[pullquote]جرمنی میں نئی وفاقی مخلوط حکومت کا معاہدہ تقریباﹰ طے پا گیا[/pullquote]
جرمنی کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی، گرین پارٹی اور فری ڈیموکریٹک پارٹی کے مابین نئی وفاقی مخلوط حکومت کے قیام سے متعلق معاہدہ تقریباﹰ طے پاگیا ہے۔ یوں دو ماہ قبل ہونے والے قومی الیکشن کے بعد نئی حکومت کرسمس کی چھٹیوں سے پہلے قائم ہو جائے گی۔ نئے وفاقی چانسلر سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے اولاف شولس ہوں گے۔ تینوں سیاسی جماعتوں کے قریبی ذرائع کے مطابق اس حکومتی معاہدے کو آج ہی حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ نئی حکومت کے قیام سے قبل ایس پی ڈی اور ایف ڈی پی اس معاہدے کی اپنے پارٹی کنوینشنز میں منظوری حاصل کریں گی جبکہ گرین پارٹی اس کے لیے اپنے ارکان کی اکثریت کی تائید حاصل کرے گی۔
[pullquote]تہران میں مذاکرات نامکمل رہے، آئی اے ای اے کے سربراہ کا موقف[/pullquote]
جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی نے کہا ہے کہ ان کی تہران میں کل منگل کے روز ہونے والی بات چیت نامکمل رہی۔ گروسی پیر کی شام اپنے ایک نئے دورے پر تہران پہنچے تھے۔ انہوں نے یہ بات ویانا واپسی کے بعد آج بدھ کے روز کہی۔ رافائل گروسی نے تہران میں کل ایرانی جوہری پروگرام کے سربراہ محمد اسلامی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقاتیں کی تھیں۔ ان کے اس دورے کا مقصد ایران کے ساتھ اس کے متنازعہ جوہری پروگرام سے متعلق باقاعدہ مذاکرات کی بحالی کی کوشش تھا۔
[pullquote]آسٹریلیا نے حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا[/pullquote]
آسٹریلیا نے آج بدھ کے روز حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا۔ اس تنظیم کو لبنان میں سیاسی اور سماجی سطح پر وسیع تر اثر و رسوخ حاصل ہے۔ پہلے آسٹریلیا نے اس تنظیم کے صرف مسلح بازو کو ہی ممنوع قرار دیا تھا۔ اب لیکن اس پوری تحریک کو ایک ’دہشت گرد تنظیم‘ قرار دے دیا گیا ہے۔ حزب اللہ لبنان کی ایک شیعہ مسلم تحریک ہے، جسے ایران کی حمایت حاصل ہے۔ آسٹریلوی وزیر داخلہ کیرن اینڈریوز نے کہا کہ یہ تنظیم دہشت گردانہ حملوں کی دھمکیاں دیتے رہنے کے علاوہ دہشت گرد گروپوں کی مدد بھی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی لیے حزب اللہ آسٹریلیا کے لیے ایک ’حقیقی‘ خطرہ ہے۔
[pullquote]یورپی یونین کی متنازعہ زرعی پالیسیوں کی پارلیمانی منظوری[/pullquote]
یورپی پارلیمان نے یورپی یونین کی زرعی شعبے سے متعلق متنازعہ سمجھی جانے والے مشترکہ پالیسیوں کی منظوری دے دی ہے۔ جی اے پی کہلانے والی ان مشترکہ زرعی پالیسیوں کی سب سے زیادہ حمایت سٹراس برگ کی پارلیمان میں قدامت پسندوں اور ترقی پسندوں کے دھڑوں نے کی۔ ماحول پسندوں، سوشل ڈیموکریٹس اور بائیں باز وکی طرف سے ان پالیسیوں پر تنقید کی گئی۔ ان کا مقصد یونین کے زرعی شعبے کو زیادہ سے زیادہ منصفانہ اور ماحول دوست بنانا ہے۔ ان پالیسیوں میں ماحول دوست زراعت کے لیے کئی عملی اقدمات کا تعین کیا گیا ہے۔ سن دو ہزار ستائیس تک کے لیے یونین کے بجٹ میں اسی زرعی پروگرام کے تحت مجموعی طور پر تین سو ستاسی بلین یورو کی رقوم رکھی گئی ہیں۔
[pullquote]امریکا اور افغان طالبان کے مابین بات چیت کا نیا دور اگلے ہفتے سے قطر میں[/pullquote]
امریکا اور افغان طالبان کے مابین تعطل کی شکار مکالمت اگلے ہفتے سے دوبارہ قطری دارالحکومت دوحہ میں شروع ہو جائے گی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق فی الحال ان مذاکرات میں طالبان کے ساتھ قومی اہمیت کے کئی امور پر بات چیت کے لیے دو ہفتے کا وقت رکھا گیا ہے۔ ان مذاکرات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور افغانستان کو درپیش انسانی بحران اور اس کے ممکنہ حل کو مرکزی اہمیت حاصل رہے گی۔ دوحہ مذاکرات کے اس نئے دور میں امریکی وفد کی قیادت افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب ٹام ویسٹ کریں گے۔
