بدھ : 05 دسمبر 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]قزاقستان میں حکومت مستعفی، پرتشدد عوامی مظاہرے: الماتی میں ایمرجنسی[/pullquote]

وسطی ایشیائی جمہوریہ قزاقستان میں عوامی مظاہروں کے باعث حکومت کے مستعفی ہونے کے بعد آج بدھ کے روز امن عامہ کی صورت حال مزید خراب ہو گئی۔ تیل سے مالا مال اس ملک کے سب سے بڑے شہر الماتی میں مظاہرین نے میئر کے دفتر پر قبضہ کر کے اسے آگ بھی لگا دی۔ پولیس کو مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے سٹَن گرینیڈ فائر کرنا پڑے۔ توانائی کی قیمتوں میں زبردست اضافے کے بعد اس ملک میں جو مظاہرے اور بدامنی کے واقعات کل رات دیکھنے میں آئے تھے، ان کی پہلے کوئی مثال نہیں ملتی۔ یہ پرتشدد مظاہرے الماتی کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی کیے گئے۔ ملکی صدر توکائیف نے حکومت کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے الماتی میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔

[pullquote]کیپیٹل ہل پر حملے کا ایک سال، صدر بائیڈن قوم سے خطاب کریں گے[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن جمعرات چھ جنوری کو امریکی کانگریس کی عمارت کیپیٹل ہل پر سابق صدر ٹرمپ کے حامیوں کی طرف سے کیے گئے حملے کے ایک سال مکمل ہونے پر قوم سے خطاب کریں گے۔ 1812 کی جنگ کے بعد سے یہ اس عمارت پر کیا جانے والا بد ترین حملہ تھا، جس میں کئی ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں۔ وائٹ ہاؤس کے ایک بیان کے مطابق بائیڈن اپنے خطاب میں دھاندلی کے ان الزامات کی تردید کریں گے، جو گزشتہ صدارتی الیکشن کے حوالے سے اس دور کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عائد کیے تھے۔

[pullquote]یمنی بندرگاہ کی طرف رواں ایندھن لے جانے والے بحری جہاز پر ’سعودی عسکری اتحاد‘ کا قبضہ[/pullquote]

یمن کے حوثی باغیوں کے مطابق سعودی عرب کی سربراہی میں قائم عسکری اتحاد نے مبینہ طور پر ایک مال بردار بحری جہاز پر قبضہ کر لیا ہے۔ باغیوں کا کہنا ہے کہ ایندھن لے جانے والا یہ بحری جہاز یمن کی بندرگاہ حدیدہ کی طرف سفر میں تھا، جس کا رخ موڑ کر اب ایک سعودی بندرگاہ کی طرف کر دیا گیا ہے۔ یہ بات ایران نواز حوثی باغیوں کے زیر انتظام کام کرنے والے المصیرہ ٹیلی وژن نے آج بدھ کے روز بتائی۔ سعودی عسکری اتحاد نے اب تک اس واقعے کی تصدیق نہیں کی۔

[pullquote]ایک دن میں فرانس میں نئی کورونا انفیکشنز کا نیا ریکارڈ[/pullquote]

فرانس میں گزشتہ روز کورونا وائرس انفیکشنز کے تقریباﹰ دو لاکھ بہتر ہزار نئے کیسز رجسٹر کیے گئے۔ ان میں بہت بڑی تعداد اومیکرون انفیکشنز کی تھی اور یہ اس یورپی ملک میں یومیہ بنیادوں پر کورونا کیسز کی تعداد کا نیا ریکارڈ ہے۔ پیرس میں حکام کے مطابق کورونا کے ان بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث ملکی ہسپتالوں پر بوجھ کافی زیادہ ہو گیا ہے۔ تعلیم، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں کی معمول کی کارکردگی کو بھی خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

[pullquote]جرمن کار ساز ادارے مرسیڈیز نے اپنی لاکھوں گاڑیاں واپس منگوا لیں[/pullquote]

