[pullquote]يوکرينی دارالحکومت ميں ہلاکتوں کی تعداد 222[/pullquote]
يوکرينی حکومت نے بتايا ہے کہ دارالحکومت کييف ميں اب تک 222 افراد ہلاک ہو چکے ہيں، جن ميں ساٹھ شہری شامل ہيں۔ اب تک چار بچے بھی ہلاک ہو چکے ہيں۔ کييف کے شہری حکام کے مطابق اب تک زخمی ہونے والوں کی تعداد 889 بنتی ہے۔ ان ميں 241 شہری شامل ہيں۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق يوکرين ميں روسی حملے ميں اب تک مجموعی طور پر ہلاک ہونے والوں کی تعداد 780 ہے۔ 1,252 افراد اب تک زخمی بھی ہو ئے ہيں۔
[pullquote]روسی فورسز کا مغربی يوکرين کے سب سے بڑے شہر پر حملہ[/pullquote]
روسی فورسز نے آج جمعے کی صبح يوکرينی شہر لويوو کے ہوائی اڈے کے پاس بمباری کی ہے۔ کم از کم تين دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ سوشل ميڈيا پر گردش کرنے والی ويڈيوز ميں افراتفری اور ہر طرف دھواں ديکھا جا سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ روسی حملے ميں ہوائی اڈے کے ايک ایسےحصے کو نشانہ بنايا گيا، جہاں جہازوں کی مرمت کا کام کيا جاتا تھا۔ اس حملے ميں کسی کے زخمی يا ہلاک ہونے کی اطلاع نہيں ہے۔ لويوو مغربی يوکرين کا سب سے بڑا شہر ہے، جو ابھی تک روسی حملوں سے بچا رہا تھا۔ يوکرين پر روسی حملے کو شروع ہوئے اب چار ہفتے سے زيادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔
[pullquote]یوکرین میں جنگ سے معاشی سطح پر نقصان کا امکان، عالمی اداروں کی تنبيہ[/pullquote]
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ، عالمی بینک اور دیگر مالياتی اداروں نے یوکرین کی جنگ کے اقتصادی نتائج سے خبردار کیا اور تشویش ظاہر کی ہے۔ ان اداروں کی جانب سے جمعے کو ايک مشترکہ بيان جاری کيا گيا، جس ميں کہا گيا ہے کہ جنگ سے معاشی ترقی کی رفتار اور تجارت منفی طور پر متاثر ہوں گی جب کہ افراط زر کی شرح ميں اضافے کا بھی امکان ہے۔ شہریوں اور بنیادی ڈھانچے پر حملے، مصائب اور لوگوں کے بے گھر ہونے کا باعث بن رہے ہیں۔ يوکرين ميں چوبيس فروری سے جاری جنگ کے نتيجے ميں اب تک تين ملين سے زائد افراد اپنا ملک چھوڑ چکے ہيں۔
[pullquote]جو بائيڈن کی شی جن پنگ کے ساتھ يوکرين کے موضوع پر گفتگو[/pullquote]
امريکی صدر جو بائيڈن آج اپنے چينی ہم منصب شی جن پنگ سے بذريعہ ٹيلی فون گفتگو کر رہے ہيں۔ وائٹ ہاؤس نے بيجنگ حکومت کو تنبيہ کی ہے کہ اگر اس نے روس کو يوکرين کے خلاف جنگ ميں عسکری يا اقتصادی مدد فراہم کی، تو اس کے سنگين نتائج برآمد ہوں گے۔ بائيڈن چينی صدر سے ان کے موقف اور روسی کی حمايت پر بھی سوال کريں گے۔ امريکہ اور چين روايتی حريف ممالک ہيں۔ واشنگٹن چين کی توسيع پسندانہ پاليسيوں سے ناخوش ہے۔ امريکی حکام کا کہنا ہے کہ بائيڈن کے ساتھ گفتگو ميں ديکھا جائے گا کہ چين کہاں کھڑا ہے۔
[pullquote]مغربی تنبيہ کے باوجود بھارت نے روسی خام تيل خريدا[/pullquote]
بھارت کی سرکاری ’انڈيئن آئل کارپوريشن‘ نے توانائی کی ملکی ضروريات پوری کرنے کے ليے اسی ہفتے روس سے تين ملين ڈالر ماليت کا خام تيل خريدا ہے۔ ايک حکومتی اہلکار نے اس سودے کی تصديق کرتے ہوئے بتايا کہ نئی دہلی حکومت نے روس سے خريداری پر پابندی نہيں لگائی ہے۔ بھارت پر مغربی ملکوں کا کافی دباؤ ہے کہ وہ روس سے تيل نہ خريدے۔ گو کہ امريکی محکمہ خارجہ يہ کہ چکا ہے کہ بھارت ايسا کرنے کی صورت ميں روس پر امريکی پابنديوں کے خلاف ورزی کا مرتکب نہيں ہو گا تاہم بھارت سے کہا گیا تھا کہ ایسا کرنے سے پہلے اُسے اس بارے میں اچھی طرح سوچ لینا چاہیے کہ ’اُس کا نام تاریخ کی کتابوں کے کس باب میں شامل ہوگا‘۔ بھارت اپنی ضروريات کا پچياسی فيصد تيل امپورٹ کرتا ہے۔
[pullquote]بھارتی ریاست گجرات کے اسکولوں میں بھگوت گیتا کی تعلیم لازمی[/pullquote]
ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت والی ریاست گجرات کے وزیر تعلیم جیتو واگھانی نے ریاستی اسمبلی میں اعلان کیا کہ ریاست کے تمام اسکولوں میں فی الحال چھٹی سے بارہویں جماعت تک کے طلبا و طالبات کے لیے بھگوت گیتا کی تعلیم لازمی ہو گی۔ ریاستی وزیر تعلیم نے کہا کہ اس حکم کا اطلاق تمام سرکاری اور سرکاری امداد یافتہ اسکولوں پر ہو گا۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ وفاقی حکومت کی نئی تعلیمی پالیسی کے عین مطابق ہے۔ مختلف حلقوں نے گجرات حکومت کے اس فیصلے کی مخالفت کی ہے۔ اپوزیشن کانگریس پارٹی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی حکومت اس طرح کے فیصلے کے ذریعے اساتذہ اور اسکولوں کی کمی جیسے حقیقی تعلیمی مسائل سے عام لوگوں کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔
[pullquote]افغانستان کے ليے اقوام متحدہ کے مشن کی منظوری، طالبان کا خير مقدم[/pullquote]
طالبان نے اقوام متحدہ کی جانب سے افغانستان ميں مشن کی منظوری کے فيصلے کا خير مقدم کيا ہے۔ گزشتہ روز سلامتی کونسل نے ايک قرارداد پاس کی، جس کے تحت افغانستان ميں اس عالمی تنظيم کی موجودگی اور انسانی بنيادوں پر امداد سے متعلق آپريشنز کی باقاعدہ طور پر منظوری دے دی گئی تاہم طالبان حکومت کو اب بھی عالمی برادری نے تسلیم نہیں کیا ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبيح اللہ مجاہد نے آج صبح اپنے ايک بيان ميں اس فيصلے کا خير مقدم کيا اور عالمی برادری کا شکريہ ادا کيا۔ افغانستان ميں اقوام متحدہ کے مشن UNAMA کو جاری رکھنے کے ليے قرارداد کا مسودہ ناروے کی جانب سے پيش کيا گيا تھا۔
[pullquote]يمن ميں قيام امن کے ليے جی سی سی کی ميزبانی ميں مذاکرات[/pullquote]
گلف کوآپريشن کونسل يا GCC کی جانب سے يمنی حوثی باغيوں کو اسی ماہ سعودی دارالحکومت ميں مدعو کيا جائے گا۔ رياض ميں ہونے والی ملاقات ميں سات سال سے جاری جنگ کے خاتمے کی کوشش کی جائے گی۔ جی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بيان ميں کہا گيا ہے کہ مذاکرات کا دور انتيس مارچ سے سات اپريل تک جاری رہے گا اور اس ميں منقسم يمی دھڑوں کو متحد کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ ملک ميں امن قائم ہو سکے۔ کونسل کے مطابق اس مکالمت ميں تمام فريقوں کو دعوت دی جائے گی۔ يمن ميں سن 2015 سے جنگ جاری ہے۔ حوثی باغی اقتدار کے ليے جنگ لڑ رہے ہيں جبکہ سعودی عسکری اتحاد ان کے خلاف برسرپيکار ہے۔
[pullquote]ليبيا کے نزدیک قريب ستر مہاجرين کی ہلاکت کا امکان، IOM[/pullquote]
بين الاقوامی ادارہ برائے مائگريشن نے ليبيا کے ساحل کے قريبی سمندر ميں تقريباً ستر مہاجرين کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کيا ہے۔ جمعرات کو جاری کردہ بيان ميں بتايا کہ گہ فروری ستائيس اور مارچ بارہ کو کشتی ڈوبنے کے دو مختلف واقعات ميں بائيس افراد کی ہلاکت کی تصديق ہو چکی ہے جبکہ سينتاليس اب بھی لاپتہ ہيں۔ تازہ واقعے ميں توبروک نامی ليبيئن شہر کے پاس ايک کشتی ڈوب گئی، جس ميں پچيس مہاجرين ہلاک ہو گئے۔ رواں سال اب تک سوا دو سو مہاجرين غير قانونی راستوں سے يورپ پہنچنے کی کوششوں ميں ہلاک ہو چکے ہيں۔
[pullquote]فن لينڈ مسلسل پانچويں مرتبہ دنيا کا سب سے خوش ملک[/pullquote]
فن لينڈ کو مسلسل پانچويں مرتبہ دنيا کا سب سے خوش ملک قرار ديا گيا ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے جمعے کو ايک انڈيکس جاری کيا گيا، جس ميں عالمی سطح پر سب سے مطمئن اور خوش ممالک اور ناخوش ممالک کی درجہ بندی کی گئی۔ 146 ممالک کی فہرست ميں افغانستان سب سے نيچے ہے۔ اقوام متحدہ کا يہ انڈيکس معاشی و معاشرتی امور پر مبنی ہوتا ہے۔ اس فہرست ميں فن لينڈ کے بعد ڈنمارک دوسرے اور آئس لينڈ تيسرے نمبر پر ہے۔
[pullquote]افغانستان ميں صحافيوں کی حراست، اقوام متحدہ کی تشويش[/pullquote]
افغانستان ميں فعال اقوام متحدہ کے مشن نے چند صحافيوں کی گمشدگی يا حراست پر گہری تشويش ظاہر کی ہے۔ اس بارے ميں بيان UNAMA کی جانب سے بیان جاری کيا گيا، جس ميں حراست کا الزام طالبان پر لگايا گيا ہے۔ بيان ميں صحافيوں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کيا گيا ہے۔ اطلاع ہے کہ طالبان نے ملک کے سب سے بڑے چينل’ تولو نيوز‘ کے چند صحافيوں کو گرفتار کر ليا تھا۔ يہ کارروائی گزشتہ شام کے وقت کی گئی تھی۔ فوری طور پر يہ واضح نہيں کہ کتنے صحافيوں کو گرفتار کيا گيا۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]