[pullquote]سعودی عرب میں ماسک نہ پہننے پر ایک لاکھ ریال جرمانہ ہوگا[/pullquote]
سعودی عرب میں ماسک نہ پہننے پرجرمانہ دگنا کردیا گیا۔سعودی وزارت داخلہ کے مطابق ماسک نہ پہننے کی پہلی بارخلاف ورزی پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مسلسل خلاف ورزی پرجرمانہ دگنا ہوگا اور زیادہ سے زیادہ جرمانہ ایک لاکھ ریال ہوگا۔وزارت داخلہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ میڈیکل اور کپڑوں والے ماسک لازمی پہنیں اور کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد کریں۔
[pullquote]بچوں پر جنسی حملوں کے جرم میں لارڈ نذیرکو ساڑھے 5 سال قید کی سزا سنا دی گئی[/pullquote]
شیفیلڈ کراؤن کورٹ نے بچوں پرجنسی حملوں کے جرم میں لارڈ نذیر احمد کو ساڑھے 5 سال قید کی سزا سنا دی۔شیفیلڈ کراؤن کورٹ میں لارڈ نذیر احمد پربچوں پرجنسی حملوں کا الزام ثابت ہوگیا تھا۔ لارڈ نذیر پر 1970 کی دہائی کے اوائل میں جب ان کی عمر 16 یا 17 سال تھی، اپنے سے کم عمر میں لڑکی کے ساتھ زیادتی کی کوشش کا الزام تھا۔ اسی عرصے کے دوران ان پر 11 سال سے کم عمر لڑکے پر حملے کا بھی الزام تھا۔لاڈر نذیر احمد نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں ’بد نیتی پر مبنی افسانہ‘ قرار دیا تھا۔لارڈ نذیر نے الزامات کی تردید کی تھی اور فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ ان کے دوبڑے بھائیوں پربھی الزامات عائد کیےگئے تھے لیکن ٹرائل کیلئے ان فٹ قراردیےگئے تھے۔سزا سناتے ہوئے جسٹس لیوینڈر نے کہا کہ ان کے اقدامات کے متاثرین پر ’گہرے اور تاحیات اثرات‘ پڑے ہیں۔
[pullquote]روس اور چين کا مغرب کو سخت پيغام[/pullquote]
ولاديمير پوٹن اور شی جن پنگ کی آج بيجنگ ميں ملاقات کے بعد روس اور چين نے ايک مشرکہ بيان جاری کيا اور مغرب کو سخت پيغام ديا۔ بيان ميں مطالبہ کيا گيا ہے کہ مغربی دفاعی اتحاد نيٹو مزيد پھیلاؤ سے گريز کرے جبکہ روس نے تائيوان کے معاملے پر چين کی مکمل حمايت کی ہے۔ اس بيان ميں بالخصوص امريکا کو ہدف تنقيد بنايا گيا ہے۔ پوٹن اور شی نے يورپ اور ايشيا پيسيفک کے خطوں ميں امريکی مداخلت کو ناقابل قبول قرار ديا۔ پوٹن آج صبح ہی بيجنگ پہنچے تھے۔ وہ اس دورے پر سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقريب ميں شرکت بھی کر رہے ہیں۔ کئی مغربی ممالک نے چين کے انسانی حقوق سے متعلق ريکارڈ کے تناظر ميں ونٹر اولمپکس کی افتتاحی تقريب ميں شرکت سے انکار کر ديا تھا۔ ايسے ميں پوٹن کا يہ دورہ سياسی اہميت کا حامل بھی ہے۔
[pullquote]روس کے خلاف سخت پابندياں تيار ہيں، ارزولا فان ڈئیر لائن[/pullquote]
يورپی کميشن کی صدر ارزولا فان ڈئیر لائن نے چند مقامی اخبارات سے بات چيت ميں کہا ہے کہ اگر روس نے يوکرائن کے خلاف جارحيت کا سلسہ بند نہ کيا، تو اس کے خلاف سخت اور جامع پابندياں تيار ہيں۔ انہوں نے تفصيلات بيان کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ پابنديوں ميں بيرونی سرمائے تک رسائی اور ايکسپورٹس کنٹرول کو ہدف بنايا جائے گا۔ روس نے سن 2014 ميں کريميا کے خطے کو اپنے علاقے ميں ضم کر ليا تھا اور مشرقی يوکرائن ميں وہ آج بھی عليحدگی پسندوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ ان دنوں روس نے يوکرائن کی سرحد پرقریب ایک لاکھ فوجی تعينات کر رکھے ہيں اور اس علاقے میں جنگ کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ اس پر مغرب اور روس کے درمیان شديد اختلافات اور تناؤ پایا جاتا ہے ۔
[pullquote]روس جعلی حملہ کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے، امريکا[/pullquote]
امريکا نے دعوی کيا ہے کہ اس کے پاس ايسے شواہد ہيں کہ ماسکو حکومت روسی فوجيوں پر يوکرائن کی جانب سے ايک فرضی حملہ کرا کے اس کی ريکارڈنگ کرنا چاہتی تھی تاکہ اسے يوکرائن پر حقيقی حملے کے ليے جواز کے طور پر پيش کيا جا سکے۔ يہ الزام پينٹاگون کے ترجمان جان کربی نے جمعرات کو لگايا۔ اس بات کا تذکرہ محکمہ خارجہ کے ترجمان نيڈ پرائس نے بھی کيا مگر دونوں ہی اہلکاروں نے اپنے دعوی کے حق ميں کوئی شواہد پيش نہيں کيے۔ دريں اثناء برطانوی سکریٹری خارجہ کا کہنا ہے کہ امريکی انکشافات نے يوکرائن ميں روسی ارادوں کا پردہ فاش کر ديا۔ روس کی جانب سے فی الحال اس پر کوئی رد عمل سامنے نہيں آيا۔
[pullquote]بھارت: کورونا سے اموات پانچ لاکھ سے متجاوز[/pullquote]
بھارت ميں جمعے کے روز کورونا وائرس کا شکار ہوکر ہلاک ہونے والوں کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی ۔ البتہ ماہرين کا ماننا ہے کہ ہلاک شدگان کی حقيقی تعداد اس سے کہيں زيادہ ہو سکتی ہے۔ ايک حاليہ مطالعے کے مطابق گزشتہ برس کے وسط تک ہی کووڈ کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد لگ بھگ تين ملين کو پہنچ چکی تھی۔ حکومت تاہم اس رپورٹ کو مسترد کرتی ہے۔ دنيا کے بيشتر ممالک کی طرح بھارت ميں بھی ان دنوں اوميکرون ويريئنٹ کی وجہ سے وبا کی تيسری لہر زور و شور سے جاری ہے۔ بھارت ميں اب تک 41.95 ملين افراد اس مہلک وائرس کا شکار ہو چکے ہيں۔
[pullquote]ناروے کے مرکزی بينک کے اگلے سربراہ ژينس اشٹولٹن برگ[/pullquote]
نيٹو کے سيکرٹری جنرل ژينس اشٹولٹن برگ رواں سال دسمبر کے اوائل سے ناروے کے مرکزی بينک کے سربراہ کی ذمہ داری سنبھاليں گے۔ مغربی دفاعی اتحاد نيٹو کے سربراہ کے طور پر ان کے عہدے کی مدت اکتوبر ميں ختم ہو رہی ہے۔ اشٹولٹن برگ ناروے سے ہی تعلق رکھتے ہيں اور وہ اپنے ملک کے وزير اعظم اور وزير خزانہ بھی رہ چکے ہيں۔ ناروے ميں البتہ چند حلقے ان کے انتخاب سے زيادہ خوش نہيں کيونکہ اشٹولٹن برگ کے حکمران ليبر پارٹی کے ساتھ اچھے روابط ہيں۔
[pullquote]سعودی عرب کے ليے جاسوسی، ڈنمارک ميں تين ايرانی شہری مجرم قرار[/pullquote]
ڈنمارک ميں ايک ايرانی عليحدگی پسند گروپ کے تين ارکان کو ايران ميں دہشت پھيلانے اور ايک سعودی انٹيليجنس سروس کے ليے معلومات اکھٹا کرنے کے الزمات ميں مجرم قرار دے ديا گيا۔ کوپن ہيگن کے مغرب ميں واقع روسکلڈے کی ايک عدالت ميں يہ پيش رفت جمعے کو ہوئی۔ مجرمان ڈنمارک ميں افراد اور اداروں کے بارے ميں معلومات جمع کر کے ايک نامعلوم سعودی ذرائع تک پہنچاتے تھے۔ ان مجرمان کو بارہ سال تک کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ عدالت سزاؤں کا اعلان مارچ ميں کرے گی۔
[pullquote]جو بائيڈن دن بدن غير مقبول ہورہے ہیں ، جائزہ[/pullquote]
امريکی صدر جو بائيڈن کی عوامی مقبوليت ان کی صدارت کے دور ميں اپنی نچلی ترين سطح پر پہنچ چکی ہے۔ دو اور تين فروری کو کروائے گئے رائے عامہ کے ايک جائزے کے نتائج ميں يہ سامنے آيا ہے کہ چھپن فيصد امريکی شہری اب تک بائيڈن کی کارکردگی سے غير مطمئن ہيں جبکہ صرف اکتاليس فيصد کا ماننا ہے کہ وہ بطور صدر اپنی ذمہ دارياں درستگی سے نبھا رہے ہيں۔ ايک ہفتہ قبل کرائے گئے ايسے ہی ايک دیگر سروے کے مطابق پچاس فيصد شرکاء ان سے غير مطمئن تھے اور پينتاليس فيصد مطمئن۔ ہر دس ميں سے چھ امريکی شہريوں کا خيال ہے کہ ملک صحيح سمت ميں گامزن نہيں۔ پبلک ہيلتھ اور معيشت لوگوں کے ليے سب سے اہم مسائل ہيں۔
[pullquote]طالبان لاپتہ افغان خواتين کی اطلاع فراہم کریں، اقوام متحدہ[/pullquote]
اقوام متحدہ نے افغان طالبان سے مزید دو لاپتہ خواتين رضاکاروں کے بارے ميں معلومات طلب کی ہيں۔ ان دو خواتين کو گزشتہ ہفتے طالبان نے حراست ميں لے ليا تھا اور تب سے ان کی کوئی اطلاع نہيں ہے۔ چند روز قبل کابل ميں ايک احتجاج کے بعد دودیگر خواتين کو بھی حراست ميں لے ليا گيا تھا۔ يوں اس وقت افغانستان ميں لاپتہ يا زير حراست خواتين رضاکاروں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ افغانستان ميں اقوام متحدہ کے مشن نے مذکورہ خواتين کے بارے ميں معلومات اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کيا ہے۔
[pullquote]برطانوی سياست تنازعات کے زد ميں[/pullquote]
برطانوی وزير اعظم بورس جانسن کی کابينہ ميں شامل چار وزراء نے جمعرات کے روز اپنے استعفے پيش کيے، جنہيں تسليم کر ليا گيا۔ وزیر اعظم بورس جانسن سے متعلق کورونا لاک ڈاؤن کے دوران نجی سطح پر پارٹيوں کے انعقاد کا اسکينڈل ان دنوں برطانوی سياست پر چھايا ہوا ہے۔ اسی تناظر ميں جانسن پر کافی دباؤ ہے۔ برطانوی وزير اعظم بورس جانسن نے بھی اپنے طرز عمل پر نظر ثانی کرنے اور اس ميں بہتری لانے کے عزم کا اعلان کيا ہے۔
[pullquote]آسٹريليا نے پاکستان کے دورے کی تصديق کر دی[/pullquote]
کرکٹ آسٹريليا نے جمعہ چار فروری کو باقاعدہ طور پر تصديق کی کہ مارچ اور فروری ميں ٹيم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ آسٹريليا کی کرکٹ ٹيم کراچی، لاہور اور راولپنڈی ميں تين ٹيسٹ ميچز کھيلے گی۔ پہلا ٹيسٹ ميچ چار تا آٹھ مارچ راولپنڈی ميں کھيلا جائے گا۔ دوسرا بارہ سے لے کر سولہ مارچ تک کراچی ميں جبکہ تيسرا اور آخری ٹيسٹ اکيس تا پچيس مارچ لاہور ميں کھيلا جانا ہے۔ بعد ازاں دونوں ٹيميں تين ايک روزہ ميچز ميں زور آزمائيں گی، جو انتيس مارچ ، اکتيس مارچ اور پھر دو اپريل کو راولپنڈی ميں کھيلے جائيں گے۔ دورہ راولپنڈی ميں ايک ايک ٹی ٹوئنٹی ميچ کے ساتھ اختتام پذير ہو گا۔ يہ سن 1998 کے بعد آسٹريلوی ٹيم کا پہلا دورہ پاکستان ہو گا۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]