جرمن کار ساز ادارے مرسیڈیز نے صارفین کے زیر استعمال اپنی لاکھوں گاڑیاں واپس منگوا لی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس کمپنی کی ڈیزل سے چلنے والی ان گاڑیوں میں ایک تکنیکی خرابی کے باعث لیکیج کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اس خرابی کے نتیجے میں ان گاڑیوں میں درجہ حرارت قائم نہ رکھا جا سکے۔ دنیا کے مختلف ممالک میں اس تکنیکی خرابی کو دور کرنے کے لیے واپس بلائی گئی ان گاڑیوں کی تعداد آٹھ لاکھ سے زائد بنتی ہے۔

[pullquote]سوڈان میں فوجی بغاوت کے خلاف احتجاج، سکیورٹی فورسز نے آنسو گیس استعمال کی[/pullquote]

سوڈان میں فوجی بغاوت کے خلاف اور جمہوریت کے حق میں مظاہرے کرنے والے شہریوں کو منتشر کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز نے آنسو گیس استعمال کی۔ یہ احتجاجی مظاہرے دارالحکومت خرطوم کے علاوہ کئی دیگر شہروں میں بھی کیے گئے۔ ان مظاہروں کے پیش نظر سکیورٹی دستوں نے خرطوم میں صدارتی محل اور فوجی ہیڈکوارٹر کو جانے والے تمام مرکزی راستے بند کر دیے تھے۔ سوڈانی فوج نے گزشتہ برس اکتوبر میں سول حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا۔

[pullquote]عالمی برادری کابل میں نئی افغان حکومت کو تسلیم کرے، طالبان ترجمان[/pullquote]

افغانستان میں حکمران طالبان نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو کابل میں نئی ملکی حکومت کو تسلیم کرنا چاہیے۔ یہ بات طالبان کے ایک ترجمان عبدالقہار بلخی نے منگل کی شام جرمن نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے کے ساتھ ایک ٹیلی وژن انٹرویو میں کہی۔ بلخی نے، جو کابل میں افغان وزارت خارجہ کی ترجمانی بھی کرتے ہیں، کہا کہ ہندوکش کی اس ریاست میں نئی حکومت کے ساتھ رابطے اور اشتراک عمل ناگزیر ہیں، جن میں بین الاقوامی برادری کو کسی ہچکچاہٹ سے کام نہیں لینا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کے خلاف عائد کردہ مغربی پابندیوں کی صورت میں افغان عوام کو ناجائز طور پر اجتماعی سزا دی جا رہی ہے۔

[pullquote]فرانس میں کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ کی دریافت[/pullquote]

فرانسیسی طبی ماہرین نے ملک کے جنوب میں کورونا وائرس کا ایک نیا ویریئنٹ دریافت کیا ہے۔ پیرس میں حکام نے بتایا کہ اس وائرس کی اولین تشخیص دسمبر کے شروع میں کیمرون سے لوٹنے والے ایک مسافر میں ہوئی تھی تاہم اب اس کی کورونا وائرس کے ایک نئے ویریئنٹ کے طور پر باقاعدہ تصدیق کر دی گئی ہے۔ فرانسیسی شہر مارسے کے ایک ہسپتال کے مطابق اس ویریئنٹ سے متاثرہ شخص کی وجہ سے ملک میں مجموعی طور پر بارہ افراد کووڈ انیس کا شکار ہوئے۔ یہ واضح نہیں کہ آیا اس ویریئنٹ کی ابتدا وسطی افریقہ میں کیمرون ہی سے ہوئی۔

[pullquote]شمالی کوریا کی طرف سے مشتبہ بیلسٹک میزائل کا نیا تجربہ[/pullquote]

جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق کمیونسٹ شمالی کوریا نے آج بدھ کے روز اپنے ایک مشتبہ بیلسٹک میزائل کا نیا تجربہ کیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ میزائل شمالی کوریا کے مشرقی ساحلی علاقے سے فائر کیا گیا، جو جاپانی میڈیا کے مطابق تقریباﹰ پانچ سو کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے بحیرہ جاپان میں گرا۔ شمالی کوریا کو اس کے خلاف عائد بین الاقوامی پابندیوں کی وجہ سے یہ اجازت نہیں کہ وہ بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کرے۔ پیونگ یانگ نے اپنا گزشتہ مصدقہ بیلسٹک میزائل ٹیسٹ پچھلے سال اکتوبر میں کیا تھا۔ تب یہ میزائل ایک آبدوز سے فائر کیا گیا تھا۔

[pullquote]جرمن وزیر خارجہ بیئربوک امریکا کے اولین دورے پر[/pullquote]

وفاقی جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک آج بدھ کے روز امریکا کے اپنے اولین دورے پر واشنگٹن پہنچ رہی ہیں۔ بیئربوک جرمنی کی پہلی خاتون وزیر خارجہ ہیں اور یہ ان کا امریکا کا پہلا سفارتی دورہ ہے۔ اس دوران بیئربوک امریکی ہم منصب اینٹونی بلنکن سے بھی ملیں گی۔ اس دورے کے مذاکراتی ایجنڈے میں روس اور یوکرائن کے مابین تنازعے کو خصوصی اہمیت حاصل رہے گی، جو ماسکو اور مغربی دنیا کے مابین شدید کشیدگی کی وجہ بھی بن چکا ہے۔

[pullquote]ہیٹی کے صدر جووینل موئز کے قتل میں مطلوب ملزم پر امریکا میں فرد جرم عائد[/pullquote]

بحیرہ کریبیین کی ریاست ہیٹی کے صدر جووینل موئز کے قتل کے سلسلے میں مطلوب کولمبیا کے ایک شہری پر امریکا کی ایک عدالت میں فرد جرم عائد کر دی گئی۔ ماریو پی نامی اس ملزم کو امریکا میں گرفتار کر لیا گیا تھا اور اسے منگل کے روز میامی میں ایک وفاقی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ ملزم کولمبیا کی فوج کا ایک سابق اہلکار ہے اور اس پر الزام ہے کہ اس نے صدر موئز کے قتل کے سلسلے میں حملہ آوروں کی مدد کی تھی۔ ہیٹی میں صدر جووینل موئز کو مسلح حملہ آوروں کے ایک گروپ نے گزشتہ برس جولائی میں ان کی رہائش گاہ پر قتل کر دیا تھا۔

[pullquote]ملک میں نیا لاک ڈاؤن نہیں چاہتے، جرمن وزیر خزانہ لِنڈنر[/pullquote]

وفاقی جرمن وزیر خزانہ کرسٹیان لِنڈنر نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی انفیکشنز کے باوجود ملک میں کوئی نیا لاک ڈاؤن نافذ نہیں کرنا چاہتی۔ فری ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر خزانہ نے بدھ کے روز ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ موجودہ حکومت نہیں چاہتی کہ مستقبل میں کہیں بھی علاقائی سطح پر معمول کی زندگی معطل کر دی جائے۔ کرسٹیان لِنڈنر کے مطابق حکومت وبا کے باعث سماجی سطح پر نقصانات کو کم سے کم رکھتے ہوئے سماجی زندگی کے تسلسل کی خواہش مند ہے۔

[pullquote]کورونا بوسٹر ویکسین: ناک میں ڈالے جانے والے قطروں کے تجرباتی استعمال کی اجازت[/pullquote]

بھارت میں کورونا وائرس کے خلاف بوسٹر ویکسین کے طور پر قطروں کی صورت میں ناک میں ڈالی جانے والی دوائی کے استعمال کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ملکی ریگولیٹرز نے یہ اجازت آج بدھ کے روز بھارت بائیوٹیک نامی دوا ساز کمپنی کو دی۔ نیوز ایجنسی اے این آئی نے بتایا ہے کہ ڈرگز کنٹرولر جنرل آف انڈیا کی طرف سے اس دوائی کے استعمال کی اجازت تجرباتی بنیادوں پر دی گئی ہے۔ ناک کے ذریعے یہ ویکسین کووڈ انیس کے شدید بیمار مریضوں کو دی جائے گی۔ بھارت میں گزشتہ روز اٹھاون ہزار سے زائد نئے کورونا کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔ چار دن پہلے کے مقابلے میں یہ تعداد دوگنا بنتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے