پیر : 28 فروری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]نیٹو کی جانب سے یوکرائن کی فوجی امداد میں اضافے کا اعلان[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سربراہ ژینس شٹولٹن برگ نے یوکرائن کو فضائی دفاعی میزائل اور ٹینک شکن ہتھیار فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب روسی فوج نے مزید دو جنوب مشرقی شہروں پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن آج ایک خصوصی اجلاس بھی طلب کر رہے ہیں، جس میں وہ مغرب کی جانب سے عائد کی جانے والی اقتصادی پابندیوں کا جائزہ لیں گے۔ ماسکو حکام کے مطابق روس ان پابندیوں کے ردعمل کے طور پر جوابی کارروائی کر سکتا ہے۔ دریں اثناء یوکرائنی صدر نے اپیل کی ہے کہ ان کے ملک کی یورپی یونین میں شمولیت کا عمل تیز تر کر دیا جائے۔

[pullquote]یوکرائن میں اب تک 102 شہری ہلاک ہو گئے، اقوام متحدہ[/pullquote]

یوکرائن پر روسی حملے کے بعد سے اب تک تقریباﹰ ایک سو عام شہری مارے جا چکے ہیں۔ اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کی چیف مشیل بیچلیٹ کے مطابق اس دوران تقریبا تین سو شہری زخمی بھی ہوئے ہیں لیکن ہلاکتوں اور زخمیوں کی اصل تعداد اس سے بھی کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ اندازوں کے مطابق اس جنگ کی وجہ سے تقریبا چار لاکھ بیس ہزار یواکرائنی بے گھر ہو چکے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر نے ملک کے اندر ہی نقل مکانی کی ہے۔

[pullquote]فریقین مذاکرات کے ذریعے کشیدگی میں کمی کی کوشش کریں، چین[/pullquote]

چین نے روس اور یوکرائن سے کہا ہے کہ وہ مذاکرات کے ذریعے کشیدگی میں کمی لانے کی کوشش کریں۔ چین روس کا اتحادی ہے اور جمعے کے روز وہ روس کے خلاف مذمتی قرارداد میں ووٹنگ کے دوران بھی سلامتی کونسل سے غیر حاضر رہا تھا۔ چین یہ بھی کہہ چکا ہے کہ روس کی ’قابل توجہ سکیورٹی مطالبے‘ کو بھی سنا جانا چاہیے۔ تاہم چین یوکرائن کی بدلتی ہوئی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ابھی تک اپنی خارجہ پالیسی میں کافی حد تک متوازن رویہ اپنائے ہوئے ہے۔

[pullquote]بھارت، پاکستان کی حمایت میں نعرے لگانے والوں کے خلاف مقدمہ درج[/pullquote]

ریاست یو پی کے آلہ آباد میں پولیس حکام نے پاکستان نواز نعرے لگانے کے الزام میں متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ ریاست میں اس وقت اسمبلی انتخابات جاری ہیں اور اس الیکشن میں پاکستان کا نام بار بار لیا جا رہا ہے۔ پولیس کا دعوی ہے کہ نعرہ لگانے والے افراد کا تعلق ریاست کی مضبوط حزب اختلاف کی جماعت سماج وادی پارٹی سے ہے۔ ان انتخابات میں اس جماعت کا حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی سے براہ راست مقابلہ ہے، جس نے پولیس کے بیانات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس پر جھوٹ سے کام لینے کا الزام عائد کیا ہے۔ ماضی میں بھی کئی بار پاکستان زندہ باد کہنے کے واقعات پر متعدد افراد کے خلاف کیسز درج ہونے کے ساتھ ہی انہیں گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔

[pullquote]ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات ’حتمی مرحلے‘ میں داخل[/pullquote]

ایران کے چیف مذاکرات کار مغرب کے ساتھ جاری جوہری مذاکرات کے ’حتمی مرحلے‘ میں شرکت کے لیے آج ویانا پہنچ گئے ہیں۔ علی باقری بات چیت میں شریک دیگر ممالک کے نمائندوں کو ایرانی نیشنل سکیورٹی کونسل کی طرف سے کیے گئے فیصلے سے آگاہ کریں گے۔ سفارت کاروں کے مطابق یورپ کے تیار کردہ مسودے کے صرف چند پوائنٹس باقی رہ گئے ہیں، جن پر تہران حکومت نے ابھی تک اتفاق نہیں کیا۔ گزشتہ کئی مہینوں سے تہران اور واشنگٹن کے درمیان جاری مذاکرات میں جرمنی، فرانس، برطانیہ، روس اور چین ثالثی کر رہے ہیں تاکہ سن دو ہزار پندرہ میں ہونے والے جوہری معاہدے میں امریکا واپس آ سکے اور اس معاہدے کو مکمل طور پر ناکام ہونے سے بچایا جا سکے۔

[pullquote]نائجیریا، عسکریت پسندوں کے حملوں میں درجنوں افراد ہلاک[/pullquote]

افریقی ملک نائجیریا کے شمال مشرقی حصے میں عسکریت پسندوں کے مختلف حملوں میں متعدد افراد مارے گئے ہیں۔ سکیورٹی حکام کے مطابق ہفتے کی شام بورنو ریاست کے تین دیہات میں کم از کم چوبیس عام شہری ہلاک ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق یہ وہ عام شہری تھے، جو جہادی تنظیم بوکو حرام کے خلاف حکومتی دستوں کو تعاون فراہم کر رہے تھے۔ اس افریقی ملک میں ایک عرصے سے حکومتی دستوں اور جہادی گروہوں کے مابین لڑائی کا سلسلہ جاری ہے اور اس کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔

[pullquote]اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں یوکرائن جنگ پر بحث[/pullquote]

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے یوکرائن جنگ پر غور کے لیے آج بروز پیر ایک ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ قرارداد کے مسودے کے مطابق اس جلاس میں روس کے حملوں کی مذمت کی جائے گی۔ بہت سے مغربی ممالک کا مقصد ماسکو قیادت کی عالمی تنہائی کو مزید بڑھانا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے گزشتہ روز یہ فیصلہ کیا تھا کہ جنرل اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے جبکہ روس نے اس کی مخالفت کی تھی۔ اقوام متحدہ کے اس سب سے بڑے ادارے کے ہنگامی اجلاس بہت کم ہوتے ہیں۔ سن 1950 سے اب تک ایسے صرف دس اجلاس ہوئے ہیں۔

[pullquote]یوکرائن پیشگی شرائط کے بغیر امن مذاکرات کے لیے تیار[/pullquote]

یوکرائن نے پیشگی شرائط کے بغیر امن مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب روس نے چوتھے روز بھی یوکرائن کے مختلف علاقوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ یوکرائنی صدر کے دفتر کے مطابق یوکرائن اور روس کے وفود یوکرائن-بیلاروس سرحد پر ملاقات کرنے والے ہیں۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ یہ ملاقات کب ہو گی۔ قبل ازیں یوکرائنی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے بیلاروس میں امن مذاکرات سے انکار کر دیا تھا کیوں کہ روسی فوجیں بیلا روس کی سرزمین سے بھی یوکرائن پر حملہ آور ہوئی تھیں۔

[pullquote]یورپی یونین یوکرائن کے مہاجرین کو پناہ دینے کے لیے تیار[/pullquote]

یورپی یونین نے یوکرائن کے مہاجرین کو فوری اور غیر بیوروکریٹک طریقے سے پناہ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے یورپی رہنماؤں کا ایک اجلاس ہوا ہے اور آئندہ جمعرات تک نئے ضابطوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔ منصوبے کے مطابق یوکرائن سے آنے والے مہاجرین کو سیاسی پناہ کے طریقہ کار سے نہیں گزرنا پڑے گا اور انہیں یورپی یونین میں تین سال تک عارضی تحفظ حاصل ہو گا۔ جرمن حکام کے مطابق یورپی یونین کی تمام ریاستیں یوکرائنی مہاجرین کو پناہ دینے کے لیے تیار ہیں۔

[pullquote]روس بھر میں جنگ مخالف مظاہرے، تقریبا دو ہزار افراد گرفتار[/pullquote]

روس کے درجنوں شہروں میں جنگ کی مخالفت کرنے والے کارکنوں نے یوکرائن پر ملکی حملے کے خلاف ریلیاں نکالی ہیں۔ ہزاروں افراد نے ملک کے سخت احتجاجی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان مظاہروں میں حصہ لیا۔ بہت سے مظاہرین نے ایسے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر ’جنگ بند کرو‘ اور ’یوکرائن کے لیے امن‘ جیسے نعرے درج تھے۔ آزاد مبصرین کے مطابق اس دوران دو ہزار سے زائد مظاہرین کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ گزشتہ چار روز میں روس میں تقریبا پانچ ہزار ایسے مظاہرین کی گرفتاریاں عمل میں آچکی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے