[pullquote]اومیکرون کے خلاف مؤثر ویکسین، یورپی یونین کا 180 ملین خوراکیں خریدنے کا فیصلہ[/pullquote]
یورپی یونین میں شامل حکومتوں نے کورونا وائرس کی تبدیل شدہ نئی قسم اومیکرون کے خلاف مؤثر ویکسین کی 180 ملین خوراکیں خریدنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ یورپی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس کے بعد یورپی کمیشن کی سربراہ اورزلا فان ڈیئر لائن نے یہ اعلان کیا۔ بائیون ٹیک فائزر کمپنی نے اومیکرون ویرئنٹ کے خلاف مؤثر کووڈ ویکسین کا پروٹائپ 25 نومبر کو تیار کر لیا تھا اور کہا تھا کہ یہ ویکیسن مارچ تک دستیاب ہو جائے گی۔
[pullquote]جاپان میں ایک تجارتی عمارت میں آگ لگنے کے سبب درجنوں ہلاکتوں کا خدشہ[/pullquote]
جاپان کے ایک اہم معاشی شہر اوساکا کی ایک تجارتی عمارت میں آگ لگنے کے سبب درجنوں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ آگ بجھانے والے عملے کے مطابق آگ لگنے کے بعد نکالے گئے 28 افراد میں سے 27 میں زندگی کی کوئی علامت باقی نہیں تھی۔ ان افراد کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جاپان میں کسی کی موت کی تصدق صرف ایک ڈاکٹر ہی کر سکتا ہے۔ تفتیش کار اس اطلاع پر تحقیقات کر رہے ہیں کہ آگ لگنے سے قبل اس جگہ پر کسی شخص کو کاغذ کے ایک لفافے سے وہاں کچھ گراتے ہوئے دیکھا گیا تھا، جس کے بعد عمارت کی چوتھی منزل پر آگ بھڑک اٹھی۔ اس منزل پر نفسیاتی مریضوں کا ایک کلینک بھی واقع ہے۔
[pullquote]طاقتور طوفان رائے نے فلپائن میں تباہی پھیلا دی[/pullquote]
ایک طاقتور طوفان نے فلپائن میں تباہی پھیلا دی ہے۔ اس طوفان کے سبب تین لاکھ سے زائد لوگوں کو اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔ حکام کے مطابق کم از کم پانچ افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ رائے نامی اس طوفان اور بارش کے سبب نہ صرف سیلاب بلکہ مٹی کے تودے گرنے کے بھی واقعات پیش آئے۔ تیز ہواؤں کی وجہ سے مکانوں کی متعدد چھتیں اڑ گئی جبکہ درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔ فلپائن کی سول پروٹیکشن ایجنسی کے مطابق شپنگ ٹریفک کے علاوہ کئی پروزوں کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ ملک کے جنوب مشرقی حصے میں کئی ایئرپورٹس کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
[pullquote]یورپی رہنماؤں کا سربراہی اجلاس، یوکرائن کی حمایت کا اعلان[/pullquote]
یورپی سربراہان حکومت اور ریاست نے یوکرائن پر کسی ممکنہ حملے کی صورت میں روس کو ’سخت نتائج‘ سے خبردار کیا ہے۔ برسلز میں ہونے والے یورپی رہنماؤں کے اجلاس کے موقع پر جاری کردہ بیان کے مطابق فوجی اشتعال انگیزی جاری رہنے کی صورت میں روس کو سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ نئے جرمن چانسلر اولاف شولس نے اپنے اولین سربراہی اجلاس میں شرکت کے آغاز پر یوکرائن کی حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ یہ بھی فیصلہ ہوا کہ روس پر پابندیاں قریبی پارٹنر ممالک امریکا اور برطانیہ کی مشاورت سے عائد کی جانا چاہییں۔
[pullquote]طالبان نے کسی بیرونی امداد کے بغیر اپنا پہلا بجٹ تیار کر لیا[/pullquote]
افغان طالبان کی حکومت کی وزارت خزانہ نے اپنے سالانہ بجٹ کا مسودہ تیار کر لیا ہے۔ افغان وزارت خزانہ کے ترجمان کے مطابق گزشتہ دو دہائیوں کے دوران یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بیرونی امداد کے بغیر بجٹ تیار کیا گیا ہے۔ یہ پیشرفت ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب افغانستان کو اقتصادی حوالے سے سخت پریشانیوں کا سامنا ہے اور اقوام متحدہ کے مطابق ملک کو افلاس اور ’بھوک کے طوفان‘ کا سامنا ہے۔ افغان وزارت خزانہ کے ترجمان احمد ولی نے تاہم اس مجوزہ بجٹ کا حجم نہیں بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ سال 2022ء کے دسمبر تک کے لیے اس بجٹ کی تفصیلات جاری کرنے سے قبل کابینہ سے اس کی منظوری لی جائے گی۔
[pullquote]جانسن اینڈ جانسن کمپنی کی تیارہ کردہ کووڈ ویکسین تنقید کی زد میں[/pullquote]
ماہرین کی ایک امریکی کمیٹی نے کہا ہے کہ بائیون ٹیک فائزر اور موڈرنا کمپنی کی تیار کردہ ویکسین کو جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین پر ترجیح دی جانا چاہیے۔ امریکا میں بیماریوں پر کنٹرول اور بچاؤ کے ادارے سی ڈی سی کے مشاورتی بورڈ کے 15 ارکان نے مکمل اتفاق کے ساتھ یہ سفارش کی ہے۔ جانسن اینڈ جانسن ویکسین پر تحفظات کی وجہ اسے لگانے کے بعد بہت ہی کم کیسز میں متاثرہ فرد میں پلیٹلیٹس کی کمی کے سبب خون میں لوتھڑے یا بلڈ کلاٹس کا بننا ہے۔
[pullquote]فیس بُک میں ایک بار پھر سکیورٹی مسائل[/pullquote]
فیس بُک چلانے والی کمپنی میٹا کے مطابق اس کے قریب 50 ہزار صارفین نگرانی کرنے والی ایسی کمپنیوں کا نشانہ بنے ہیں جو ان کی جاسوسی کرنا چاہتے تھے۔ میٹا کے مطابق جاسوسی کا نشانہ بننے والے افراد کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ میٹا گروپ نے، جس میں انسٹاگرام اور وٹس ایپ بھی شامل ہیں، متعدد کمپنیوں کو اپنے پلیٹ فارمز سے ہٹا دیا ہے۔ صارفین کی نگرانی کرنے والی ان کمپنیوں کا تعلق اسرائیل، بھارت اور شمالی مقدونیا سے تھا۔ میٹا کے مطابق چین کے بھی ایک نامعلوم گروپ نے فیس بُک صارفین کی جاسوسی کی کوشش کی۔
[pullquote]ایئربس نے اے 380 کی پراڈکشن روک دی[/pullquote]
یورپی طیارہ ساز ادارے ایئربس نے دنیا کے سب سے بڑے طیارے اے 380 کا آخری آرڈر بھی مکمل کر دیا ہے اور ساتھ ہی پہلی پرواز کے محض 16 برس بعد اس طیارے کی تیاری مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے۔ آخری طیارہ جرمن شہر ہیمبرگ میں متحدہ عرب امارات کی ایمیرٹس ایئرلائن کے حوالے کیا گیا۔ وہاں سے یہ طیارہ مسافروں کو لے کر دبئی روانہ ہو گیا۔ کورونا وبا کے سبب آخری اے 380 کی حوالگی کی تقریب میں کوئی مہمان مدعو نہیں تھا۔ اپنے سائز اور گنجائش کے لحاظ سے اے 380 دنیا کے معروف ترین طیارے بوئنگ کے جمبو 747 سے بھی بڑا ہے۔
[pullquote]144 افراد کو بحیرہ روم میں ڈوبنے سے بچا لیا گیا[/pullquote]
تارکین وطن اور مہاجرین کی مدد کرنے والی امدادی تنظیم ایس او ایس میڈیٹرینین نے بحیرہ روم میں لیبیا کے ساحلوں کے قریب پھنسے 114 تارکین وطن کو بچا لیا ہے۔ اس تنظیم کے مطابق ریسکیو کیے گئے افراد میں 30 بچے بھی شامل ہیں۔ ایس او ایس میڈیٹرینین، بین الاقوامی تنظیموں ریڈکراس اور ہلال احمر کے ساتھ مل کرسمندروں میں پھنسے تارکین وطن اور مہاجرین کی مدد کرتی ہے۔ تاہم متعدد ممالک کے عدم تعاون کے باعث اس تنظیم کے جہاز کو محفوظ بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے اکثر ہی کئی دنوں تک سمندر میں انتظار کرنا پڑتا ہے۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]