھی۔ پوٹن بائیڈن سمٹ کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔

[pullquote]یبلاروس سے پولینڈ میں داخلے کی کوشش کرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ[/pullquote]

پولینڈ نے کہا ہے کہ بیلاروس کے ساتھ سرحد پار کر کے پولینڈ میں داخلے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سرحدی علاقوں میں پھنسے ہزاروں تارکین وطن سخت سردی میں برف سے ڈھکے جنگلات میں پڑاؤ ڈالے ہوئے ہیں۔ ان مہاجرین میں سے بہت سے عراقی شہری ہیں، جنہیں پولینڈ میں داخلے سے روکا جا رہا ہے اور واپس بیلاروس کے دیگر علاقوں کی طرف لوٹنے سے بھی۔ کئی عراقی باشندوں کو ممکنہ طور پر پہلی بار آج جمعرات کے روز یبلاروس کے دارالحکومت منسک سے ایک مسافر ہوائی جہاز کے ذریعے واپس عراق بھیجا جا رہا پے۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق دو سو سے لے کر تین سو تک تارکین وطن، جن میں اکثریت مردوں کی ہے اور ان کے ساتھ کم سن بچے بھی ہیں، کُزنیچا برُوزگی کی سرحدی گزرگاہ کے قریب عارضی کیمپوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔

[pullquote]یوکرائن کو روسی حملے کا خطرہ ہے، جرمنی متعینہ یوکرائنی سفیر کا موقف[/pullquote]

یوکرائن کے برلن متعینہ سفیر نے روس کے یوکرائن پر ممکنہ حملے کے بڑھتے ہوئے خطرات سے خبردار کیا ہے۔ آندرچ مَیلنک نے یہ بیان یوکرائن کی سرحد پر روسی دستوں کی تازہ ترین نقل و حرکت کے تناظر میں دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء میں مشرقی یوکرائن اور کریمیا کے کچھ حصوں پر روسی قبضے کے بعد سے روس کے یوکرائن پر حملے کا خطرہ کبھی اتنا شدید نہیں تھا جتنا اس وقت۔ یوکرائن کے علاوہ مغربی ممالک کے خفیہ اداروں نے بھی کہا ہے کہ یوکرائنی سرحد پر روسی فوجی تعیناتی میں بڑے پیمانے پر اضافہ نظر آ رہا ہے۔ یوکرائن کی مشرقی سرحد پر اور روسی سرحد سے متصل یوکرائن کے مقبوضہ صنعتی علاقے ڈونباس میں ایک لاکھ چودہ ہزار روسی فوجی تعینات ہیں۔ یوکرائنی سفیر نے کہا کہ جرمنی کو ان حالات کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔

[pullquote]’فیوچر پرائز 2021ء‘ بائیو این ٹیک کے نام[/pullquote]

جرمن شہر مائنز کی دوا ساز کمپنی بائیو این ٹیک کے کورونا ویکسین تیار کرنے والے سائنسدانوں کو جرمنی کے اعلیٰ ترین سائنسی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ بائیو این ٹیک کے بانی جوڑے اُوئزلِم تُوریچی اور اُوگُور شاہین کی قیادت میں کام کرنے والی سائنسدانوں کی ٹیم کو یہ ’فیوچر پرائز 2021ء‘ وفاقی جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر نے پیش کیا۔ بائیو این ٹیک کے ماہرین کو یہ اعزاز بہت مختصر مدت میں کورونا ویکسین ایجاد کرنے پر دیا گیا۔ جرمنی میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں یہ اعزاز 1997ء سے دیا جاتا ہے اور اس کے ساتھ ڈھائی لاکھ یورو کی نقد رقم بھی دی جاتی ہے۔

[pullquote]نائجر میں مشتبہ جہادیوں کے تازہ حملے میں درجنوں ہلاکتیں[/pullquote]

