[pullquote]جرمنی میں کووِڈ انیس سے ہلاکتیں ایک لاکھ سے تجاوز کر گئیں[/pullquote]
جرمنی میں کورونا وائرس کے باعث مجموعی ہلاکتیں جمعرات کے روز ایک لاکھ سے تجاوز کر گئیں۔ دیگر یورپی ممالک کے مقابلے میں اب تک جرمنی اس وبا سے بہتر انداز سے نمٹتا رہا ہے تاہم حالیہ دنوں میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ متعدی بیماریوں پر نگاہ رکھنے والے جرمن ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں اس وبا سے جڑی ہلاکتوں کی تعداد 351 رہی۔ یوں کورونا وائرس کی وبا کے آغاز سے اب تک جرمنی میں مجوعی ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ ایک سو انیس ہو گئی ہے۔
[pullquote]صومالی دارالحکومت میں بم حملہ، کم از کم آٹھ افراد ہلاک[/pullquote]
صومالی دارالحکومت موغادیشو میں جمعرات کے روز ہوئے ایک بم حملے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ اس حملے کی ذمہ داری عسکریت پسند تنظیم الشباب نے قبول کی ہے۔ پولیس کے مطابق اس واقعے میں دیگر 17 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ الشباب کے مطابق اس حملے میں بین الاقوامی فوجی مشن کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ بات اہم ہے کہ صومالیہ میں الشباب تنظیم کی جانب سے حالیہ کچھ برسوں میں بم حملوں کے واقعات ایک تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔
[pullquote]امریکا نے متعدد چینی کمپنیوں کو بلیک لسٹ میں شامل کر لیا[/pullquote]”
امریکی حکومت نے تقریباً ایک درجن چینی کمپنیوں کو چینی فوج کی معاونت کے تناظر میں بلیک لسٹ میں ڈال دیا ہے۔ امریکی حکومتی بیان کے مطابق چند افراد اور کمپنیوں کو پاکستانی جوہری اور بیلیسٹک میزائل پروگرام میں مدد فراہم کرنے پر بھی بلیک لسٹ میں ڈالا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ چین، جاپان، پاکستان اور سنگاپور سے تعلق رکھنے والے 27 افراد اور کمپنیوں کو اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ امریکی بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کے ذریعے ان کمپنیوں کو چینی اور روسی عسکری پیش رفت میں معاونت سے روکا جائے گا جب کہ ساتھ ہی پاکستان کی مبینہ غیرمحفوظ جوہری سرگرمیوں میں مدد بھی محدود بنائی جائے گی۔
[pullquote]انگلش چینل میں غیرقانونی تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ، 27 ہلاکتیں[/pullquote]
فرانس اور برطانیہ کے درمیان انگلش چینل کے سمندری علاقے میں تارکین وطن کی ایک کشتی ڈوب گئی۔ اس واقعے میں ایک حاملہ خاتون سمیت کم از کم 27 تارکین وطن ہلاک ہو گئے ہیں۔ فرانسیسی وزیرداخلہ گیرالڈ ڈامانی نے کہا کہ اس حادثے کے بعد ایک مبینہ انسانی اسمگلر کو حراست میں لیا گیا تھا۔ وزیرداخلہ کے مطابق حکام ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کے عمل میں مصروف ہیں، تاہم ہلاک ہونے والوں میں سے ایک کی عراقی اور ایک کی صومالی شہریت کی تصدیق کی گئی ہے۔
[pullquote]شام نے حمص پر داغے گئے بارہ میں سے دس اسرائیلی میزائل تباہ کر دیے، روس[/pullquote]
روسی عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے شامی صوبے حمص پر داغے گئے بارہ میزائلوں میں سے دس کو شامی میزائل شکن نظام نے تباہ کر دیا۔ روسی خبر رساں ادارے آر آئی اے نے یہ بات اعلیٰ روسی عسکری ذرائع کے حوالے سے کہی ہے۔ خبر رساں ادارے نے ریئر ایڈمرل وادِم کولِت کے حوالے سے بتایا کہ شام نے اسرائیلی میزائلوں کو فضا میں تباہ کرنے کے لیے بک ایم ٹو ای اور پانٹسِر ایس میزائلوں کا استعمال کیا۔ روسی بیان کے مطابق اسرائیلی ایف سولہ طیاروں نے لبنانی فضائی حدود سے شام میں داخل ہو کر حمص صوبے پر میزائل داغے تھے۔
[pullquote]جرمنی میں نئی اتحادی حکومت کا معاہدہ طے[/pullquote]
جرمنی میں سینٹر لیفٹ جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی ایس پی ڈی، گرین پارٹی اور لبرل فری ڈیموکریٹس کے مابین اتحادی حکومت کے قیام کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ قریب دو ماہ قبل جرمنی میں عام انتخابات میں ایس پی ڈی کو چانسلر انگیلا میرکل کے قدامت پسند بلاک پر معمولی برتری حاصل ہوئی تھی۔ اتحادی حکومت کے قیام کے معاہدے کے تحت ایس پی ڈی کے 63 سالہ اولاف شولز جرمنی کے نئے چانسلر ہوں گے۔ جرمنی میں اتحادی حکومت کا قیام ایک ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب جرمنی کورونا وائرس کی چوتھی لہر سے نبرد آزما ہے۔
[pullquote]فرانس اور کروشیا کے درمیان لڑاکا طیاروں کی ڈیل طے[/pullquote]
فرانس نے کروشیا کے ساتھ رافایئل طیاروں کی فراہمی کی ایک ڈیل کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس ڈیل کے ذریعے کروشیا فرانس سےقریب نو سو نناولے ملین یورو کے عوض 12 رافائیل لڑاکا طیارے خریدے گا۔ اس معاہدے پر فرانسیسی مسلح افواج کی وزیر فلورینس پارلی نے اپنے کروشین ہم منصب کے ہم راہ دستخط کیے۔ اس موقع پر فرانسیسی صدر امانویل ماکروں اور کروشیا کے وزیراعظم آندریج پلنکووِچ بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ کروشیا سن 2009 میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کا حصہ بنا تھا جب کہ 2013 میں اسے یورپی یونین کی رکنیت ملی تھی۔
[pullquote]ایران کے ساتھ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کا ڈیڈلاک برا اشارہ ہے، امریکا[/pullquote]
امریکا نے کہا ہے کہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی اور ایران کے درمیان ڈیڈلاک جوہری مذاکرات کے حوالے سے ایک برا اشارہ ہے۔چند روز بعد ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے کے احیاء کے لیے مذاکرات کا آغاز ہونا ہے، تاہم عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی جانب سے ایران پر تعاون نہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ایران کا عالمی جوہری توانائی ایجنسی سے تعاون نہ کرنا، جوہری مذاکرات کے سنجیدگی اور کامیابی کے لیے ایک اچھا اشارہ نہیں ہے۔
[pullquote]انڈونیشیا کی آئینی عدالت نے متنازعہ لیبر قوانین میں ترمیم کا حکم دے دیا[/pullquote]
انڈونیشیا کی آئینی عدالت نے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے سے جڑے قوانین کو مشروط طور پر غیرآئینی قرار دیتے ہوئے حکومت کو حکم دیا ہے کہ وہ دو سال کے اندر اندر ان میں ترمیم لائے۔ گزشتہ برس منظور کیے گئے نئے لیبر قوانین پر بڑے پیمانے پر تنقید کی جا رہی تھی اور کہا جا رہا تھا کہ ان کی وجہ سے ملازمین کے حقوق میں کمی کے علاوہ ماحولیاتی تحفظ کے شعبے کو بھی نقصان ہو گا۔ انڈونیشیا کے چیف جسٹس انور عثمان نے اپنے حکم میں کہا کہ اگر اگلے دو برسوں میں حکومت ان قوانین میں ترمیم نہیں کرتی، تو یہ قوانین مکمل طور پر غیرآئینی سمجھے جائیں گے۔
[pullquote]معمر قذافی کے بیٹے کو صدارتی دوڑ سے باہر کر دیا گیا[/pullquote]
لیبیا کی اعلیٰ ترین انتخابی کمیٹی نے سابق آمر معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی کو صدارتی انتخابات میں شمولیت کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔ سیف الاسلام قذافی اگلے ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات میں شمولیت کے خواہاں تھے تاہم لیبیا کی ہائی نیشنل الیکشنز کمیٹی نے سیف الاسلام قذافی پر ماضی میں ثابت ہونے والے جرائم کے تناظر میں انہیں ان انتخابات میں شمولیت سے روک دیا۔ تاہم انہیں اس فیصلے کے خلاف اپیل کا حق دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سیف الاسلام قذافی کو سن 2015 میں طرابلس کی ایک عدالت نے سزائے موت سنائی تھی تاہم اس سزا پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔ لیبیا میں صدارتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 24 دسمبر کو منعقد ہو رہا ہے۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]