سچا پیار نہیں ملا

ایک خاتون بہت دکھی تھیں ۔۔۔ چھٹے بچے کی پیدائش پر انہوں نے اپنی سہیلی سے روتے ہوئے کہا ۔۔ کیا پوچھتی ہو بہن ، میرے شوہر مجھے پیار نہیں کرتے ۔۔۔ جواباً سہیلی نے پوچھا پھر یہ چھ بچے کیسے ہوگئے میری بہن۔۔۔؟؟؟

اسی طرح ایک اور لڑکی کے حوالہ سے کسی بیان کیا ہے کہ وہ زار و قطار روئے چلی جاتی تھی ۔۔۔ پھر اپنی سہیلی کے کندھے پر سر رکھ کر اس نے اپنے رونے کی وجہ بیان کی تو ساری یونیورسٹی اس کے درر میں شریک ہوگئی ۔۔۔ لڑکی کا کہنا تھا اس کے ساتھ سچے پیار کی تلاش میں گزشتہ ایک سال کے دوران چھ مرتبہ دھوکہ ہو چکا ہے ۔

کچھ ایسا ہی محسوس ہوا جب اپنے ٹونٹی ٹونٹی کے پٹھان کپتان کی بھارت پہنچ کر گفتگو سنی ۔۔۔ موصوف کہتے ہیں بھارت میں جتنا پیار ملا پاکستان میں بھی کبھی نہیں ملا ۔۔۔ اس بات پر انہوں نے اتنا زور دیا کہ بھارتی شہری شدت جذبات سے رو ہی پڑے ۔ اب مجھے یقین ہے کہ بھارتی شہری کپتان آفریدی کے اس بیان کے بعد پاک بھارت میچ میں بھارت کی بجائے آفریدی الیون کی سپورٹ کریں گے وہ پاکستانی پرچم لے کر کلکتہ کے ایڈن گارڈن میں آئیں گے ۔۔ پاکستانی کھلاڑیوں کے چوکوں چھکوں پر وہ تالیاں بجائیں گے لیکن جب دھونی ، یووراج اور ہر وقت غصے میں رہنے والے ویرات کوہلی کے چوکے چھکے انہیں برے محسوس ہوں گے ۔ خدانخواستہ بھارت کے جیتنے کا خدشہ ہوا تو تمام تماشائی میچ رکوا دیں گے ، گراؤنڈ میں آگ جلائیں گے ، بھارتی کھلاڑیوں کو بوتلیں اور ٹماٹر ماریں گے ۔

ایسا سوچ کر دل میں خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے کہ انوشکا شرما میچ سے قبل اپنے عاشق ویرات کوہلی سے کہے گی، ڈارلنگ آج اگر تم نے اچھا پرفارم کیا تو میں تم سے ناراض ہو جاؤں گی اور تمہارے ہاتھ پر راکھی باندھ چھوڑوں گی ۔

امیتابھ بچن ، سنی دیول ، انوپم کھیر علی الصبح گنگا کنارے کھڑے ہوکر پاکستان کی فتح کے لیے پوجا کریں گے۔

بی جے پی اور شیو سینا کے لیڈرز گھر گھر جا کر پاکستانی پرچم تقسیم کریں گے تاکہ لوگ وہ پرچم تھام کر ایڈن گارڈن میں ” ہم ہوں گے کامیاب ، ہم ہوں گے کامیاب ، ایک دن ” گاتے ہوئے داخل ہوں گے۔

پاکستانی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے ماتھے پر ایشوریہ رائے ، کترینہ کیف ، پرینیتی چوپڑہ ، کرینہ کپور ، پریتی زنٹا سمیت تمام اداکارائیں اپنے ہاتھوں سے تلک لگائیں گی تاکہ ناکام ہونے کا کوئی امکان ہی نہ رہے۔

پاکستان ٹیم کی سیکورٹی بال ٹھاکرے کے فرزند کے ہاتھ میں ہوگی ۔۔۔ بھارتی خفیہ ایجنسی را ۔۔ اپنے تمام اہلکاروں کو ہدایت دے گی کہ آفریدی مخالف کوئی بھی شخص پورے بھارت میں نظر نہ آئے سب کو جیل میں بند کرا دیا جائے۔

صدقے جاؤں اس سوچ پر ، قربان جاؤں اپنے آفریدی صاحب کے ، جناب ایسا آپ نے یہی سوچ کر کہا ہوگا کیونکہ محسن حسن خان کو بھی بہت زیادہ پیار ملا تھا بھارت میں ، رینا رائے کی صورت میں ، رینا رائے اور محسن حسن خان کی بیٹی جنت آج جب عمران ہاشمی کے ساتھ سین کرتی ہے تو محسن حسن کو اس پیار کی یاد آتی ہوگی۔

عمران خان کے پیچھے بھی زینت امان، ریکھا اور پروین بابی بھرا کرتی تھیں۔

شاہد آفریدی نے تو بڑی آسانی سے جنگ لڑے بغیر ہی بھارت کو فتح کرلیا ۔۔۔ ایسا ہونا چاہیئے سپہ سالار۔

اتنے پیار سے اپنے آفریدی بھائی نے بھارتی محبت کے حوالہ سے کہا ، اتنا پیار بھارت آکر ملا جو پاکستان میں بھی کبھی نہیں ملا ، بے وقوف ہے میرا ایک دوست جو کہنے لگا بھارت سے پیار زیادہ اس لیے ملتا ہے کہ آپ کے کھیل سے محسوس بھی یہی ہوتا ہے کہ آپ بھارتی ٹیم سے ہی کھیل رہے ہوتے ہیں ، پاگل ہیں وہ لوگ جنہوں نے فیس بک پر پہلے اپنی پروفائل پکچر پر پاکستانی ٹیم سے محبت کا اظہار کیا تھا ، آفریدی کے بیان کے بعد اسے تبدیل کردیا ہے اور اب سری لنکا کی ڈی پی لگا لی۔

کیسے نالائق لوگ ہیں یہ سب ۔

شاہد آفریدی صاحب آپ ڈٹے رہیں ، جب تک آپ کی فیملی کہتی ہے آپ ٹیم کے کپتان بھی رہیں اور ایسا ہی کھیلتے رہیں باقی بیس کروڑ لوگ جو بھی کہیں اس کی پرواہ نہ کریں ۔۔ آپ کو تو ایک ارب بیس کروڑ لوگ سپورٹ کر رہے ہیں۔

"شاباش بوائے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ شاباش”

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے