ایس ایم ایچ ایونٹس اینڈ مینیجمنٹ کی جانب سے برطانیہ میں پاکستانی فیشن اور ٹیکسٹائل کو فروغ دینے کے لیے ۳۰ جولائی کو لندن کے علاقے چیلسی میں پاکستان فیشن اینڈ ٹیکسٹائل ایگزیبیشن اور فیشن شو کا انعقاد کیا گیا۔
اس فیشن شو اور نمائش کی اہم بات یہ تھی کی اس کے منتظم اعلیٰ پاکستان کے سب سے کم عمر بزنس مین سیخ محمد ہمایوں تھے جن کی عمر ابھی صرف سولہ سال ہے۔ شیخ محمد نے اپنی برانڈ ایس ایم ایچ کا کلیکشن بھی ریمپ پر پیش کیا۔
ریڈ کارپٹ پر پاکستانی ہائی کمیشن کے کونسلر برائے تجارت اور دیگر شریک اشرافیہ نے خاص طور پر کم عمر شیخ محمد کی کاوشوں کو سراہا جو یوتھ فیشھ کے انقلابی نظریے کے ساتھ میدان میں اترے ہیں، جس کا مقصد دنیا بھر میں فیشن کےشعبے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی مدد کرنا ہے۔
اس فیشن شو میں پاکستانی اور بین الاقوامی ڈیزائنرز اور ماڈلز کو متعارف کروایا گیا جن میں ایس ایم ایچ، ریکا اوروز، مشرکی برانڈز اور لندن کی مشہور ماڈل ماریسا کول مین شامل تھے۔
تقریب میں بڑی تعداد میں میڈیا اور سفارتی مشن کے افراد نے شرکت کی۔