حکومت اور پیپلز پارٹی نے اپوزیشن جماعتوں سے الگ الگ رابطے شروع کردیے۔
حکومت اور پیپلز پارٹی اپوزیشن اتحاد میں شامل جماعتوں سے رابطے تیز کردیے ہیں اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو اپنے چیمبر میں مدعو کیا ہے۔
اسپیکر سے ملاقات سے قبل پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ اجلاس میں عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے سے متعلق عدالتی فیصلے پر من و عن عملدرآمد کا مطالبہ کیا جائے گا۔
سابق سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ اللہ کرے یہ سیاسی عمل کسی اچھائی کا پیش خیمہ ہو، تاہم اس وقت معاملہ صحت کا ہے اور اسی پر توجہ مرکوز ہے۔
دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز وفد کے ہمراہ اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجا ناصر عباس سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا کے مطابق پیپلز پارٹی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور اپوزیشن سے رابطے بحال کرنے کی درخواست کی ہے۔
اپوزیشن اتحاد کے اعلامیے کے مطابق بلاول بھٹو نے پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی کی درخواست کی، جس پر انہیں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد اس حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پارلیمانی جماعتوں کے درمیان رابطے معمول کا حصہ ہیں۔