[pullquote]شمالی آئرلینڈ سے متعلق تجارتی ضوابط: مذاکرات اگلے برس تک جاری رہ سکتے ہیں[/pullquote]
یورپی یونین اور برطانیہ کے مابین بریگزٹ کے بعد شمالی آئرلینڈ کے لیے تجارت سے متعلق ضوابط کے حتمی تعین کے لیے مذاکرات اگلے برس تک جاری رہ سکتے ہیں۔ یہ بات یورپی کمیشن کے نائب صدر مارکوس سَیفکووِچ نے برسلز میں ایک اخباری انٹرویو میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ اگر برطانیہ واضح سیاسی ارادے کا حامل ہوتا، تو یہ مسئلہ اب تک حل ہو چکا ہوتا۔ مگر گزشتہ چار ہفتوں کے دوران ہونے والی پیش رفت کی روشنی میں یہ عین ممکن ہے کہ برسلز اور لندن کے مابین اس بارے میں بات چیت اگلے سال تک جاری رہے۔
[pullquote]آئن اسٹائن کے نظریہ اضافیت کا تحریری مسودہ گیارہ ملین یورو سے زائد میں نیلام[/pullquote]
نوبل انعام یافتہ ماہر طبیعیات البرٹ آئن اسٹائن کا تحریر کردہ وہ مسودہ نیلام کر دیا گیا ہے، جس میں انہوں نے اپنے مشہور زمانہ نظریہ اضافیت کو حتمی شکل دی تھی۔ یہ تاریخی دستاویز فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں گیارہ اعشاریہ چھ ملین یورو کے عوض نیلام ہوئی۔ یہ مسودہ چون صفحات پر مشتمل ہے اور اسے آئن اسٹائن نے اپنے متعمد ساتھی مشیل بَیسو کے ساتھ مل کر لکھا تھا۔ یہ تاریخی دستاویز آئن اسٹائن کے نظریہ اضافیت کی تشکیل سے متعلق آج تک محفوظ صرف دو تحریری مسودوں میں سے ایک ہے۔ اسی دوران یروشلم میں ہونے والی ایک دوسری نیلامی میں آئن اسٹائن کا ایک خط بھی اڑتالیس ہزار یورو میں نیلام کر دیا گیا۔ اس خط میں آئن اسٹائن نے سامیت دشمنی کے موضوع پر اپنے خیالات قلم بند کیے تھے۔
[pullquote]جرمنی میں کورونا کی وبا کے خلاف نئے ضوابط نافذ العمل ہو گئے[/pullquote]
جرمنی میں آج بدھ کے دن سے کورونا وائرس کے خلاف نئے ضوابط نافذ ہو گئے ہیں۔ ان ضوابط کی منظوری گزشتہ ہفتے جرمن پارلیمان کے دونوں ایوانوں نے دی تھی۔ نئے ضابطوں کو انفیکشن سے تحفظ کے ترمیم شدہ قانون کا نام دیا گیا ہے۔ اب عام جرمن شہری صرف اسی صورت میں پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کر سکیں یا اپنے روزگار کی جگہوں پر جا سکیں گے، جب ان کے پاس کووڈ انیس کی بیماری کے بعد صحت یابی، مکمل ویکسینیشن یا فوری کورونا ٹیسٹ کے منفی نتائج کا ثبوت موجود ہو گا۔ جہاں تک ممکن ہو، کارکنوں کے لیے گھروں سے کام کرنا بھی لازمی ہو گیا ہے۔ سولہ میں سے چند وفاقی صوبوں نے اپنے ہاں یہ قانون آج سے پہلے ہی نافذ کر دیا تھا۔ جرمنی میں گزشتہ روز تقریباﹰ سڑسٹھ ہزار نئی انفیکشنز رجسٹر کی گئیں، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔
[pullquote]سعودی قیادت میں عسکری اتحاد کے یمنی دارالحکومت صنعاء میں نئے فضائی حملے[/pullquote]
یمنی خانہ جنگی میں حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد نے کہا ہے کہ اس کی طرف سے صنعاء میں دوبارہ فضائی حملے کیے جا رہے ہیں۔ اس اتحاد نے آج بدھ کے روز کہا کہ یہ فضائی حملے حوثی باغیوں کے فوجی اڈوں اور تنصیبات پر کیے جا رہے ہیں اور عام شہریوں کو ملکی دارالحکومت میں ایسے مقامات سے دور رہنا چاہیے۔ سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق ڈرونز کی مدد سے کیے جانے والے ان حملوں میں جن اہداف کا نشانہ بنایا گیا، ان میں ایران نواز حوثی باغیوں کی ڈرون بنانے والی ایک خفیہ لیبارٹری بھی شامل ہے۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]