اتوار : 26 دسمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]نوبل انعام يافتہ آرچ بشپ ڈيسمنڈ ٹوٹو انتقال کر گئے[/pullquote]

جنوبی افريقہ سے تعلق رکھنے والے نوبل انعام يافتہ آرچ بشپ ڈيسمنڈ ٹوٹو انتقال کر گئے ہيں۔ ملکی صدر سرل رامافوسا نے اس امر کی تصديق کی ہے۔ ڈيسمنڈ ٹوٹو کی عمر نوے برس تھی۔ انہيں نسلی بنيادوں پر امتياز کے خلاف آواز بلند کرنے کی وجہ سے نہ صرف اپنے ملک بلکہ عالمی سطح پر سراہا جاتا ہے۔ ٹوٹو فلسطينی علاقوں پر اسرائيلی قبضے، موسمياتی تبديليوں اور ہم جنس پرستوں کے ليے مساوی حقوق کے ليے آواز اٹھاتے آئے ہيں۔ انہيں سن 1984 ميں نوبل امن انعام سے نوازا گيا تھا۔

[pullquote]مالی ميں مشتبہ جہاديوں کا حملہ، درجنوں افراد ہلاک[/pullquote]

برکينا فاسو ميں مشتبہ شدت پسندوں کے ہاتھوں اکتاليس افراد کے قتل کے بعد آج اتوار سے دو روزہ سوگ کا اعلان کيا گيا ہے۔ اجتماعی قتل کی يہ واردات مالی کی سرحد کے پاس جمعرات کو کی گئی۔ ہلاک شدگان کی شناخت جاری کر دی گئی ہے۔ نومبر ميں بھی اسی طرز کے ايک حملے ميں ستاون افراد مارے گئے تھے۔ نائجر اور مالی کی طرح برکينا فاسو بھی سن 2015 سے بد امنی کا شکار ہے۔ حکام اس بد امنی کے ذمہ داری ’اسلامک اسٹيٹ‘ اور القاعدہ سے منسلک مقامی گروہوں پر عائد کرتے ہيں۔ پر تشدد واقعات ميں دو ہزار افراد ہلاک اور چودہ لاکھ سے زائد بے گھر ہو چکے ہيں۔

[pullquote]افغانستان ميں حجاب کے بغير عورتوں کا سفر ممنوع[/pullquote]

افغان طالبان نے حکم جاری کيا ہے کہ طويل فاصلے تک سفر کرنے والی خواتين کو کسی مرد کے بغير ٹرانسپورٹ تک رسائی نہيں فراہم کی جائے گی۔ مختصر دورانيے يا کم فاصلے تک سفر کرنے والی خواتين کو اس سے استثنیٰ حاصل ہے۔ وزارت کے ترجمان صادق عاکف مہاجر کے مطابق خواتين اگر خاندان کے کسی رکن يا مرد کے ساتھ نہ ہوں، تو انہيں پينتاليس کلوميٹر سے زيادہ فاصلے تک سفر کی اجازت نہيں۔ يہ حکم نامہ طالبان کی اس وزارت کی جانب سے اتوار کو جاری کيا گيا ہے، جس کا کام ’گناہوں کو روکنا اور اچھی اقدار کا فروغ‘ ہے۔ وزارت نے تمام ٹرانسپورٹ والوں کو يہ ہدايت بھی دی ہے کہ حجاب کے بغير عورتوں کو گاڑيوں پر سوار نہ کيا جائے۔

[pullquote]بھارت ميں 15 برس سے زائد عمر کے تمام افراد کے لیے ويکسينيشن مہم کا اعلان[/pullquote]

کورونا وائرس کے نئے ويريئنٹ اوميکرون کے خطرے کے باعث بھارت ميں ويکسينيشن مہم کو وسعت دينے کا اعلان کيا گيا ہے۔ وزير اعظم نريندر مودی نے قوم سے اپنے خطاب ميں کہا کہ پندرہ تا اٹھارہ برس کے افراد کو ٹيکے اور طبی عملے کو بوسٹر شاٹس لگائے جائيں گے۔ پندرہ تا اٹھارہ برس کے افراد کے ليے ويکسينيشن مہم تين جنوری سے شروع ہو رہی ہے اور طبی ورکرز کے ليے بوسٹر شاٹس کی مہم دس جنوری سے شروع ہو گی۔ اب تک بھارت کی سترہ رياستوں ميں اوميکرون کے 422 کيسز کی شناخت ہو چکی ہے۔ مودی نے اس وبا کی ايک اور لہر سے بچنے کے ليے احتياطی تدابير پر عمل کرنے کی تائيد کی۔

[pullquote]کرسمس ويک اينڈ پر چھ ہزار سے زائد پروازيں منسوخ[/pullquote]

کورونا وائرس کے نئے ويريئنٹ اوميکرون کی وجہ سے کرسمس کے موقع پر سفر کرنے والوں کی بڑی تعداد متاثر ہوئی۔ ’فلائٹ اويئر ڈاٹ کام‘ نامی ويب سائٹ کے ڈيٹا کے مطابق اس اختتام ہفتہ پر، جب کئی لوگ اپنے اپنے گھروں کو پہنچنے کی کوششوں ميں تھے، دنيا بھر ميں چھ ہزار سے زائد پروازيں منسوخ ہوئيں۔ جمعے کو 2,400 پروازيں منسوخ ہوئيں اور 11,000 تاخير سے اڑيں۔ ہفتے کو 1,400 پروازوں کی منسوخی کا اعلان کيا گيا تھا جبکہ آج اتوار کو 1,500 پروازيں منسوخ کی جا چکی ہيں۔ بيشتر واقعات ميں جہاز کا عملہ بيماری کی سبب ڈيوٹی نہ کرسکا، جس وجہ سے پرواز منسوخ کرنا پڑ گئی۔

[pullquote]ميانمار: کارن اقليتی گروہ کے کئی افراد قتل[/pullquote]

ميانمار کے مشرقی حصے سے گزشتہ روز 35 افراد کی جھلسی ہوئی لاشيں برآمد ہوئی ہيں۔ انسانی حقوق کے ليے کام کرنے والے مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ہلاک شدگان کا تعلق کارن اقليتی گروہ سے تھا اور وہ فوج اور فوج مخالف گروہوں کی لڑائی سے بچ کر نکلنے کی کوششوں ميں تھے جب انہيں نشانہ بنايا گيا۔ دوسری جانب فوجی جنتا کے حامی ايک مقامی اخبار ميں دعویٰ کيا گيا ہے کہ کئی ٹرکوں پر باغيوں کو اسلحہ اور خوراک فراہم کی جا رہی تھی، اس ليے ان پر فائرنگ کی گئی۔ ميانمار ميں فروری کے مہينے ميں فوج نے حکومت کا تختہ پلٹ ديا تھا۔ تب سے يہ ملک سياسی افراتفری کا شکار ہے اور فوج کے مخالفين کو نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

[pullquote]يورينيم کو 60 فيصد سے زیادہ افزودہ کرنے کا ارادہ نہيں رکھتے، ايران[/pullquote]

ايرانی اٹامک انرجی ايجنسی کے ڈائريکٹر محمد اسلامی نے کہا ہے کہ ويانا ميں مذاکرات کی ناکامی کی صورت ميں بھی ايران يورينيم کو ساٹھ فيصد سے زیادہ افزودہ کرنے کا ارادہ نہيں رکھتا۔ اسلامی نے ايک روسی خبر رساں ادارے سے بات چيت ميں واضح کيا کہ يورينيم کی افزودگی ملک کی صنعتی و پيداواری ضروريات کے تحت کی جاتی ہے۔ پير 27 دسمبر سے ويانا ميں جوہری مذاکرات بحال ہو رہے ہيں۔ چھ عالمی طاقتوں اور ايران کے مابين ان مذاکرات ميں سن 2015 کی جوہری ڈيل کو بحال کرنے کی کوششيں کی جاری ہيں۔

[pullquote]کانگو ميں خود کش حملہ، پانچ افراد ہلاک[/pullquote]

افريقی ملک کانگو ميں ايک خود کش حملے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ 13 ديگر زخمی ہو گئے۔ حملہ آور نے شہر بينی ميں يہ کارروائی ايک ايسے مقام پر کی، جہاں رات کے وقت کافی بھيڑ ہوتی ہے۔ حکام نے ’الائڈ ڈيموکريٹک فورسز‘ نامی مليشيا کو ذمے دار ٹھہرايا ہے۔ مشرق وسطی ميں متحرک دہشت گرد گروپ ’اسلامک اسٹيٹ‘ وسطی افريقہ ميں اس گروپ کو اپنا اتحادی مانتا ہے۔ فوری طور پر حملے کے مقاصد واضح نہيں۔

[pullquote]قندھار ميں اجتماعی دعائيہ تقريب[/pullquote]

افغان صوبے قندھار ميں گزشتہ روز ہزاروں افراد جمع ہوئے اور خشک سالی کے خاتمے کے لیے ايک اجتماعی دعائيہ تقريب ميں شريک ہوئے۔ انفارميشن اينڈ کلچر ڈپارٹمنٹ کے سربراہ حافظ سيد اللہ نے بتايا کہ یہ افراد بارش کے ليے دعا کرنے آئے تھے۔ کئی افغان علاقوں کو خشک سالی کا سامنا ہے اور ديگر کئی بحرانوں کے ساتھ يہ بحران بھی ديہی علاقوں ميں لوگوں کے ليے ايک سنگين مسئلہ بنا ہوا ہے۔

[pullquote]دنيا کی سب سے طاقت ور ٹيلی اسکوپ خلا کی جانب روانہ[/pullquote]

دنيا کی سب سے طاقت ور ’جيمز ويب اسپيس ٹيلی اسکوپ‘ کو خلا کی جانب روانہ کر ديا گيا ہے۔ اس ٹيلی اسکوپ کو يورپی، امريکی و کينيڈيئن اسپيس ايجنسيوں نے مشترکہ طور پر تيار کيا ہے اور اس پر کئی سالوں سے کام جاری تھا۔ يہ خلا ميں جا کر کائنات ميں اربوں سال پرانی دنياؤں پر تحقيق کرے گی۔ يہ ٹيلی اسکوپ دس بلين ڈالر سے تيس سال ميں تيار کی گئی ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے