ہفتہ : 05 فروری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]چينی صدر کی کئی سربراہان مملکت سے ملاقات[/pullquote]

چينی صدر شی جن پنگ نے آج سربيا، مصر، قذاقستان اور ترکمانستان کے رہنماؤں سے ملاقاتيں کی ہيں۔ بيجنگ ميں سرمائی اولمپکس کا باقاعدہ افتتاح ہو چکا ہے اور چينی صدر اس موقع پر کئی سربراہان مملکت سے ملاقات کر رہے ہيں۔ مجموعی طور پر 30 ممالک کے سربراہان گزشتہ روز اولمکپس کی افتتاحی تقريب ديکھنے کے ليے بيجنگ پہنچے تھے۔ گزشتہ روز روسی صدر ولاديمير پوٹن اور شی جن پنگ کی ملاقات کے بعد چين اور روس نے ايک مشترکہ بيان جاری کيا تھا، جس ميں مغرب کو يورپ اور ايشيا پيسيفک کے خطوں ميں مداخلت پر سخت پيغام ديا گيا تھا۔

[pullquote]اديس ابابا ميں افريقی يونين کی دو روزہ سمٹ[/pullquote]

فلسطينی وزير اعظم محمد اشتيہ نے افريقی يونين پر زور ديا ہے کہ وہ اسرائيل کو بطور مبصر شامل کرنے کا اپنا فيصلہ واپس لے۔ ايتھوپيا کے دارالحکومت اديس ابابا ميں آج سے افريقی يونين کی دو روزہ سمٹ شروع ہو رہی ہے۔ يہ ممکن ہے کہ اس معاملے پر اب ووٹنگ ہو۔ جنوبی افريقہ اور الجزائر جيسے يونين کے کئی طاقتور ارکان اس فيصلے کے خلاف ہيں اور اس پر نظر ثانی چاہتے ہيں۔ اسرائيل کے معاملے کے علاوہ اس دو روزہ سمٹ ميں ايتھوپيا ميں جنگ بندی پر عمل در آمد يقينی بنانے پر بھی زور ديا جائے گا۔ افريقی براعظم کے کئی ملکوں ميں فوجی بغاوت اور کورونا کی عالمی وبا مرکزی موضوعات ميں شامل ہيں۔ يہ امر اہم ہے کہ يونين کے چار ارکان کو معطل بھی کيا جا چکا ہے۔

[pullquote]امریکا نے ایران کے سول جوہری پروگرام پر عائد پابندیاں اٹھا لیں[/pullquote]

ايران نے پابنديوں ميں نرمی کے امريکی فيصلے کا خير مقدم کيا ہے مگر ساتھ ہی انہيں ’ناکافی‘ بھی قرار ديا ہے۔ قبل ازيں ویانا میں ہونے والے مذاکرات کو نتيجہ خيز بنانے کے ليے امریکا نے ایران کے سول جوہری پروگرام پر عائد چند پابندیاں ختم کر دیں۔ محکمہ خارجہ کے ايک سينیئر اہلکار نے جمعے کی شام اس کا اعلان کيا۔ امريکا نے واضح کيا ہے کہ مذاکرات ميں اہم مرحلہ آنے کو ہے اور اس چھوٹ کا مقصد تکنيکی معاملات پر بحث و مباحثے کی گنجائش پيدا کرنا ہے۔ ویانا میں فرانس، جرمنی، برطانيہ، چين، روس اور امريکا کے ايرانی نمائندگان کے ساتھ جوہری مذاکرات کا آئندہ دور پیر سات فروری سے شروع ہو رہا ہے۔

[pullquote]کشمير ميں پوليس نے نامور صحافی فہد شاہ کو حراست ميں لے ليا[/pullquote]

بھارت کے زير انتظام کشمير ميں پوليس نے نامور صحافی فہد شاہ کو حراست ميں لے ليا ہے۔ انہيں پلواما کے پوليس اسٹيشن پر جمعے کی شب پوچھ گچھ کے ليے بلايا گيا اور بعد ميں گرفتار کر ليا گيا۔ پوليس کا کہنا ہے کہ شاہ ’رياست مخالف‘ مواد شائع کرنے کے مرتکب پائے گئے۔ پوليس کا يہ بھی الزام ہے کہ مذکورہ مواد عوام ميں خوف پھيلانے اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی نيت سے شائع کيا گيا۔ البتہ پوليس نے ان الزامات کے کوئی شواہد پيش نہيں کيے۔ فہد شاہ ’کشمير والا‘ نيوز پورٹل کے ايڈيٹر ہيں۔ شاہ کو کشمير ميں لاگو انسداد دہشت گردی قوانين کے تحت گرفتار کيا گيا ہے۔

[pullquote]کابل ایئر پورٹ حملے میں واحد خود کش بمبار ملوث تھا، امریکا[/pullquote]

امریکی فوج نے گزشتہ برس 26 اگست کو کابل کے ہوائی اڈے پر ہونے والے بم دھماکے کی تفتیش مکمل کر لی ہے، جس کے تحت حملہ ایک خود کش بمبار نے تنہا کيا تھا اور اسے روکنا نا ممکن تھا۔ تفتیش کرنے والی ٹیم کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل لانس کرٹیس کے مطابق حملے کو روکا نیہں جا سکتا تھا۔ تفتیشی عمل کے ليے طبی ماہرین اور دھماکہ خیز مواد کے ماہرین سمیت ايک سو سے زائد گواہوں سے شہادتیں جمع کی گئیں۔ ڈرونز اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی فوٹیج اور تصاویر کی بھی جانچ پڑتال کی گئی تاکہ ان واقعات کی تفصيل واضح ہو سکے۔ اس حملے میں 170 افغان شہری اور 13 امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

[pullquote]افغانستان ميں زلزلہ[/pullquote]

افغانستان ميں ہندو کش کے پہاڑی سلسلے ميں جمعے اور ہفتے کی درميانی رات زلزلے کے جھٹکے محسوس کيے گئے۔ ابتداء ميں ريکٹر اسکيل پر زلزلے کی شدت 6.8 بتائی گئی تھی تاہم بعد ازاں اسے 5.7 قرار ديا گيا۔ زلزلے کا مرکز زمين میں 209 کلوميٹر کی گہرائی ميں تھا۔ اس زلزلے کی اطلاع ’ يورپيئن ميڈيٹرينيئن سيسمولوجيکل سينٹر‘ نے دی ہے۔ فوری طور پر جانی و مالی نقصان کی تفصيلات سامنے نہيں آئی ہيں۔

[pullquote]’اوميکرون ويريئنٹ‘ کے ليے خاص ويکسين درکار نہيں، امريکی محققين[/pullquote]

امريکی حکومت کے ريسرچرز نے بتايا ہے کہ کورونا وائرس کے ’اوميکرون ويريئنٹ‘ کے ليے خصوصی ويکسين درکار نہيں ہے۔ محققين ايک مطالعے کے بعد اس نتيجے پر پہنچے، جس ميں بندروں کو دو مختلف اقسام کے ٹيکے لگائے گئے۔ کچھ کو موڈرنا کے ٹيکوں کی دو خوراکيں دی گئيں اور باقی کچھ کو ’اوميکرون ويريئنٹ‘ سے بچاؤ کے ليے تيار کردہ خصوصی آزمائشی ويکسين لگائی گئی۔ البتہ دونوں سے بچاؤ ميں زيادہ فرق سامنے نہيں آيا۔ يہ امر اہم ہے کہ بائيون ٹيک فائزر اور موڈرنا دونوں ہی کمپنيوں نے انتہائی تیزی سے پھیلنے والے ’اوميکرون ويريئنٹ‘ سے بچاؤ کے ليے ايک خصوصی ويکسين کی انسانوں پر آزمائش شروع کر رکھی ہے، جس کے نتائج سامنے آنا ابھی باقی ہيں۔

[pullquote]ورچوئل ورلڈ ميں بھی ہراسانی کے واقعات، فیس بک نے تبديلی متعارف کرا دی[/pullquote]

فيس بک نے اپنے ورچوئل ريئيلٹی ہورائزن نيٹ ورک ميں ہراسانی کے واقعات کے بعد نئے قوائد و ضوابط جاری کيے ہيں۔ ميٹا کمپنی کی جانب سے ايک نیا فيچر متعارف کرایا گیا ہے، جس سے ورچوئل ورلڈ ميں صارفين ايک دوسرے سے کم سے کم فاصلہ برقرار رکھ سکيں گے۔ ہورائزن کے نائب صدر ویويک شرما نے بتايا کہ اگر کوئی جبراً کسی اور کے زيادہ قريب آنے کی کوشش کرے گا، تو خود کار طريقے سے اس کا راستہ روک ديا جائے گا۔ شرما کے بقول ’باؤنڈری فنکشن‘ خود کار طريقے سے کام کرتا ہے۔ يہ امر اہم ہے کہ فيس بک کو يہ تبديلی ہراسانی کے چند واقعات کے تناظر ميں کرنا پڑی۔

[pullquote]جرمنی ميں تربيت يافتہ ہنر مند افراد کی کمی میں اضافہ، رپورٹ[/pullquote]

جرمنی ميں ’اسکلڈ ورکرز‘ يا تربيت يافتہ پروفيشنلز کی کمی کی صورت حال میں گزشتہ برس مزید خرابی آئی ہے۔ ايک سال کے عرصے ميں کنسٹرکشن، کمپيوٹر سائنس اور بزرگ افراد کی ديکھ بھال سے متعلق شعبوں ميں درکار ملازمين اور دستياب پروفيشنلز کا فرق تقريباً دوگنا ہو گيا۔ جنوری ميں جرمنی بھر ميں 213,000 ملازمتيں ایسی تھیں جن کے لیے مناسبت قابلیت کے ہنر مند دستیاب نہیں تھے۔ یہ تعداد دسمبر تک 465,000 تک جا پہنچی تھی۔ يہ اعداد و شمار سالانہ جائزے کے بعد جرمن اکنامک انسٹيٹيوٹ نے جاری کيے۔ رپورٹ کے مطابق جرمنی ميں تربيت يافتہ ہنر مند افراد کی کمی روزگار کی منڈی کو منفی طور پر متاثر کر رہی ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے