یورو ویلیج پاکستان: متنوع ثقافت کا ایک حسین گلدستہ

اسلام آباد : جیسا خوبصورت شہر جو اکثر سیاسی حالات کی وجہ سے اپنے شہریوں کو زیادہ تفریحی مواقع فراہم کرنے میں عاجز نظر آتا ہے، حالانکہ یہاں کئی حکومتی اور غیر حکومتی ادارے خصوصی طور پر آرٹ، ادب، ثقافت ، موسیقی اور فنون لطیفہ کو فروغ دینے کے لیے بنائے گئے ہیں اور وسائل سے بھی مالا مال ہیں۔بسا اوقات اقتدار کی جنگ اور سیاسی کشمکش سے شہر اقتدار کی رونقیں ماند پڑ جاتی ہیں۔ سیاسی افراتفری کی اس صورتحال میں بین الاقوامی کمیونٹی کی جانب سے کسی خوبصورت متنوع ثقافتی پروگرام کا انعقاد اسلام آبا د کے شہریوں کے لیے بہت بڑا سرپرائز تھا۔ 29 اکتوبر 2022 بروز ہفتہ اسلام آباد میں یورپی یونین کی ٹیم یورپ نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (PNCA) اسلام آباد میں یورو ویلیج پاکستان کا انعقاد کیا۔ یورو ویلج فیسٹیول میں ہزاروں افراد بالخصوص فیملیز نے شرکت کی۔ یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک کی جانب سے کرونا وائرس کی وجہ سے تین سال کے وقفے کے بعد منعقد ہونے والی سالانہ تقریب نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے رہائشیوں کو منفرد یورپی فن، ثقافت اور کھانوں کے تجربے سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا۔پروگرام سے کچھ دن پہلے ہی سے مختلف یورپی ممالک کے سفارت خانوں کی جانب سےسوشل میڈیا پر پیغامات کے ذریعہ اسلام آباد کی فیمیلیز کو خصوصی دعوت دی جاتی رہی۔ ڈاکٹر رینا کیونکا ،جو پاکستان میں یورپی یونین کے وفد کی سفیر اور سربراہ ہیں، نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ” ہم آج آپ کے استقبال کے لیے تیار ہیں۔ خاندان اور دوستوں کے ساتھ آئیں اور موسیقی، ثقافت، کھانے اور بہت کچھ سے بھرے دن کا لطف اٹھائیں!”

یورو ویلج ایک فیملی تفریحی میلہ ہے، جس کی میزبانی یورپی یونین اور ممبر ممالک کرتے ہیں۔ اس کی خاص بات پاکستانی کمیونٹی کو یورپی کمیونٹی سے متعارف کروانا اور ملاقات کا موقع فراہم کرنا ہے۔ یورو ویلج میں تمام فیملیز کے لیے فری داخلہ تھا، جہاں کھانے، فن، ثقافت اور ورثے کے ذریعے ٹیم یورپ نے اپنی بھرپور ثقافت اور روایات کو پیش کیا اورپاکستانیوں کو یورپی کمیونٹی کے ساتھ شامل ہونے کا موقع فراہم کیا۔اس سال کا یورو ولیج اس لحاظ سے منفرد تھا کہ یورپی یونین پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کے 60 سال منا رہی ہے۔سماجی ترقی، تجارتی اور سیاسی مصروفیات میں چھ دہائیوں کی شراکت داری ظاہر کرتی ہے کہ یورپی یونین اور پاکستان کے تعلقات کس طرح ایک ساتھ مضبوط ہیں۔تعلقات کے اس طویل دور کو یادگاربنانے کے لیے یورپی یونین اور پاکستان دوستی ٹرک بھی تیار کیا گیا ، جسے اس فیسٹیول میں عوام کے سامنے پیش کیا گیا ، اس ٹرک کو ملک کے تمام صوبوں میں لے جایا جائے گا تاکہ پاکستانیوں کے ساتھ رابطہ قائم کیا جا سکے اور یہ پیش کیا جا سکے کہ یورپی یونین اور پاکستان تعلقات کیا ہیں۔

ثقافت، ہمیشہ سے، یورپی یونین کی بنیادوں کا ایک لازمی حصہ رہی ہے۔ یہ سفارت کاری کا ایک طاقتور ٹول ہے، جو آفاقی اقدار اور مشترکہ ورثے کی شناخت کرکے پوری دنیا کے لوگوں سے رابطہ قائم کرنے کا ذریعہ ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام جو اس موقع پر مہمان خصوصی تھے، نے اس تقریب کو یورپی ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو فروغ دینے اور عوام سے عوام کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے کی کوشش کے طور پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی امید رکھتے ہیں۔پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے کہا کہ پاکستان میں یورپی یونین کے وفد نے یورپ میں موجود متنوع ثقافتوں، زبانوں، مذاہب، تاریخوں اور شناختوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جو کہ ان کی دولت کا حصہ ہیں، انہوں نے اپنی مشترکہ اقدار کو تشکیل دیا، ان کو جوڑ دیا۔ اور انہیں مقصد کا مشترکہ احساس دیا۔مشترکہ اقدار اور تنوع کی یہ مشترکہ سمجھ ہے جو پاکستان سمیت دنیا کے ساتھ ہمارے تعلقات کے مرکز میں ہے۔یورپی ثقافت کے وسیع میدان میں اشتراک کے ذریعے یوری یونین اپنے نصب العین ‘United in Diversity’ کی مکمل مثال دیتا ہے۔

یورو ویلیج فیسٹیول فیمیلیز کے لیے تفریح اور معلومات سے بھرپور تھا ،یورپی ممالک کے لگائے گئے سٹالز پر سفارتی عملہ بذات خود لوگوں کو خوش آمدید کرتا رہا۔ یورپی یونین میں 27 ممالک ہیں اور ان سب کی کرنسی یورو ہے۔فیسٹیول میں یورپی یونین اور آسٹریا، بیلجیم، بلغاریہ، جمہوریہ چیک، ڈنمارک، فرانس، جرمنی، ہنگری، نیدرلینڈز، پولینڈ، رومانیہ اور سویڈن کے سٹالز لگائے گئے تھے ،جہاں گیمز ،کوئزز، انٹرایکٹو معلومات کی نمائش، اور مختلف سرگرمیوں کے ذریعےشہریوں نے یہ مشاہدہ کیا کہ یورپی یونین کا نصب العین ‘Unity in Diversity’ کا عملی طور پر کیا مطلب ہے اور یہ پاکستان پر کیسے لاگو ہوتا ہے۔یورپی ممالک کے ان سٹال ہولڈرز نے مہمانوں کو اپنے اپنے ممالک سے سووینئرز اور لذیز کھانے کی چیزیں پیش کیں، جنہوں نے اپنے قومی ہیروز، یادگاروں اور مقامات کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کے درست جوابات دئیے۔اس کے علاوہ یورپی یونین کی جانب سے شرکاء میں ہزاروں کی تعداد میں تحائف جیسےشرٹس، کیپ، بیگ اور واٹر بوتل وغیرہ تقسیم کئے گئے۔

یورو ویلیج پاکستان فیسٹیول کے میزبان مشہور آرٹسٹ فیضان حقی تھے جو ایک وی جے، وائس اوور آرٹسٹ اور اینکر ہے اوراپنے ٹریول شوز اور ڈیجیٹل شو کے لیے مشہور ہے۔پاکستانی فنکار نتاشہ اعجاز، عاصم اظہر اور شائی گل نے یورو ولیج میں لائیو پرفارم کیا۔ہنگری سے تعلق رکھنے والی کٹامیتا، فری اسٹائل فٹبال چیمپئن کی شاندار کارکردگی سے بھی ناظرین بہت محظوظ ہوئے۔ شرکاء نے تمام سٹالز میں بہت دلچسپی کا اظہار کیا اور یورپی ممالک کے بارے میں براہ راست معلومات حاصل کیں۔ پاکستان میں ایسی شاندار تقریب کے انعقاد پر یورپی یونین کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ہم پاکستان میں یوروپی یونین کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ایک شاندار، تفریحی دن کا اہتمام کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے