ڈڈیال: کاشتکاروں کے لئے ایک روزہ تربیتی ورک شاپ

ڈڈیال: دفتر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت تحصیل ڈڈیال میں ترقی پسند کاشتکاران کے لئے سرمائی سبزیات کی کاشت کے موضوع پرایک روزہ تربیت کا انعقادکیاگیا۔ تربیت کا اہتمام ایکسٹینشن سروسز منیجمنٹ اکیڈمی گڑھی دوپٹہ کی طرف سے کیاگیاجس میں چوہدری عبدالعزیز ڈائریکٹر ایکسٹینشن سروسز منیجمنٹ اکیڈمی گڑھی دوپٹہ، چوہدری شبیر احمد طاہر نائب ناظم زراعت توسیع ضلع میرپور، محمد شفقت زراعت آفیسر سرکل چکسواری اور تحصیل ڈڈیال بھر کے ترقی پسند کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

چوہدری شبیر احمد طاہر نائب ناطم زراعت توسیع ضلع میرپور نے کاشتکاروں کو خوش آمدید کہا اور کسان بھائیوں کا تربیتی ورکشاپ میں شرکت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اورکسانوں سے کہا کہ ورکشاپ کے دوران اپنے مسائل بھی زیر بحث لائیں ا ور جو کچھ تربیتی ورکشاپ میں سیکھیں اس کو عملی زندگی میں نافذ کریں تاکہ ان کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہوسکے۔چوہدری عبدالعزیزڈائریکٹر ایکسٹینشن سروسز منیجمنٹ اکیڈمی گڑھی دوپٹہ نے تربیتی ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ سیکھنے کا عمل تمام عمر جاری رہتا ہے۔انہوں نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے کہ پیدائش سے لے کر قبر تک علم حاصل کرو۔

انہوں نے کاشتکار بھائیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے زراعت کتابوں میں پڑھی ہے آپ لوگ عملی طورپر کھیتوں میں زراعت کرتے ہیں اس لئے جو باتیں آپ کے علم میں ہیں ہم آپ سے سیکھیں گے اور جو باتیں ہمارے علم میں ہیں وہ ہم آپ کو بتائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے محکمہ زراعت کے آفیسران کو آپ کے ساتھ بٹھا دیا ہے کاشتکار بھائی اور محکمہ کے آفیسران مل جل کر مشاورت کے ذریعے اپنے مسائل کے حل کے لئے منصوبہ بندی کریں اور تجاوریز کا تبادلہ کریں تاکہ کاشتکاروں کے مسائل حل ہو سکیں اوران کی آمدن میں اضافہ ہوسکے۔

محمد شفقت زراعت آفیسر چکسواری نے شرکاء تربیت کو سبزیات کی اہمیت و ضرورت سبزیات کی کاشت کے لئے زمین کی تیاری، دوران تیاری استعمال ہونے والی کھادوں، موسم سرما میں کاشت ہونے والی مختلف سبزیات کی کاشت کا طریقہ کار، شرح بیج، وقت کاشت، نلائی، چھدرائی ، گوڈی، کیڑوں اور بیماریوں کے مسائل اور ان کا تدارک، برداشت، اوسط پیداوار اور پیداوار کی مارکیٹنگ کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کیں۔تربیت کے دوران کاشتکار بھائیوں کو اپنے مسائل بیان کرنے کا بھرپور موقع دیاگیا جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شرکاء تربیت نے اپنے مسائل بیان کئے جو کہ محکمہ کے آفیسران نے پوری توجہ سے سنے اور ان مسائل کے ممکنہ حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔تربیت کے دوران شرکاء کی چائے اور کھانے سے تواضع کی گئی اور کاشتکار بھائیوں میں سرمائی سبزیات کے بیج بلا معاوضہ تقسیم کئے گئے۔کاشتکار بھائیوں نے محکمہ کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیوں سے کاشتکاروں کو جدید زراعت سے استفادہ کرنے کا بھرپور موقع میسر آتا ہے اور ضلعی و مرکزی آفیسران کے ساتھ ملاقات کا موقع ملتا ہے ۔ظفر اقبال اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ڈڈیال نے تربیت کے اختتام پر تمام شرکاء تربیت کا شکریہ ادا کیا اورڈائریکٹر ایکسٹینشن سروسز منیجمنٹ اکیڈمی گڑھی دوپٹہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیوں کے انعقاد سے ہی زراعت کی ترقی ممکن ہے

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے