جمعہ : 28 جنوری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جنگ نہیں چاہتے لیکن مفادات پر سجھوتہ نہیں کریں گے، روس[/pullquote]

روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ ماسکو جنگ نہیں چاہتا لیکن اس بات کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی کہ اس کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ ہو۔ مغربی ممالک کا کہنا ہے کہ روس نے یوکرائن کی سرحد پر ایک لاکھ کے لگ بھگ فوجی اور بھاری اسلحہ تعینات کر رکھا ہے اور وہ اس ہمسایہ ملک پر حملے کی تیاری میں ہے۔ تاہم لاوروف نے کہا ہے کہ اگر اس بات کا انحصار روس پر ہے کہ جنگ نہ ہو تو یہ نہیں ہو گی۔ انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ روسی مفادات کو البتہ نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

[pullquote]روس آئندہ ماہ یوکرائن پر حملہ کر سکتا ہے، امریکی صدر[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرائن کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہوئے مکمل تعاون کا اعادہ کیا ہے۔ اپنے یوکرائنی ہم منصب وولودومیر زیلینسکی سے ٹیلی فونک گفتگو میں بائیڈن نے کہا کہ اگر روس نے اس سابق سوویت ریاست پر حملہ کیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ بائیڈن نے کہا ہے کہ ایسا امکان ہے کہ روس آئندہ ماہ یوکرائن میں ایک نئی کارروائی کر سکتا ہے۔ تاہم کریملن ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ دراصل امریکا اور نیٹو یہ بہانہ بنا کر مشرقی یورپی سرحدوں پر عسکری سرگرمیاں بڑھانا چاہتے ہیں۔

[pullquote]یورپی ممالک کو موصول ہونے والی پناہ کی درخواستوں میں پھر اضافہ[/pullquote]

یورپی ممالک کو پناہ کے متلاشی افراد کی طرف سے موصول ہونے والی درخواستوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوا ہے۔ تازہ اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ برس نومبر میں یورپی یونین کے ممالک کو 71 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جو اکتوبر کے مقابلے میں نو فیصد زیادہ بنتی ہیں۔ سب سے زیادہ 13 ہزار درخواستیں افغان باشندوں کی طرف سے جمع کرائی گئیں جبکہ شام کا نمبر دوسرا بنتا ہے، جہاں سے تعلق رکھنے والے 11,500 افراد نے سیاسی پناہ کی درخواستیں جمع کرائیں۔ سن 2016ء میں مہاجرین کے بحران کے بعد پہلی مرتبہ اتنے زیادہ لوگوں نے پناہ کی درخوستیں جمع کرائی ہیں۔

[pullquote]بغداد کے ہوائی اڈے پر راکٹ حملے[/pullquote]

عراقی دارالحکومت بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر چھ راکٹ داغے گئے، جس کا الزام ایران نواز جنگجوؤں پر عائد کیا گیا ہے۔ جمعے کے دن حکام نے بتایا ہے کہ یہ راکٹ رن وے اور پارکنگ ایریا میں گرے، جس کی وجہ سے ایک سویلین طیارے کو نقصان پہنچا تاہم کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔ حالیہ عرصے میں بغداد میں امریکی سفارت خانے اور ہوائی اڈے سے متصل امریکی عسکری تنصیبات پر متعدد راکٹ اور ڈرون حملے کیے جا چکے ہیں۔

[pullquote]یمن جیل پر ہوئے فضائی حملے کی چھان بین کی جا رہی ہے، سعودی عسکری اتحاد[/pullquote]

سعودی عسکری اتحاد نے کہا ہے کہ وہ یمن کی اس جیل پر کیے گئے فضائی حملے کی تحقیقات کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد مارے گئے تھے۔ حوثی باغیوں کے مطابق سعدہ کی اس جیل پر یہ حملہ سعودی عسکری اتحاد نے کیا، جس کی وجہ سے 80 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ ابتدائی طور پر اس اتحاد نے یہ الزام مسترد کر دیا تھا تاہم عالمی دباؤ کے بعد اب کہا گیا ہے کہ وہ اس بارے میں چھان بین کر رہا ہے۔ یہ حملہ 21 جنوری کو کیا گیا تھا۔

[pullquote]روس پر پابندیوں کا پیکج تیار کیا جا رہا ہے، جرمن وزیر خارجہ[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ انالینا بیربوک نے بتایا ہے کہ ان کی حکومت روس پر پابندیوں کا ایک پیکج تیار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پیکج میں نارتھ لائن سٹریم ٹو گیس پائپ کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے اور اگر ماسکو حکومت نے یوکرائن پر کوئی نیا حملہ کیا تو ان پابندیوں کو لاگو کر دیا جائے گا۔ انہوں نے یوکرائن کو اسلحہ فراہم نہ کرنے کے حکومتی فیصلے کی حمایت کی اور کہا کہ کوشش ہونا چاہیے کہ یہ تنازعہ مذاکرات اور سفارت کاری سے حل کیا جائے۔

[pullquote]شام میں داعش کے خلاف فوری ایکشن کی ضرورت ہے، ورونکوف[/pullquote]

اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ شام میں داعش کے جہادیوں سے نمٹنے کے لیے فوری ردعمل دکھانا ہو گا۔ ولادیمیر ورونکوف نے مزید کہا کہ جس طرح ان جنگجوؤں نے الحسکہ کی ایک جیل پر حملہ کیا اور سات روز تک کرد فورسز کے ساتھ جنگ جاری رکھی، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس ریجن میں یہ انتہاپسند طاقت جمع کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش بھی شمالی شام میں داعش کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔

[pullquote]افغانستان کا انسانی بحرانی المیہ ’خوفناک‘ ہو گیا ہے، ورلڈ فوڈ پروگرام[/pullquote]

ورلڈ فوڈ پرگرام کے سربراہ ڈیوڈ بیسلے نے کہا ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران کا المیہ ’خوفناک‘ شکل اختیار کر چکا ہے۔ ڈی ڈبلیو کو دیے گیے ایک انٹرویو میں اس عالمی ادارے کے سربراہ نے مزید کہا کہ 40 ملین نفوس پر مشتمل اس وسطی ایشیائی ملک کی 23 ملین آبادی بھوک کا شکار ہو چکی ہے۔ انہوں نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس بحران کے حل کے لیے فوری اور طویل المدتی منصوبہ سازی کی اشد ضرورت ہے۔ طالبان کی عمل داری کے بعد افغانستان کی عالمی امداد رک جانے کی وجہ سے افغان عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

[pullquote]حوثی باغیوں کے حملے میں پانچ افراد ہلاک اور چونتیس زخمی[/pullquote]

یمنی حوثی باغیوں کی طرف سے مارب پر میزائل حملے کے نتیجے میں کم ازکم پانچ افراد ہلاک جبکہ چونتیس زخمی ہو گئے ہیں۔ ملکی نیوز ایجنسی سابا نے یمن کی بین الاقوامی حمایت یافتہ حکومت کے حوالے سے بتایا کہ بدھ کو کیے گئے اس حملے میں مارب شہر کو نشانہ بنایا گیا، جس کی وجہ سے شہریوں کو نقصان پہنچا۔ ایران نواز حوثی باغی تیل سے مالا مال مارب پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ شمالی یمن یہی ایک علاقہ اب یمنی حکومت کے زیر انتظام رہ گیا ہے۔

[pullquote]ملائیشیا میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے بڑا معاشی نقصان[/pullquote]

ملائیشیا میں آنے والے حالیہ سیلاب کے نتیجے میں ملکی معیشت کو 1.46 بلین ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ جمعے کے دن جاری کردہ ایک رپورٹ میں تباہ کاریوں کا احاطہ کرتے ہوئے حکام نے بتایا کہ ان آفات کی وجہ سے درجنوں افراد ہلاک جبکہ ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ متاثرین کی امداد کے لیے 335 ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔

[pullquote]کیچ حملے کی ذمہ داری علیحدگی پسندوں نے قبول کر لی[/pullquote]

بلوچستان میں کیے گئے اُس حملے کی ذمہ داری علیحدگی پسندوں نے قبول کر لی ہے، جس میں دس پاکستانی فوجی مارے گئے تھے۔ یہ کارروائی منگل کے دن ضلع کیچ میں کی گئی تھی۔ بلوچ لبریشن آرمی نے روئٹرز کو بھیجے گئے ایک پیغام میں دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملہ ان کے جنگجوؤں نے کیا، جس میں سترہ فوجی ہلاک ہوئے جبکہ ایک باغی بھی مارا گیا۔ علیحدگی پسند بلوچستان میں مسلح بغاوت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]فرانسسی و روسی صدور یوکرائن بحران کے حل کی کوششوں میں[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں آج اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے ٹیلی فون پر بات کریں گے، جس میں یوکرائنی بحران پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ الیزے پیلس نے بتایا ہے کہ صدر ماکروں دراصل پوٹن پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اگر روس نے یوکرائن پر چڑھائی کی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ روس نے ایک لاکھ سے زائد فوجی اور بھاری اسلحہ یوکرائنی سرحد پر تعینات کر رکھا ہے۔ تاہم ماسکو کے مطابق یہ عسکری سرگرمی دفاعی نوعیت کی ہے۔

[pullquote]تاجک اور کرغز فوجیوں میں جھڑپ، دو افراد مارے گئے[/pullquote]

تاجکستان نے کہا ہے کہ کرغزستان سے متصل متنازعہ سرحدی علاقے میں گزشتہ روز ہونے والی ایک جھڑپ کی وجہ سے دو شہری ہلاک جبکہ دس زخمی ہو گئے ہیں۔ دونوں ممالک نے تصدیق کی ہے کہ اس جھڑپ کے بعد جمعے کی صبح فریقین سیز فائر پر متفق ہو گئے۔ گزشتہ برس بھی ان دونوں سابق سوویت ریاستوں کے مابین جھڑپیں ہوئی تھیں، جس کے باعث درجنوں افراد مارے گئے تھے۔

[pullquote]ایران فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والا پہلا ایشیائی ملک[/pullquote]

ایران فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والا پہلا ایشیائی ملک بن گیا ہے۔ گزشتہ روز ایرانی ٹیم نے ہمسایہ ملک عراق کی ٹیم کو ایک صفر سے مات دے کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ سن 2022ء کا عالمی کپ خلیجی ملک قطر میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ جاپان اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں بھی اس عالمی کپ میں کوالیفائی کرنے کے قریب پہنچ چکی ہیں۔ 21 نومبر سے 18 دسمبر تک ہونے والے اس اہم ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ مقابلے ابھی جاری ہیں۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے