[pullquote]ریڈ کراس مشن کے ماریوپول میں داخلے کی ایک اور کوشش ناکام[/pullquote]
بین الاقوامی ریڈ کراس کی جانب سے یوکرینی شہر ماریوپول میں پھنسے ہوئے عام شہریوں کے انخلا کی ایک اور کوشش ناکام ہوگئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ریڈ کراس کا ریسکیو مشن ہفتے کے روز ایک بار پھر اس محصور بندرگاہی شہر تک پہنچنے میں ناکام رہا۔ انٹرنیشنل ریڈ کراس کی ایک ترجمان نے بتایا کہ اس امدادی تنظیم کو دو روز قبل جمعے کو بھی اپنا یہ آپریشن منسوخ کرنا پڑا تھا۔ دریں اثناء روسی وزارت دفاع نے نیوز ایجنسی انٹرفیکس کو بتایا کہ ریڈ کراس کا قافلہ بہت تاخیر سے روانہ ہوا تھا اور وقت پر ماریوپول نہ پہنچ سکا۔ اس شہر میں اب تک بیسیوں ہزار شہری پھنسے ہوئے ہیں، جن کی خوراک اور پانی تک رسائی بہت محدود ہے۔ ادھر یوکرین کے دارالحکومت کییف کے قریب ایک اجتماعی قبر میں تقریباﹰ تین سو لاشوں کو دفنا دیا گیا ہے۔ یہ بات نیوز ایجنسی اے ایف پی نے کییف کے نواحی قصبے کے میئر کے حوالے سے بتائی۔
[pullquote]امن مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، روسی مذاکراتی نمائندے کا بیان[/pullquote]
روس کی طرف سے اتوار کے روز کہا گیا کہ یوکرین سے متعلق امن مذاکرات کے دوران ہونے والی بات چیت میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ کریملن نے یہ بھی کہا ہے کہ کریمیا اور ڈونباس کی حیثیت کے بارے میں ماسکو کا موقف تبدیل نہیں ہوا۔ روس کے اعلیٰ ترین مذاکرات کار ولادیمیر میڈنسکی نے سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ٹیلیگرام پر اپنے ایک پیغام میں لکھا کہ روسی یوکرینی امن مذاکرات میں اتنی پیش رفت نہیں ہو سکی کہ ممکنہ امن معاہدے کا مسودہ فریقین کی سربراہی ملاقات میں منظوری کے لیے پیش کیا جا سکے۔
[pullquote]کابل میں اتوار کو ہونے والے دھماکے میں کم از کم 15 افراد زخمی[/pullquote]
افغان دارالحکومت کابل کے مرکز میں اتوار کو ہونے والے دھماکے میں کم از کم 15 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ دھماکے کی وجہ کیا ہے ۔ تاحال کسی نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم عینی شاہدین نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔ طالبان حکام کی طرف سے بھی اس بارے میں تا حال کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔ دریں اثناء ایک منی چینجر وائس احمد نے بتایا کہ افغان دارالحکومت کابل میں یہ دھماکہ سب سے بڑے ایکسچینج مارکیٹ میں ہوا۔ تاہم دھماکے کے وقت یہ مارکیٹ بند تھی۔ افغان دارالحکومت میں گزشتہ کئی مہینوں میں پہلی بار دھماکہ ہوا ہے۔
[pullquote]دنیا بھر میں تارکین وطن اور مہاجرین کے ساتھ ہمدردی کی ضرورت ہے، پاپائے روم[/pullquote]
پوپ فرانسس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ دنیا بھر میں تارکین وطن اور مہاجرین کے ساتھ مہربانی اور ہمدردی کا سلوک روا رکھا جائے۔ پوپ فرانسس نے یہ بیان مالٹا کے دو روزہ دورہ پر دیا۔ اتوار کو اپنے دورے کے دوسرے اور آخری دن انہوں نے رابات کے مقدس مقام باسیلیکا آف سینٹ پال کیتھولک چرچ میں ایک دعائیہ تقریب میں یورپ کو خاص طور سے یہ پیغام بھیجا کہ اس وقت یورپ میں مہاجرین اور تارکین وطن کا گرمجوشی اور ہمدردانہ جذبے کے ساتھ خیر مقدم کیا جانا چاہیے۔ بحیرہ روم کے اس علاقے سے کیتھولک چرچ کی تاریخ کے چند اہم واقعات منسوب ہیں جن میں جہاز کی تباہی کے بعد اس علاقے میں انسانی ہمدردی کی مثال پیش کی گئی تھی۔
[pullquote]گوانتانامو: تقریباً 20 سال سے قید الجزائر کی ایک شہری کی وطن واپسی[/pullquote]
گوانتانامو کے حراستی مرکز میں تقریباً 20 سال قید رہنے والے الجزائر کے ایک شہری کو گزشتہ روز وطن بھیج دیا گیا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے مطابق سفیان بارہومی کو اس حکومتی یقین دہانی کے بعد واپس بھیجا گیا ہے کہ اُس کے ساتھ غیر انسانی سلوک نہیں کیا جائے گا اور اُس کی حفاظت کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ سفیان کو 2002ء میں پاکستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس پر متعدد انتہا پسند سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔ 2016ء میں گوانتانامو جیل کے نظر ثانی بورڈ کی ایک رپورٹ کے مطابق الجزائر کا یہ شہری طالبان یا القاعدہ کا کوئی رکن نہیں تھا۔
[pullquote]مہنگائی سے نجات مل جائے گی، فرانسیسی صدر کا عوام سے وعدہ[/pullquote]
فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ دوبارہ منتخب ہو گئے، تو عوام کو بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نجات دلائیں گے۔ ماکروں نے یہ بات دس اپریل کو ہونے والی انتخابی رائے دہی کے پہلے مرحلے سے تقریباﹰ ایک ہفتہ قبل پیرس کے نواح میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ پہلا موقع تھا کہ اپنی انتخابی مہم کے دوران ماکروں نے ہزار ہا شہریوں کے ایک بڑے سیاسی اجتماع میں شریک ہو کر ان سے خطاب کیا۔ فرانسیسی صدر نے کہا کہ ان کی حکومت پہلے ہی بجلی اور گیس کی قیمتوں کو محدود رکھنے کے لیے تقریباً 20 بلین یورو کی سرمایہ کاری کر چکی ہے اور آئندہ وہ اس میں مزید اضافہ کریں گے۔ اپنی مرکزی حریف اور انتہائی دائیں بازو کی سیاست دان مارین لے پین پر تنقید کرتے ہوئے ماکروں نے فرانسیسی معاشرے میں انتہا پسندی کے خطرات سے خبردار بھی کیا۔
[pullquote]مالی میں فوجی آپریشن میں دو سو جنگجو ہلاک[/pullquote]
مالی کی مسلح افواج کے مطابق ملک کے وسط میں ایک آپریشن میں دو سو سے زائد جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج نے یہ آپریشن مُورا نامی ایک گاؤں اور اس کے ارد گرد کے علاقے میں 23 اور 31 مارچ کے درمیانی عرصے میں کیا۔ پچاس سے زائد افراد کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ مالی میں حالیہ ہفتوں میں تشدد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش خبردار کر چکے ہیں کہ انسداد دہشت گردی کی ان کوششوں کے شہری آبادی کے لیے تباہ کن نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
[pullquote]اسرائیلی فوجی کارروائی میں فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد کے تین ارکان ہلاک[/pullquote]
اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے کے فلسطینی علاقے میں ایک کارروائی کے دوران عسکریت پسند فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد کے تین ارکان کو ہلاک کر دیا۔ یہ تینوں اس وقت مارے گئے جب انہوں نے جنین شہر کے قریب اُن اسرائیلی فوجیوں پر فائرنگ کی جو انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس واقعے میں چار اسرائیلی فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے، جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔ یہ فوجی کارروائی ایسے وقت پر کی گئی، جب فلسطینی شدت پسند اسرائیل میں مسلسل خونریز حملے کر رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے تل ابیب کے قریب واقع شہر بنی براک میں ایک مسلح فلسطینی نے فائرنگ کر کے کم از کم پانچ افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔
[pullquote]صومالی لینڈ میں آتش زدگی کے نتیجے میں ہول سیل مارکیٹ تباہ[/pullquote]
افریقی ملک صومالیہ کے علیحدگی پسند خطے صومالی لینڈ کے دارالحکومت کی ایک ہول سیل مارکیٹ میں لگنے والی آگ نے اس پوری مارکیٹ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ آتش زدگی کا یہ واقعہ جمعے کے روز ہرگیسا کی واہین مارکیٹ میں پیش آیا۔ آگ بجھانے والے عملے کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر لگنے والی اس آگ پر قابو پانے میں کئی گھنٹے لگے۔ اس واقعے میں پچیس سے زائد افراد زخمی ہوئے تاہم کسی ہلاکت کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ صومالی لینڈ کے صدر موسی بیہی عبدی نے آتش زدگی کے بعد اس جلی ہوئی مارکیٹ کا دورہ کیا اور کہا کہ حکومت متاثرین کو ہنگامی امداد کے طور پر ایک ملین ڈالر ادا کرے گی۔
[pullquote]ستاسی مرتبہ کورونا ویکسین لگوانے والا جرمن شہری زیر تفتیش[/pullquote]
جرمنی میں حکام ایک ایسے شہری کے بارے میں چھان بین کر رہے ہیں، جس نے مبینہ طور پر ستاسی مرتبہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی۔ اخبار ’فرائیے پریسے‘ کے مطابق اس شکص کی عمر اکسٹھ برس ہے اور اس نے بظاہر مشرقی صوبوں سیکسنی اور سیکسنی انہالٹ میں بار بار کئی ویکسینیشن مراکز پر جا کر کورونا ویکسین لگوائی۔ اندازہ ہے کہ اس نے چند مرتبہ تو ایک ایک دن میں تین تین ٹیکے بھی لگوائے تھے۔ اسے بالآخر شہر ڈریسڈن کے ایک ویکسینیشن مرکز کے ایک کارکن نے پہچان لیا کہ وہ پہلے بھی حفاظتی ٹیکے لگوا چکا تھا۔ پولیس کا خیال ہے کہ اس شخص نے ایسا اپنے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ ان افراد کو فروخت کرنے کے لیے کیا، جو اپنی ویکسینیشن نہیں کرانا چاہتے تھے۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]