[pullquote]طالبان نے پاسپورٹ جاری کرنا شروع کر ديے[/pullquote]
افغان طالبان نے آج بروز ہفتہ اعلان کيا ہے کہ اتوار سے درخواست دہندگان کو پاسپورٹ جاری کرنے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ طالبان کی وزارت داخلہ ميں پاسپورٹ جاری کرنے والے محکمے کے سربراہ عالم گل حقانی نے بتايا ہے کہ تمام تکنيکی مسائل دور کر ديے گئے ہيں اور اتوار سے ان افراد کے پاسپورٹ کا اجراء شروع ہو جائے گا، جنہوں نے پہلے سے درخواستيں دے رکھی ہيں۔ نئی درخواستيں دس جنوری سے جمع کرائی جا سکتی ہيں۔ طالبان کی طرف سے پندرہ اگست کو کابل پر قبضے کے بعد سے دیگر انتظامی و سیاسی معاملات میں تعطل کی طرح پاسپورٹس کے اجراء کا عمل بھی رک گیا تھا۔ لاکھوں افغان ملک سے نقل مکانی کا ارادہ رکھتے ہيں اور ان کے ليے يہ ايک مثبت پيش رفت ہے۔
[pullquote]اوميکرون کے کيسز ہر ڈيڑھ سے تين دن ميں دگنے ہو رہے ہيں، ڈبليو ايچ او[/pullquote]
عالمی ادارہ صحت نے ہفتے کے دن بتایا ہے کہ کورونا وائرس کے نئے تبديل شدہ اوميکرون ويريئنٹ کی 89 ممالک ميں تصديق ہو چکی ہے۔ اوميکرون کے کيسز ہر ڈيڑھ سے تين دن ميں دگنے ہو رہے ہيں۔ ادارے کے مطابق اوميکرون کے کيسز ان ممالک ميں بھی تيزی سے پھيل رہے ہيں، جن ميں عوام کی بڑی اکثريت ويکسين لگوا چکی ہے۔ مگر فی الحال يہ واضح نہيں کہ آيا يہ اس وجہ سے ہے کہ يہ ويريئنٹ ويکسين کے باوجود لاحق ہو سکتا ہے يا محض اس ليے کہ يہ زيادہ مہلک ہے۔ ماہرين نے اوميکرون کی باقاعدہ طور پر ايک نئے ويريئنٹ کے طور پر چھبيس نومبر کو تصديق کی تھی اور يہی وجہ ہے کہ فی الحال اس نئی تبديل شدہ قسم کے بارے ميں زيادہ معلومات دستياب نہيں۔
[pullquote]نگرانی کے کیمروں کی فوٹیج غائب نہیں کی، ایران[/pullquote]
ايرانی اٹامک انرجی آگنائزيشن نے ايسے الزامات رد کر ديے ہيں کہ حساس مقامات پر نصب کيمروں کی فوٹیج غائب کرنے میں اس کا کوئی کردار ہے۔ اس ادارے نے انٹرنيشنل اٹامک انرجی ايجنسی پر زور ديا کہ وہ اس بات کو يقينی بنائے کو ايران کو ايسے ’سائبر حملوں‘ سے تحفظ حاصل ہو نہ کہ ان کا الزام پر اس پر لگا ديا جائے۔ ايک روز قبل آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی نے کہا تھا کہ ايران نے جون ميں پيش آنے والے اس واقعے کا کوئی تسلی بخش جواب نہيں ديا۔ تہران سے مغرب کی طرف واقع کرج کے مقام پر قائم جوہری تنصيب سے نگرانی کے ليے نصب کيمروں کی ریکارڈنگ پراسرار طریقے سے ڈیلیٹ ہو گئی تھے، جس پر مغربی ممالک کو شک ہے کہ ايرانی جوہری پروگرام غلط سمت ميں جا رہا ہے۔
[pullquote]ايران اور عالمی قوتوں کے مابين مذاکرات ميں غير ضروری وقفہ[/pullquote]
ايران اور عالمی قوتوں کے مابين ويانا ميں جاری مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے ہیں۔ ايرانی مذاکرات کار مشاورت کے ليے جمعے کی شب تہران روانہ ہو گئے، جس پر يورپی سفارت کاروں نے ناراضی کا اظہار کيا اور يہ بھی کہا کہ سن 2015 کی ڈيل کو بچانے کے ليے وقت ہاتھ سے نکلتا جا رہا ہے۔ تہران حکومت کے مذاکرات کاروں نے چند نئے مطالبات سامنے رکھے ہيں جس پر امريکی و يورپی سفارت کار زيادہ خوش نہيں۔ البتہ بات چيت ميں تکنيکی سطح پر پيش رفت ہوئی ہے۔ ويانا ميں بات چيت کا يہ دور انتيس نومبر سے جاری ہے۔ مذاکرات کاروں نے توقع ظاہر کی ہے کہ ايرانی نمائندگان جلد واپس آ کر بات چيت کو آگے بڑھائيں گے۔
[pullquote]روس اور مغرب، پھر آمنے سامنے[/pullquote]
روس نے غير معمولی طور پر ايسے سفارتی دستاويزات عام کر دیے، جن ميں اس بات پر زور ديا گيا ہے کہ مغربی دفاعی اتحاد نيٹو مزيد رکن نہ بنائے اور سابق سوويت رياستوں و مشرقی يورپ ميں اپنی سرگرمياں محدود رکھے۔ ماسکو حکومت نے امريکا اور نيٹو کے ساتھ مذاکرات کا مطالبہ بھی کيا ہے۔ امريکی صدر کے مشير برائے قومی سلامتی جيک سليوون نے اس کے رد عمل ميں کہا کہ ان کی حکومت بھی مذاکرات کے ليے تيار ہے اور اس سلسلے ميں يورپی اتحاديوں کے ساتھ بات چيت جاری ہے۔ ان دنوں روس کے ايک لاکھ فوجی يوکرائن کی سرحد پر جمع ہيں اور يہ معاملہ مغرب اور روس کے مابين ايک سنجيدہ مسئلہ بنا ہوا ہے۔
[pullquote]جرمنی ميں کورونا مخالفين کی ريلياں[/pullquote]
کورونا وائرس کے پھيلاؤ کو محدود رکھنے کے ليے حکومت کی طرف سے متعارف کردہ پابنديوں کی مخالفت ميں آج جرمنی کے کئی شہروں ميں احتجاجی مظاہرے کيے جا رہے ہيں۔ ہيمبرگ ميں سب سے بڑے احتجاج کی توقع کی جا رہی ہے اور حکام کا اندازہ ہے کہ آٹھ ہزار افراد اس ريلی ميں شريک ہو سکتے ہيں۔ احتجاج کرنے والے بچوں کی ويکسينيشن کے خلاف ہيں۔ برلن حکومت ويکسينيشن کو لازمی قرار دينے پر بھی غور کر رہی ہے، جس وجہ سے اس کے مخالفين ميں غصہ بڑھ رہا ہے۔
[pullquote]فلپائن ميں سمندری طوفان کی تباہ کارياں[/pullquote]
فلپائن ميں سمندری طوفان ’رائی‘ کی تباہ کاريوں ميں اب تک تيئس افراد کی ہلاکت کی تصديق ہو چکی ہے۔ تقريباً دو سو کلوميٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ ’رائی‘ جمعرات کو فلپائن کے وسطی و جنوبی علاقوں سے ٹکرايا تھا۔ حکام نے خبردار کيا ہے کہ مختلف جزائر پر بے انتہا تباہی مچی ہے۔ ملک کے کئی حصوں ميں بجلی کی سپلائی اب بھی معطل ہے۔ ريسکيو کی سرگرميوں ميں اٹھارہ ہزار فوجی شريک ہيں۔ ’رائی‘ اس سال کا سب سے طاقتور طوفان تھا۔
[pullquote]پاکستان ميں او آئی سی کا اجلاس، موضوع افغانستان کی مدد[/pullquote]
پاکستانی دارالحکومت ميں کل اتوار کے روز ’آرگنائزيشن آف اسلامک کوآپريشن‘ کا اجلاس ہو رہا ہے۔ اس اجلاس ميں ستاون مسلم ممالک اس بات کا جائزہ ليں گے کہ افغانستان کی کس طرح مدد کی جائے۔ ميربان ملک پاکستان خطے کے ديگر ملکوں پر زور دے رہا ہے کہ افغانستان ميں طالبان کی عمل داری میں شہریوں کو ضروری امداد پہنچائی جائے ۔ پاکستانی وزير خارجہ شاہ محمود قريشی نے البتہ واضح کيا کہ او آئی سی کے اجلاس کے انعقاد کا مطلب يہ نہيں طالبان کو سرکاری طور پر تسليم کيا جا رہا ہے بلکہ يہ صروف افغان عوام کی مدد کی کوشش ہے۔ پچھلے دنوں کئی حلقوں ميں يہ بات کی جا رہی تھی کہ او آئی سی کو افغانستان کے ليے کچھ کرنا چاہيے۔
[pullquote]ٹک ٹاک ويڈيوز کی سبب امريکی اسکول ہائی الرٹ[/pullquote]
سوشل ميڈيا پليٹ فارم ٹک ٹاک پر گردش کرنے والی چند ويڈيوز کے تناظر ميں امريکا ميں اسکولوں کو ہائی الرٹ کر ديا گيا ہے۔ ٹک ٹاک پر چند ايسی ويڈيوز ديکھی گئيں، جن ميں اسکولوں پر فائرنگ اور حملوں کے خطرات کا تذکرہ کيا گيا ہے۔ اسی تناظر ميں ملک بھر کے اسکولوں کے گرد سکيورٹی سخت کر دی گئی ہے اور وائٹ ہاؤس نے بيان جاری کيا ہے کہ معاملے پر نگاہ رکھی جا رہی ہے۔ حکام نے واضح کيا ہے کہ ابھی تک کوئی ايسے شواہد نہيں ملے ہيں کہ مذکورہ ويڈيوز يا ان ميں بيان کردہ انتباہ حقيقی ہيں۔ امريکا ميں اسکولوں پر فائرنگ کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔
[pullquote]اسرائيلی شخص کی ہلاکت، ملزمان کی تلاش جاری[/pullquote]
اسرائيلی فوجيوں نے مقبوضہ مغربی کنارے ميں وسيع تر سرچ آپريشن کيا ہے۔ الزام ہے کہ فلسطينی ’دہشت گردوں‘ نے ايک اسرائيلی شخص کو ہلاک اور دو ديگر کو زخمی کیا ہے۔ فوجی ترجمان نے بتايا کہ کئی مشتبہ افراد کو حراست ميں ليا جا چکا ہے تاہم جمعے کو مزيد کئی مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے اسرائيلی شخص کی عمر پچيس برس تھی اور جمعے کو اس کی آخری رسومات ادا کر دی گئيں۔ جمعرات کو اسرائيلی شہريوں پر حملہ اور فوج کی جوابی کارروائی خطے ميں جاری کشيدگی کی عکاسی کرتے ہيں۔
[pullquote]جو روٹ: ايک سال ميں سولہ سو سے زائد ٹيسٹ رنز[/pullquote]
انگلش کرکٹر جو روٹ ٹيسٹ ميچز ميں ايک ہی سال ميں سولہ سو سے زائد زنر بنانے والے تاريخ کے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہيں۔ ايڈيليڈ ميں جاری دوسرے ايشز ٹيسٹ ميں آج تيسرے دن کے کھيل ميں روٹ باسٹھ رنز بنانے کے بعد آوٹ ہوئے۔ سن دو ہزار آٹھ کے بعد اس سنگ میل کو عبور کرنے والے وہ پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ايک سال ميں سب سے زيادہ ٹيسٹ رنز بنانے والوں ميں پاکستانی بلے باز محمد يوسف سر فہرست ہيں، جنہوں نے سن 2006 ميں مجموعی طور پر 1,788 رنز بنائے تھے۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]