افریقی ملک نائجر کی وزرات داخلہ کے مطابق مالی کے ساتھ سرحد سے متصل شہر باکورات میں مشتبہ جہادیوں کے ایک حملے میں کم از کم پچیس افراد مارے گئے۔ آج جمعرات کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ حملہ نائجر کے صحرائی علاقے تاہوا میں منگل کے روز کیا گیا۔ رواں سال کے آغاز سے ہی نائجر میں مشتبہ جہادیوں کے عام شہریوں پر خونریز حملے کافی زیادہ ہو چکے ہیں۔ دہشت گرد نیٹ ورک القاعدہ اورداعش سے روابط رکھنے والے مسلح گروہ تین افریقی ممالک نائجر، برکینا فاسو اور مالی کے سرحدی علاقوں پر مشتمل جغرافیائی مثلث میں 2017ء سے اپنی خونریز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]یورپ چین سے روابط اور تعاون منقطع نہ کرے، انگیلا میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ یورپ کو تحقیق اور ترقی کے شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون منقطع نہیں کرنا چاہیے۔ تاہم میرکل کے مطابق حقوقِ املاکِ دانش کا تحفظ ابھی تک ایک چیلنج بنا ہوا ہے۔ عنقریب اپنے عہدے سے رخصت ہونے والی جرمن چانسلر میرکل نے خبر رساں ادارے روئٹرز کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ چین کے ساتھ کشیدگی کے باوجود جرمنی اور یورپ کے لیے تحقیق و ترقی کے شعبے میں چینی اداروں کے ساتھ تعاون کی اپنی اہمیت ہے۔ میرکل نے کہا کہ چین کی جانب سے جرمن اداروں میں جاسوسی اور ٹیکنالوجی کی چوری جیسے امور پر خدشات کے باوجود چین سائنسی اور صنعتی شعبوں میں جرمنی اور یورپ کا اہم پارٹنر ملک ہے۔

[pullquote]بیلجیم میں ایک بار پھر سخت کورونا ضوابط کا نفاذ[/pullquote]

بیلجیم کی حکومت نے کورونا وائرس کی وبا کی تازہ ترین لہر کو روکنے کے لیے سخت تر ضوابط کا اعلان کیا ہے۔ دس سال سے زائد عمر کے تمام شہریوں کے لیے حفاظتی ماسک پہننا لازمی کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ عام کارکنوں پر زیادہ سے زیادہ حد تک گھروں سے کام کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ آئندہ پیر سے عام کارکنوں کو ہفتے میں کم از کم چار دن گھروں سے کام کرنا ہو گا۔ ان اقدامات کا اعلان وزیر اعظم الیکسانڈر دے کرُو نے برسلز میں کیا۔ عام شہریوں کے لیے دوران سفر، بازاروں، ریستورانوں اور عوامی تقریبات میں ماسک پہننا بھی لازمی کر دیا گیا ہے۔ بیلجیم میں کورونا وائرس اس وقت اتنی تیزی سے پھیل رہا ہے، جتنی گزشتہ ایک سال میں نظر نہیں آئی تھی۔

[pullquote]سوڈان میں فوجی بغاوت کے خلاف مظاہروں کے شرکاء پر کریک ڈاؤن[/pullquote]

سوڈان میں سکیورٹی فورسز نے فوجی بغاوت کے خلاف مظاہروں کے شرکاء پر فائر کھول دیا۔ اطلاعات کے مطابق کم از کم پندرہ افراد کو گولی مار دی گئی۔ جمہوریت کی حامی ڈاکٹرز یونین کے مطابق دارالحکومت خرطوم کے شمال میں ایسے مظاہروں کے دوران سکیورٹی دستوں کی فائرنگ سے درجنوں مظاہرین زخمی بھی ہوئے۔ گزشتہ ماہ سوڈان میں فوج کے اقتدار میں آنے کے بعد سے کل بُدھ خونریز ترین دن ثابت ہوا۔ ٹیلی فون اور انٹرنیٹ رابطوں کی معطلی کے باوجود پورے خرطوم میں مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔ سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس بھی استعمال کی۔

[pullquote]جرمن پارلیمان میں ’کورونا انفیکشن پروٹیکشن ایکٹ‘ پر بحث[/pullquote]

جرمنی میں ’کورونا انفیکشن پروٹیکشن ایکٹ‘ کی وجہ سے سیاسی تنازعے میں کرسچن ڈیموکریٹک یونین نے اس قانونی مسودے کو پارلیمانی ایوان بالا میں مسترد کر دینے کی دھمکی دی ہے۔ یہ قانونی بل سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ایس پی ڈی، گرین پارٹی اور فری ڈیموکریٹس کی جماعت ایف ڈی پی نے مل کر تیار کیا ہے۔ جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے وزیر اعلیٰ ہینڈرِک وُؤسٹ نے ایک خط میں اس مسودہ قانون کو کورونا کی وبا کی موجودہ ڈرامائی صورت حال کے پیش نظر ’ناقابل توثیق‘ قرار دیا ہے۔ ایس پی ڈی سے تعلق رکھنے والے ممکنہ طور پر آئندہ چانسلر اولاف شولس نے ہینڈرک وُؤسٹ کے اس موقف کو ’سیاسی چال بازی‘ کا نام دیا ہے۔ اس مسودے پر آج جمعرات کو وفاقی پارلیمان میں بحث ہو رہی ہے جبکہ اس پر ایوان بالا میں رائے شماری کل جمعے کو ہو گی۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے