[pullquote]جوہری ڈیل بچانے کے لیے پرعزم ہیں، ایران[/pullquote]
ایران کا کہنا ہے کہ وہ عالمی طاقتوں کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے جوہری معاہدے کو بچانے کے لیے پرعزم ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بات آج ویانا میں شروع ہونے والے جوہری مذاکرات کے تناظر میں کہی گئی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے صحافیوں سےکہا کہ ایرانی وفد ویانا مذاکرات میں اس عزم کے ساتھ شریک ہو رہا ہے کہ وہ بامقصد گفتگو کے ذریعے جوہری معاہدے کو بچائے۔ یہ بات اہم ہے کہ جوہری مذاکرات کا گزشتہ دور رواں برس جون میں ہوا تھا، جب کہ اس کے بعد ایران میں سخت گیر نظریات کے حامل ابراہیم رئیسی صدر کا عہدہ سنبھال چکے ہیں۔
[pullquote]ترکی، روس اور یوکرائن کے درمیان ثالثی کے لیے تیار ہے، ایردوآن[/pullquote]
ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے پیشکش کی ہے کہ ترکی روس اور یوکرائن کے درمیان ثالثی کے لیے تیار ہے۔ روس اور یوکرائن کے درمیان تناؤ اس وقت عروج پر ہے اور مشرقی یوکرائن میں روس نواز باغیوں کے زیرقبضہ علاقوں کے قریب روسی فوج جمع ہے۔ ترکمانستان سے وطن واپسی پر جہاز میں صحافیوں سے بات چیت میں ایردوآن کا کہنا تھا کہ چاہے ثالثی ہو یا فریقین سے گفت شنید ترکی مسئلے کے حل میں اپنا حصہ شامل کرنا چاہتا ہے۔
[pullquote]نئے ہائپرسونک کروز میزائل کا تجربہ کامیاب رہا، روس[/pullquote]
روس نے کہا ہے کہ اس کے سِرکون نامی ہائپرسونک کروز میزائل کا تجربہ کامیاب رہا ہے۔ روس، امریکا، فرانس اور چین گزشتہ کافی عرصے سے ماچ فائیو کہلانے والے ہائپرسونک گلائیڈ وہیکلز کی تیاری کے تجربات کر رہے ہیں۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق روسی جنگی بحری جہاز ایڈمرل گورشیکوف سے سرکون میزائل داغا گیا، جس کے ذریعےچار سو کلومیٹر دور ایک ہدف کوکامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔ روس حالیہ کچھ عرصے سے اس ہائپر سونک میزائل کی تیاری کے تجربات میں مصروف ہے جب کہ اس کا منصوبہ ہے کہ یہ میزائل جنگی جہازوں اور آبدوزوں میں نصب کیے جائیں۔
[pullquote]عالمی وباؤں سے مقابلے کے لیے عالمی معاہدے کے لیے بات چیت[/pullquote]
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت کی 194 رکن ریاستیں آج پیر کے روز ایک اجلاس میں کسی نئی عالمی وبا سے مقابلے کے لیے ایک مشترکہ لائحہ عمل پر غور کر رہی ہیں۔ مجوزہ ’پینڈیمک ٹریٹی‘ سے متعلق اس وزارتی سطح کے اجلاس میں مستقبل میں کسی وبا سے مقابلے کے لیے بین الاقوامی تعاون میں وسعت پر غور کیا جائے گا۔ جنیوا میں تعینات جرمن سفارتی مشن کی جانب سے اتوار کی شب ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا گیا تھا کہ مختلف ممالک اس سلسلے میں ایک مجوزہ مسودے پر متفق ہوئے ہیں، جس کے تحت عالمی معاہدے سے متعلق بات چیت کے آغاز کے علاوہ ٹائم لائن بھی تجویز کی گئی ہے۔
[pullquote]افغانستان کے ہوائی اڈے فعال رکھنے کے لیے طالبان نے یورپی یونین سے مدد مانگ لی[/pullquote]
طالبان نے افغانستان کے ہوائی اڈے فعال اور بحال رکھنے کے لیے یورپی یونین سے مدد مانگ لی ہے۔ اختتام ہفتہ پر یورپی حکام کے ساتھ بات چیت میں افغانستان میں انسانی حوالے سے تشویشناک بحرانی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی۔ یورپی یونین کی جانب سے اتوار کی شب جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ طالبان اور یورپی یونین کے وفد کے درمیان یہ بات چیت قطری دارالحکومت دوحہ میں ہوئی۔ آج پیر کے روز سے امریکی وفد بھی طالبان کے ساتھ دو ہفتوں پر محیط مذاکرات کا آغاز کر رہا ہے۔ یورپی بیان میں تاہم کہا گیا ہے کہ طالبان کے ساتھ بات چیت کا مطلب طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنا نہیں ہے۔
[pullquote]چین فوج پر دباؤ بڑھا رہا ہے تاہم جواب کے لیے تیار ہیں، تائیوان[/pullquote]
تائیوانی وزیردفاع چیو کیو چینگ نے کہا ہے کہ چینی فضائیہ ملکی فضائی حدود کے قریب اپنے مشنز کے ذریعے تائیوانی فوج پر دباؤ بڑھا رہی ہے لیکن تائیوان جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اتوار کے روز 27 چینی لڑاکا طیارے تائیوانی فضائی حدود میں داخل ہوئے، جس کے خلاف تائیوانی فضائیہ کو متحرک کیا گیا۔ تائیوانی وزیردفاع کے مطابق چین ان حربوں کے ذریعے یہ باور کروا رہا ہے کہ اس کے پاس طاقت ہے، تاہم تائیوانی فوج یہ بتا رہی ہے کہ وہ جوابی کارروائی کے لیے تیار ہے۔
[pullquote]اومیکرون کا پھیلاؤ، جرمنی میں دوبارہ پابندیوں کے مطالبات[/pullquote]
متعدد اہم جرمن سیاست دانوں نے کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے پابندیوں کے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب جرمنی پہلے ہی کورونا کے ریکارڈ کیسز کا سامنا کر رہا ہے، کورونا کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاؤ کے خدشات پیدا ہو رہے ہیں۔ ہفتے کے روز جنوبی جرمن ریاست باویریا میں پہلی بار اومیکرون کے دو کیسز تشخیص کیے گئے جب کہ جنوبی افریقہ سے جرمنی پہنچنے والے ایک اور شخص بھی میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اسی تناظر میں اتوار کے روز سے جنوبی افریقہ سے جرمنی کے لیے پروازوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
[pullquote]بیلا روس کی سرحد پر بحران ختم نہیں ہوا، نیٹو سیکرٹری جنرل اسٹولٹن برگ[/pullquote]
مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ نے خبردار کیا ہے کہ یورپی یونین کی مشرقی سرحدوں پر مہاجرین کا بحران ختم نہیں ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب بھی غیرقانونی تارکین وطن بیلاروس سے یورپی یونین کی رکن ریاستوں میں داخلے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لِٹیویا کے ایک ٹی وی چینل سے بات چیت میں اسٹولٹن برگ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے شدت یقیناً کم ہوئی ہے تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ یہ بحران ختم ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ کچھ ہفتوں میں عراق، یمن، شام، افغانستان اور ایران سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں تارکین وطن بیلاروس سے یورپی یونین میں داخلے کی کوشش میں ہیں۔
[pullquote]کورونا وائرس، جاپان میں داخلے سے متعلق سخت ضوابط دوبارہ متعارف[/pullquote]
جاپانی وزیراعظم فومیو کِشیدا نے ملک میں داخلے سے متعلق ضوابط ایک مرتبہ پھر سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاؤ کی روک تھام بتایا گیا ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ چند ہفتے قبل ہی جاپان نے کورونا وائرس سے جڑی سفری بندشوں میں نرمی کی تھی۔ آج پیر کے روز جاپانی وزیراعظم کِشیدا نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ یہ نئی پابندیاں 30 نومبر سے نافذ کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ عالمی وبا کے دوران قریب تمام وقت جاپان کے لیے غیرملکی سیاحوں پر مکمل پابندی عائد رہی ہے۔
[pullquote]ایرانی جوہری مذاکرات دوبارہ شروع[/pullquote]
ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات آج سے ویانا میں دوبارہ شروع ہو رہے ہیں۔ سن 2015 میں ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ایک جوہری معاہدہ طے پایا تھا، تاہم 2018 میں اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یک طرفہ طور پر اس معاہدے سے الگ ہو گئے تھے۔ امریکا میں جوبائیڈن کے عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد دوبارہ اس معاہدے کی تجدید کی توقع کی جا رہی ہے۔ تاہم ماضی کے مقابلے میں ایرانی رویہ اب بہت سخت ہے اور ان مذاکرات میں کسی فوری پیش رفت کی توقع ظاہر نہیں کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل رواں برس اپریل تا جون جوہری مذاکرات کے چھ راؤنڈ منعقد ہو چکے ہیں۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]