[pullquote]روسی جنگی بحری جہاز ڈوب گیا، یوکرینی صدارتی مشیر[/pullquote]
یوکرینی صدارتی مشیر اولیکسی آسٹیوویچ نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی جنگی بحری جہاز ماسکووا ڈوب گیا ہے۔ اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں آسٹیوویچ نے لکھا کہ ماسکووا کہاں ہے؟ وہ ڈوب چکا ہے۔ جمعرات کو بحیرہ اسود میں موجود روسی میزائل بردار بحری جہاز ماسکووا پر دھماکا ہوا تھا۔ یوکرینی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ اس جہاز کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا، تاہم روسی میڈیا کے مطابق دھماکا اس بحری جہاز کے بارود میں ہوا، جس کے نتیجے میں اس بحری جہاز کو شدید نقصان پہنچا۔ روسی میڈیا نے تاہم دھماکے کی وجوہات نہیں بتائیں تھیں۔
[pullquote]بیجنگ حکومت کی جانب سے روس کے حوالے سے چینی موقف کا دفاع[/pullquote]
چین نے جمعرات کے روز یوکرین پر روسی حملے کے چینی موقف پر امریکی تنقید کو مسترد کر دیا ہے۔ چینی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تاریخ کی درست سمت میں کھڑا ہے۔ اس سے قبل امریکہ نے چین کو خبردار کیا تھا کہ اگر وہ روس پر پابندیوں سے اجتناب برتتا ہے، تو اس سے چین اور دیگر معیشتوں کے درمیان تعلقات پر خراب اثرات مرتب ہوں گے۔ یہ بات اہم ہے کہ چین نے اب تک یوکرین پر روسی حملے کی مذمت نہیں کی ہے۔ چین روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے گفتگو کی اہمیت پر زور دیتا ہے، تاہم اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ روس کے سکیورٹی خدشات کا احترام کیا جانا چاہیے۔
[pullquote]ضرورت پڑی تو اسرائیل سے سختی سے نمٹا جائے گا، ایرانی کمانڈر[/pullquote]
ایرانی انقلابی گارڈز کی القدس فورس کے سربراہ اسماعیل قاآنی نے کہا کہ جب بھی ضرورت محسوس ہوئی تو اسرائیل سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ قاآنی نے جمعرات کو اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی خطرے سے نمٹنے کے لیے اگر ضرورت محسوس ہوئی تو کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایران کے مقابلے میں بہت چھوٹا ہے۔ مارچ میں ایران نے عراقی کرد علاقے کے دارالحکومت اربیل پر میزائیل داغے تھے۔ ایرانی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ یہاں اسرائیل نے خفیہ اڈے قائم کر رکھے تھے۔ اس حملے کو شام میں ایرانی فوجیوں پر اسرائیلی حملے کا بدلہ بھی قرار دیا گیا تھا۔
[pullquote]فلپائن میں سیلابوں اور لینڈسلائیڈنگ کے نتیجے میں ہلاکتیں 123 ہو گئیں[/pullquote]
فلپائن میں شدید بارشوں اور سیلابوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 123 ہو گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ شدید طوفانی صورتحال نے فلپائن کے ایک بڑے حصے کو متاثر کیا ہے۔ رواں برس سمندری طوفان میگی فلپائنسے ٹکرانے والا پہلا سائیکلون ہے۔ سات ہزار چھ سو جزائر پر مشتمل فلپائن میں سالانہ قریب بیس سمندری طوفان آتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ کئی روز سے جاری موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں ہزاروں افراد کو عارضی مراکز میں منتقل کیا گیا ہے۔
[pullquote]یوکرین میں جنگی جرائم کے لیے احتساب کیا جانا چاہیے، چار ملکی مطالبہ[/pullquote]
یوکرین کے چار ہمسایہ ممالک کے سربراہان نے مطالبہ کیا ہے کہ یوکرین میں ہونے والے جنگی جرائم کی تحقیقات ہونا چاہئیں ہیں اور ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔ بدھ کے روز پولینڈ، لیتھوانیا، لیٹویا اور ایسٹونیا کے رہنماؤں نے ٹرین کے ذریعے یوکرینی دارالحکومت کییف کا دورہ کیا اور اپنے یوکرینی ہم منصب وولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی۔ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے چار رکن ممالک کے رہنماؤں کی جانب سے اس غیرمعمولی دورے کو یوکرین کے ساتھ یک جہتی کا واضح اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس دورے میں ان رہنماؤں نے کییف کے نواح میں ان علاقوں کا دورہ بھی کیا، جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہاں روسی فوج جنگی جرائم میں ملوث رہی۔
[pullquote]نیو یارک سب وے میں فائرنگ کا واقعہ، ملزم پر دہشت گردی کا الزام[/pullquote]
امریکی شہر نیو یارک کے ایک سب وے اسٹیشن پر فائرنگ کے واقعے کے مشتبہ ملزم فرینک جیمز کو دہشت گردی کے الزام کا سامنا کرنا ہو گا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں دس افراد کو زخمی کرنے کے بعد حملہ آور فرار ہو گیا تھا، جسے بعد میں حراست میں لے لیا گیا تھا۔ پولیس نے تاہم بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے وقت کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم کے قبضے سے ایک ہینڈ گن کے علاوہ گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔
[pullquote]جرمنی میں ایک ترک شہری پر جاسوسی کا مقدمہ[/pullquote]
جرمن دفتر استغاثہ نے ایک ترک شہری کے خلاف جاسوسی کے الزام کے تحت مقدمے کا آغاز کر دیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق یہ ملزم گیولن تحریک اور کردستان ورکرز پارٹی کے حامیوں کی جاسوسی میں ملوث تھا۔ پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ اس شخص کو جرمن شہر ڈوسلڈورف کے ایک ہوٹل سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا، جب ہوٹل کے ایک ملازم نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ اسے اس شخص کے پاس اسلحہ موجود ہونے کا شبہ ہے۔ پولیس کو ملزم کے پاس سے ایک شاٹ گن ملی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ شخص جرمنی میں اپنے لیے مخبر بھی بھرتی کرنے میں مصروف تھا۔
[pullquote]یوکرینی جنگ غیر ممالک کی پریشانیوں میں اضافے کا باعث، اقوام متحدہ[/pullquote]
اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یوکرینی جنگ کے متعدد ترقی پزیر ممالک کی اقتصادیات پر انتہائی تباہ کن اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی ایک ٹاسک فورس کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ اس جنگ کے نتیجے میں دنیا بھر میں ایک اعشاریہ سات ارب افراد بالواسطہ طور پر متاثر ہو سکتے ہیں، جن میں سے ایک تہائی پہلے ہی شدید غربت اور افلاس کا شکار ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے خصوصی ٹاسک فورس کی رپورٹ بدھ کے روز جاری کی۔ اس رپورٹ کے مطابق یوکرین پر روسی حملے کی وجہ سے توانائی، خوراک اور مالیات کا شعبہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]