منگل : 23 نومبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران اپنی جوہری تنصیبات تک زیادہ رسائی دے، گروسی کا تہران میں مطالبہ[/pullquote]

بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ رافائل گروسی نے تہران میں مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کے ماہرین کو ایرانی جوہری تنصیبات تک زیادہ اور بہتر رسائی دی جائے۔ گروسی اس سال فروری سے اب تک اپنے تیسرے دورے پر پیر کی شام تہران پہنچے تھے۔ انہوں نے آج منگل کے روز ایرانی جوہری پروگرام کے سربراہ محمد اسلامی سے ملاقات کی، جس کے بعد انہیں وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے بھی ملنا تھا۔ محمد اسلامی کے ساتھ ملاقات کے بعد گروسی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کا ادارہ ایرانی حکومت کے ساتھ بات چیت میں مزید تعاون کا خواہش مند ہے۔

[pullquote]کسی بھی اشتعال انگیزی کا بیلاروس کے ساتھ مل کر مناسب جواب دیتے رہیں گے، روس کی تنبیہ[/pullquote]

ماسکو نے خبردار کیا ہے کہ روس اور بیلاروس کی دیگر ممالک کے ساتھ سرحدوں پر کسی بھی اشتعال انگیزی کا مناسب جواب دیا جائے گا۔ روسی سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری نکولائی پاترُوشیف نے منگل کے روز ایک اخباری انٹرویو میں کہا کہ روس اور بیلاروس اپنی بین الاقوامی سرحدوں پر فوجی سمیت کسی بھی طرح کی اشتعال انگیزی کا مناسب جواب دیتے رہیں گے۔ پاترُوشیف نے یہ بیان بیلاروس کی یورپی یونین کے ساتھ سرحدوں پر تارکین وطن کی وجہ سے پائے جانے والے بحران کے تناظر میں دیا۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس روس کا قریب ترین اتحادی اور اسٹریٹیجک پارٹنر ملک ہے۔

[pullquote]استنبول میں انٹرنیشنل پولیس کا سالانہ اجلاس شروع ہو گیا[/pullquote]

ترکی کے شہر استنبول میں آج منگل سے بین الاقوامی پولیس انٹرپول کا سالانہ اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ اس تین روزہ اجلاس میں عالمی سطح پر پائے جانے والے خطرات اور جرائم کے موجودہ رجحانات پر تبادلہ خیال کے علاوہ اس عالمی ادارے کے نئے سربراہ کا چناؤ بھی کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں انٹرنیشنل پولیس کے رکن ایک سو چورانوے ممالک کے پولیس سربراہان اور دیگر اعلیٰ افسران شرکت کر رہے ہیں۔ سالانہ اجلاس کے شرکاء انٹرپول کے نئے سربراہ اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے ارکان کا انتخاب جمعرات کے روز کریں گے۔

[pullquote]بلغاریہ میں مسافر بس کے حادثے میں کم از کم چھیالیس افراد ہلاک[/pullquote]

مشرقی یورپی ملک بلغاریہ میں ایک مسافر بس کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں کم از کم چھیالیس افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ دارالحکومت صوفیہ سے تقریباﹰ چالیس کلومیٹر جنوب کی طرف ایک موٹر وے پر پیر اور منگل کی درمیانی رات پیش آیا۔ مرنے والوں میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔ کئی زخمیوں کو علاج کے لیے صوفیہ کے ایک ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم وجوہات کی بنا پر پیش آنے والے اس حادثے کے بعد بس کو آگ لگ گئی تھی۔ اس لیے مسافروں میں سے بہت کم زندہ بچے۔

[pullquote]جرمنی میں نئی کورونا انفیکشنز کی ہفتہ وار اوسط کا نیا ریکارڈ[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی ہفتہ وار اوسط کا ایک نیا ریکارڈ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہ بات وبائی امراض کی روک تھام کے جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کی طرف سے آج منگل کی صبح برلن میں بتائی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ فی ایک لاکھ آبادی میں کورونا کے نئے کیسز کی ہفتہ وار اوسط اب چار سو ہو گئی ہے۔ کل پیر کے دن یہی اوسط تین سو چھیاسی اور اتوار کے روز تین سو بارہ رہی تھی۔ رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کووڈ انیس کے پینتالیس ہزار تین سو چھبیس نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ اس کے علاوہ کووڈ انیس کے مزید تین سو نو مریضوں کا انتقال بھی ہو گیا۔ جرمنی میں اس وبا سے اب تک ننانوے ہزار چار سو تینتیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]فرانسیسی وزیر اعظم کورونا کے مثبت ٹیسٹ کے بعد قرنطینہ میں[/pullquote]

فرانسیسی وزیر اعظم ژاں کاسٹیکس کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کے بعد قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔ پیرس میں ان کے دفتر کی طرف سے بتایا گیا کہ اب ان کی سرکاری مصروفیات اس طرح طے کی گئی ہیں کہ وہ اپنی سرکاری رہائش گاہ سے ہی اپنے فرائض انجام دے سکیں گے۔ کاسٹیکس دس روز کے لیے قرنطینہ میں ہیں۔ انہوں نے کل پیر کے روز اپنے بیلجین ہم منصب الیکسانڈر دے کرُو سے برسلز میں ملاقات کی تھی۔ بیلجیم کے وزیر اعظم دے کرُو بھی قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔

[pullquote]بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کے سرکردہ کارکن کی گرفتاری[/pullquote]

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کے سرکردہ کارکن خرم پرویز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان کی اہلیہ ثمینہ پرویز نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ان کے شوہر کو بھارت میں دہشت گردی کے واقعات کی چھان بین کرنے والی ایجنسی این آئی اے کے اہلکاروں نے پیر کو رات گئے سری نگر میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا۔ ثمینہ پرویز کے مطابق این آئی اے کے اہلکار جاتے ہوئے خرم پرویز کا موبائل فون، لیپ ٹاپ اور کئی کتابیں بھی ساتھ لے گئے۔ بیالیس سالہ خرم پرویز جموں کشمیر سول سوسائٹی کولیشن نامی ہیومن رائٹس گروپ کے پروگرام کوآرڈینیٹر ہیں۔ بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی اس گرفتاری کے بارے میں تاحال خاموش ہے۔

[pullquote]وسکانسن کے حملہ آور پر فرد جرم عائد[/pullquote]

امریکی ریاست وسکانسن کے واؤکیشا نامی شہر میں کرسمس کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک پریڈ کے شرکاء پر اپنی گاڑی چڑھا دینے والے ملزم پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ ملزم کے اس دانستہ اقدام کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔ واؤکیشا میں پولیس کے سربراہ ڈَین ٹامپسن نے بتایا کہ ابتدائی چھان بین کی روشنی میں ایسا کوئی امکان نہیں کہ یہ حملہ دہشت گردانہ سوچ کے تحت کیا گیا۔ پولیس کے مطابق انتالیس سالہ ملزم اس حملے سے قبل ایک گھریلو جھگڑے کے بعد اپنے گھر سے نکلا تھا اور وہ اس حملے کا واحد ذمے دار ملزم ہے۔

[pullquote]امریکا کی کورونا وائرس کے باعث جرمنی اور ڈنمارک کے سفر کے خلاف تنبیہ[/pullquote]

امریکی حکومت نے کورونا وائرس کی انفیکشنز کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے ملکی شہریوں کو جرمنی اور ڈنمارک کے سفر کے خلاف تنبیہ کی ہے۔ واشنگٹن میں وبائی امراض کی روک تھام کے امریکی مرکز اور وزارت خارجہ نے بتایا کہ ان دونوں یورپی ممالک کے سفر کے خلاف عام شہریوں کے لیے وارننگ کا درجہ بڑھا کر چار کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بیلجیم، کروشیا، ہنگری، نیدرلینڈز اور آسٹریا کے لیے ایسی ہی سفری تنبیہ کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔

[pullquote]بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ کی ایرانی رہنماؤں سے ملاقاتیں آج[/pullquote]

بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ رافائل گروسی آج منگل کے روز تہران میں ایران کے جوہری پروگرام کے سربراہ محمد اسلامی سے ملاقات کر رہے ہیں۔ گروسی اپنے تازہ ترین دورے پر کل پیر کی شام تہران پہنچے تھے۔ وہ محمد اسلامی کے ساتھ ملاقات سے قبل آج ہی پہلی مرتبہ نئے ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے بھی مل رہے ہیں۔ ان کے اس دورے کا مقصد ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کے دو ہزار پندرہ میں طے پانے والے جوہری معاہدے کی بحالی ہے۔ گزشتہ چند برسوں سے تعطل کے شکار اس معاہدے کی بحالی کے لیے فریقین کے مابین بات چیت عنقریب شروع ہونے والی ہے۔ اس مکالمت کی بحالی کی راہ میں تاہم اب تک کئی رکاوٹیں موجود ہیں۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے